مکہ دفاعی معاہدے پر اعلیٰ سطح مذاکرات سے قبل اسلام آباد میں سکیورٹی سخت

اسلام آباد پولیس نے جمعرات کو کہا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے مذاکرات کی تیاریوں کے سلسلے میں غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے باعث شہر میں ٹریفک کی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بعض سروسز بھی جزوی طور پر معطل رہیں گی۔

پاکستان سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ سہ فریقی دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

پاکستانی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بدھ کو انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا اجلاس 27 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔

اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اس کمیٹی کے تحت تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور افواج کی اعلیٰ قیادت اس اجلاس میں شرکت کرے گی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے رواں برس اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت تینوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان میں سے کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

اس سے قبل ستمبر 2025 میں سعودی عرب اور پاکستان نے باہمی دفاعی معاہدے کا اعلان کیا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ اجلاس کے حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے 20 نومبر کو اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا تھا کہ ’یہ اجلاس معاہدے کے تحت پیش رفت کا جائزہ لینے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا کیونکہ یہ ابھی ارتقائی مراحل میں ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہو گی۔‘

مجوزہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات بڑھے ہوئے ہیں اور اسلام آباد، ریاض اور انقرہ دفاعی تعاون کو گہرا کرنے اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی انتظامات وضع کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے ایک ٹریفک ایڈوائزری میں کہا کہ ’وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے۔‘

جمعرات کی شام 6 بجے سے ہفتے کی صبح 12 بج کر 30 منٹ تک موٹروے اور گرینڈ ٹرنک روڈ کے ذریعے بھاری گاڑیوں کا اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں داخلہ بند رہے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کی رات 10 بجے سے ہفتے کی صبح 12 بج کر 30 منٹ تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروسز بھی سیونتھ ایونیو سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک معطل رہیں گی۔

جبکہ جمعہ کے روز صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک مارگلہ ہلز کے ٹریل نمبر 3 اور 5 بھی بند رہیں گے۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پابندیوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھر سے نکلنے سے قبل سرکاری ذرائع سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *