مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ایک نظام کو دنیا کی بعض اہم ترین ویب سائٹس پر حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق آرٹیکس کے نام سے معروف یہ اے آئی ٹول نسبتاً کم تجربہ رکھنے والے ہیکرز کو بھی ویب سائٹس اور آن لائن سروسز کی کمزوریاں تلاش کرنے اور ان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے میں مدد دیتا ہے۔
اس ٹول کو حال ہی میں امریکہ کے مرکزی خفیہ ادارے سی آئی اے پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ اسے بینکوں اور دیگر اہم اداروں پر سائبر حملوں سے بھی جوڑا گیا ہے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اسے خفیہ معلومات تلاش کرنے، سپلائی چین میں خلل ڈالنے اور انٹرنیٹ سے منسلک نظاموں کو سکین کرنے کے لیے بھی استعمال کیا گیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان کا کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ ٹول انٹرنیٹ پر تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کے باعث مزید حملوں کا خدشہ ہے۔
آرٹیکس پہلی بار رواں سال جولائی میں منظر عام پر آیا، جب آٹم 27 نامی ایک صارف نے چینی زبان کے انٹرفیس کے ساتھ یہ ٹول سافٹ ویئر ڈویلپرز کے پلیٹ فارم گِٹ ہب پر اپ لوڈ کیا، بعد ازاں اسے وہاں سے ہٹا دیا گیا، تاہم اس کے بعد یہ زیادہ وسیع پیمانے پر دستیاب ہو گیا۔
سائبر سکیورٹی کمپنی انفرا واچ کے مطابق اب اس سافٹ ویئر کے 130 سے زیادہ مختلف ورژن دستیاب ہیں۔
یہ ’خودکار جارحانہ نظاموں‘ (اے او ایف) کہلانے والے ٹولز میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔ یہ ٹولز سائبر حملوں کو نسبتاً آسان بنا دیتے ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے پہلے نظاموں کی کمزوریاں تلاش کی جاتی ہیں اور پھر ان سے فائدہ اٹھا کر متعلقہ سروسز کو ہیک کیا جا سکتا ہے۔
اے او ایف کے نام میں ’خودکار‘ سے مراد یہ ہے کہ یہ ٹولز بہت کم یا بالکل انسانی مداخلت کے بغیر خود ہی زیادہ تر کام انجام دے سکتے ہیں۔ یہ کسی نظام میں داخل ہونے کے مختلف راستے تلاش کرنے اور مصنوعی ذہانت کے مختلف ایجنٹس کی مدد سے ان کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جب کوئی حملہ آور آرٹیکس استعمال کرتا ہے تو وہ اسے اپنے اہداف اور نشانہ بنائی جانے والی ویب سائٹس یا نظاموں کے بارے میں بتاتا ہے۔
اس کے بعد یہ ٹول ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے والے مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس کو یکجا کرتا ہے، جو اپنے مقاصد طے کرتے، انہیں حاصل کرنے کے لیے اقدامات کی منصوبہ بندی کرتے اور پھر خود ہی اہداف پر حملہ کرتے ہیں۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد یہ ایجنٹس نتائج سے متعلق معلومات اپنے صارف کو فراہم کرتے ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ یہ ٹول بہت تیزی سے کام کر سکتا ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق اس کی ترتیب اور کسی کمپنی کے حفاظتی انتظامات پر منحصر ہے کہ یہ کسی نظام کی جانچ سے لے کر اس کے دفاعی حصار کو توڑنے اور کمپنی کے اندرونی نظام تک رسائی حاصل کرنے کا کام ’چند منٹوں میں‘ کر سکتا ہے۔
آرٹیکس کی اہم خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ کسی ایک مخصوص بڑے لسانی ماڈل کا پابند نہیں۔ اس کے ایجنٹس تقریباً کسی بھی نظام کے ذریعے کام کر سکتے ہیں، جن میں جدید ترین ماڈلز اور عوامی طور پر دستیاب ماڈلز بھی شامل ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کا مطلب ہے کہ حملہ آور ایسے ماڈلز کا استعمال بھی کر سکتے ہیں جن سے حفاظتی پابندیاں ہٹا دی گئی ہوں۔ اس کے علاوہ یہ ٹول کام کے دوران مختلف ماڈلز کے درمیان تبدیلی بھی کر سکتا ہے، جس سے اسے متعدد ماڈلز میں موجود حفاظتی پابندیوں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
آرٹیکس نظاموں پر حملے کے نئے طریقے تلاش نہیں کرتا، بلکہ پہلے سے رائج طریقوں کو یکجا کر کے صارفین کو ان کے ذریعے تیزی اور مؤثر انداز میں حملے کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اسی لیے سائبر سکیورٹی کے ماہرین کے مطابق آرٹیکس کے حوالے سے اصل تشویش حملوں کی نوعیت نہیں بلکہ ان کا بڑے پیمانے پر ہونا اور اس ٹول کی غیر معمولی صلاحیت ہے۔
سائبر سکیورٹی کمپنی سینٹینل ون سے وابستہ اور امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے سابق سائبر اسپیشل ایجنٹ اور سی آئی اے کے سابق آپریشنز افسر شان ولیمز نے کہا: ’یہاں اہم بات یہ نہیں کہ سائبر حملہ آور آرٹیکس استعمال کر رہے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ آرٹیکس جیسے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ٹولز کی وسیع پیمانے پر دستیابی نے حملہ آوروں کے لیے انٹرنیٹ سے منسلک آلات کی کمزوریاں پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی، مؤثر طریقے سے، کم خرچ اور کم مہارت کے ساتھ تلاش کرنا اور ان سے فائدہ اٹھانا ممکن بنا دیا ہے۔‘
چونکہ آرٹیکس پہلے سے موجود ہیکنگ طریقوں کے ذخیرے پر انحصار کرتا ہے، اس لیے کمپنیوں کے لیے اس کی شناخت کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا طرزِ عمل دیگر اقسام کے سائبر حملوں جیسا دکھائی دے سکتا ہے۔
اکثر اس کی شناخت صرف اس کے کام کرنے کے انداز سے ممکن ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر آرٹیکس کے حملے کا نشانہ بننے والے کسی نظام کو بہت کم وقت میں بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔
