اسلام آباد میں بدھ کو ہونے والی قومی کانفرنس میں مقررین نے عوام کے جاننے کے حق کے احترام، صحافیوں کے تحفظ کے لیے مضبوط اقدامات اور خواتین صحافیوں کو آن لائن اور آف لائن ہراسانی سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کا مطالبہ کیا۔
یورپی یونین کے تین رکن ممالک کے سفیروں نے بھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں آزاد میڈیا اور صحافیوں کی سلامتی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
’آزادی اظہار کا مستقبل: ٹیکنالوجی، تحفظ اور جواب دہی‘ کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس میں پالیسی سازوں، سرکاری اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی اور جامعات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
اس کا انعقاد ایسے وقت میں ہوا ہے جب الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا) کے تحت سنسرشپ کے خدشات بڑھ رہے ہیں اور صحافیوں و میڈیا اداروں کو سلامتی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اقبال خٹک نے کہا کہ کسی معاشرے کو اس بات سے نہیں پرکھنا چاہیے کہ وہ اقتدار میں موجود لوگوں سے اتفاق کرنے والوں کو کتنی آزادی دیتا ہے، بلکہ اس سے کہ اختلاف کرنے والوں کے بولنے کے حق کا کتنا تحفظ کرتا ہے۔
جرمن سفیر اینا لیپل نے آزادی اظہار کو بنیادی انسانی حق اور جمہوری معاشروں کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے خواتین صحافیوں کو درپیش خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور آزادانہ طور پر اظہار کا موقع ملے بغیر آزادی اظہار حقیقی معنوں میں ممکن نہیں۔
خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر نے صنفی بنیاد پر تشدد اور آزادی اظہار کے باہمی تعلق پر بھی توجہ دلائی۔
فرانس کے سفیر ژاں نوئل پوئریے نے کہا کہ آزادی اظہار اور صحافت کی آزادی محض نظریات نہیں بلکہ ہر مضبوط معاشرے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے آزاد صحافت کی حمایت، غلط معلومات کے پھیلاؤ کا مقابلہ، بڑی ڈیجیٹل کمپنیوں کو جواب دہ بنانا اور مصنوعی ذہانت کو صحافت کے لیے مفید بنانے کو فرانس اور اس کے یورپی شراکت داروں کی ترجیحات قرار دیا۔
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ غلط معلومات کا مقابلہ سنسرشپ سے نہیں بلکہ قابلِ اعتماد اور تصدیق شدہ حقائق سے کیا جا سکتا ہے۔
نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے صحافیوں کے خلاف جرائم میں سزا سے بچ نکلنے کے مستقل رجحان پر تشویش ظاہر کی۔
ان کے مطابق دنیا بھر میں صحافیوں کے قتل کے تقریباً ہر دس میں سے نو واقعات حل طلب رہ جاتے ہیں، جو ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ جواب دہی کے بغیر صحافیوں کا دیرپا تحفظ ممکن نہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کانفرنس میں ڈیجیٹل دور میں آزادی اظہار کے تحفظ، صنف، ٹیکنالوجی اور صحافیوں کی سلامتی، اور قانونی و انسانی حقوق کے طریقہ کار کے ذریعے سزا سے بچ نکلنے کے رجحان سے نمٹنے پر پینل مباحثے ہوئے۔
میڈیا کی معیشت اور صحافت کے مستقبل میں ٹیکنالوجی کے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔
شرکا نے نیوز رومز میں صحافیوں کی سلامتی سے متعلق تربیت کو مستقل حصہ بنانے، قانونی خطرات سے آگاہی بڑھانے اور ڈیجیٹل ماحول میں محفوظ طریقے سے کام کرنے کی صلاحیتیں پیدا کرنے کی سفارش کی۔
انہوں نے میڈیا اداروں کو آمدن کے ذرائع متنوع بنانے، سبسکرپشن ماڈل اپنانے اور سرکاری اشتہارات پر انحصار کم کرنے کا بھی مشورہ دیا۔
مصنوعی ذہانت کے ذریعے پھیلنے والی غلط معلومات کے تناظر میں شرکا نے انسانی نگرانی کی متعدد سطحوں، سخت اداراتی تصدیق اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کو شک کی نظر سے دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
خواتین صحافیوں کے تحفظ کے لیے شرکا نے باہمی تعاون کے نیٹ ورک قائم کرنے اور ہراسانی یا دیگر خطرات کی شکایات درج کرانے اور ان کے ازالے کے لیے ایک مشترکہ نظام بنانے کی سفارش کی۔ انہوں نے وفاقی اور سندھ کمیشن برائے تحفظِ صحافیوں کی ادارہ جاتی اور عملی خودمختاری مضبوط بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر پالیسی سازوں، سرکاری اداروں، میڈیا تنظیموں اور سول سوسائٹی کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ پاکستان میں آزادی اظہار کا تحفظ ہو اور میڈیا کے لیے زیادہ محفوظ، جواب دہ اور معاشی طور پر پائیدار ماحول بنایا جا سکے۔
