کراچی کے علاقے بلوچ کالونی (بلاک 4) کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں بدھ کو ایک زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت منہدم ہونے سے تین افراد جان سے گئے اور متعدد زخمی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ملبے تلے پھنسے ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا تا ابھی تک جاری ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
ریسکیو 1122 (سندھ) کے مطابق کراچی کے علاقے بلوچ کالونی (بلاک 4) کے قریب ایڈمن سوسائٹی، قبا مسجد کے نزدیک ایک زیرِ تعمیر کثیر المنزلہ عمارت گرنے کے بعد امدادی ٹیموں نے ملبے تلے سے تین لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کر دیا۔
ابتدائی امدادی رپورٹس میں زخمیوں کی تعداد پہلے سات اور پھر نو بتائی گئی تھی، تاہم ریسکیو 1122 کے ترجمان نے مجموعی طور پر 14 زخمیوں اور تین اموات کی اطلاع دی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 (سندھ) کے مطابق ہسپتال منتقل کیے گئے 14 زخمیوں میں نادر حسین ولد علی نواز (عمر 39 سال)، احمد ولد ظفر (عمر 17 سال، وارڈ نمبر 16 میں داخل)، لال خان ولد شوکت علی (عمر 35 سال)، عزیز الحق ولد حبیب الرحمان (عمر 22 سال)، روح اللہ ولد محمود جان (عمر 22 سال)، نوید ولد مشاقت خان (عمر 24 سال)، واصل خان ولد خان محمد (عمر 25 سال)، بلال ولد روح اللہ (عمر 25 سال)، ایک نامعلوم شخص (عمر 25 سال)، عطاء اللہ ولد تاج بار خان (عمر 26 سال)، عزیز الحق ولد نبی داد (عمر 20 سال)، وقار خان (عمر 22 سال)، ایم احسن ولد ایم اکرم (عمر 22 سال) اور ایم مکی ولد اللہ دتہ (عمر 35 سال) شامل ہیں۔
ادھر ایدھی ذرائع کی فہرست کے مطابق جان سے جانے والوں میں 22 سالہ محمد نوید ولد عزیز خان اور 23 سالہ فرحان ولد عزیز شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 (سندھ) کے ترجمان نے امدادی سرگرمیوں کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن تاحال مکمل نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا، ’ملبے تلے دبے مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری ہے۔‘
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے اس عمارت کو مسمار کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم عدالتی حکمِ امتناع (سٹے آرڈر) کے باعث کارروائی نہ ہو سکی۔
انہوں نے اس تعمیر کے پیچھے سیاسی اثر و رسوخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ معاملہ وزیرِ اعلیٰ سندھ اور وزیرِ بلدیات کے ساتھ اٹھائیں گے۔
میئر کراچی نے کہا، ’اگر حکمِ امتناع نہ ہوتا تو یہ عمارت مسمار کر دی جاتی۔ پورشن مافیا اور بدعنوان عناصر نے اس شہر کو بہت نقصان پہنچایا ہے، مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کے لیے سخت کارروائی ہونی چاہیے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور قریبی عمارتوں کی حفاظت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کے بیان کے مطابق انہوں نے قریبی ہسپتالوں کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا، جبکہ ایس بی سی اے کو عمارت کے منظور شدہ نقشوں، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کی جانچ کر کے ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت بھی کی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا، ’شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی کو انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے بیان کے مطابق صدر زرداری نے عمارت گرنے کی وجوہات، تعمیراتی معیار اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کا جامع جائزہ لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کراچی کی بلوچ کالونی میں عمارت منہدم ہونے کے واقعے پر افسوس، سندھ حکومت کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت۔ صدرِ مملکت کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے جامع تحقیقات کرانے اور ذمہ داری کا تعین کرنے کی ہدایت۔ عمارت کے انہدام کے واقعے کی تحقیقات میں تعمیراتی معیار، عمارت کے نقشے اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کا جائزہ لیا جائے، صدر زرداری کسی بھی غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے، صدرِ مملکت کی سندھ حکومت کو ہدایت صدرِ مملکت کی ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور ریسکیو آپریشن میں تیزی لانے کی ہدایت۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، صدر آصف علی زرداری کی متعلقہ حکام کو ہدایت صدرِ مملکت کی حادثے کے مقام اور اطراف کی عمارتوں کا حفاظتی جائزہ لینے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت۔ عمارتوں کی تعمیر اور حفاظت کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں، صدرِ مملکت شہریوں کی جان و سلامتی اولین ترجیح ہے، عمارتوں کے حفاظتی معیارات اور انتظامی نگرانی کو یقینی بنایا جائے، صدر زرداری
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 25, 2026
انہوں نے امدادی کام تیز کرنے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ملحقہ عمارتوں کے حفاظتی معائنے کا حکم بھی دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا، ’عمارتوں کی تعمیر اور حفاظت کے حوالے سے متعلقہ اداروں کے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘
