موسم خزاں کی آمد کے ساتھ ہی انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں زعفران کے کھیت جامنی رنگ کے پھولوں سے سجنے لگتے ہیں۔
دنیا کے مہنگے ترین مصالحوں میں شمار ہونے والے کشمیری زعفران کی فصل کا موسم کسانوں کے لیے امیدوں، محنت اور مصروفیات کا پیغام لے کر آتا ہے۔
لیکن ان خوبصورت پھولوں اور ان سے حاصل ہونے والے قیمتی زعفران کے پیچھے کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کی محنت اکثر لوگوں کی نظروں سے اوجھل رہتی ہے۔ مقامی طور پر انہیں شکدار کہتے ہیں اور یہ لوگ فصل کے موسم میں رات بھر جاگ کر زعفران کے کھیتوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
دنیا بھر میں کشمیر کا زعفران اپنی خوشبو، رنگ اور معیار کے لیے پہچانا جاتا ہے۔ اس کی کاشت، کٹائی اور تیاری کے مختلف مراحل پر کسانوں کی محنت اور مہارت نمایاں رہتی ہے۔
تاہم، اس پوری کاشت کاری کے دوران ایک اہم ذمہ داری ان لوگوں کے حصے میں آتی ہے جو رات کے اندھیرے میں کھیتوں کی نگرانی کرتے ہیں تاکہ کسانوں کی مہینوں کی محنت چوری یا کسی دوسرے نقصان سے محفوظ رہ سکے۔
شکدار زعفران کی فصل کے دوران تقریباً ایک ماہ تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔
جب شام ڈھلتی ہے اور کھیتوں میں کسانوں کی سرگرمیاں ختم ہونے لگتی ہیں، تو ان کی ڈیوٹی شروع ہو جاتی ہے۔ ہاتھوں میں ٹارچ لیے، سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑے پہنے اور محتاط نگاہوں کے ساتھ یہ لوگ رات بھر کھیتوں کے درمیان گشت کرتے رہتے ہیں۔
ان کا کام بظاہر سادہ دکھائی دیتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ جسمانی مشقت، صبر اور مسلسل چوکنا رہنے کا تقاضا کرتا ہے۔
کھیتوں کے درمیان ایک سے دوسرے راستے تک مسلسل چلنا اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر نظر رکھنا ان کے روزمرہ کام کا حصہ ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
زعفران کے پھول انتہائی قیمتی ہوتے ہیں اور ان کی چوری کا خدشہ کسانوں کے لیے ہمیشہ تشویش کا باعث رہتا ہے۔ خاص طور پر رات کے وقت جب کھیتوں میں لوگوں کی آمدورفت کم ہو جاتی ہے، فصل کی حفاظت ایک بڑا چیلنج بن جاتی ہے۔ ایسے میں شکداروں کی موجودگی کسانوں کو کسی حد تک اطمینان فراہم کرتی ہے۔
پانپور کے محمد امین ڈار نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زعفران کے موسم میں ان کی راتیں عام دنوں سے بالکل مختلف ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران مسلسل چوکس رہنا پڑتا ہے، کیونکہ ایک معمولی سی لاپرواہی بھی کسان کے لیے بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
’ہماری ڈیوٹی شام ہوتے ہی شروع ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد ہم پوری رات کھیتوں میں گشت کرتے ہیں۔ کبھی ایک طرف جانا پڑتا ہے تو کبھی دوسری طرف۔ سردی ہو یا بارش، ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوتی ہے۔ کسان پورا سال اس فصل کے لیے محنت کرتا ہے اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اس کی فصل محفوظ رہے۔‘
محمد امین ڈار کے مطابق، رات کے پچھلے پہر میں کام کرنا سب سے زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ اس وقت نیند اور تھکن دونوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن کھیتوں کی حفاظت کی ذمہ داری انہیں مسلسل متحرک رکھتی ہے۔
بعض اوقات رات کے وقت کسی اجنبی شخص کی موجودگی یا غیر معمولی آواز انہیں فوری طور پر چوکس کر دیتی ہے۔ ایسی صورت حال میں وہ اپنے دوسرے ساتھیوں کو اطلاع دیتے ہیں اور مل کر صورت حال کا جائزہ لیتے ہیں۔
ذوالفقار احمد ایک پی ایچ ڈی سکالر کے ساتھ ساتھ زعفران کاشت کاری کے ساتھ وابستہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فصل کا موسم ان کے لیے پورے سال کا سب سے اہم وقت ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زعفران کی کاشت میں مسلسل محنت اور توجہ درکار ہوتی ہے، اس لیے جب پھول کھلنے لگتے ہیں تو کسانوں کی پریشانی بھی بڑھ جاتی ہے۔
’ہم پورا سال زعفران کی فصل کا انتظار کرتے ہیں۔ جب پھول نکلنا شروع ہوتے ہیں تو ہماری تمام توجہ کھیتوں پر ہوتی ہے۔ ان پھولوں کو تیار کرنے میں بہت محنت لگتی ہے اور اگر رات کے وقت کوئی انہیں چوری کر لے تو ہمیں بڑا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ شکدار ہمارے لیے بہت اہم ہیں، کیونکہ ان کی موجودگی میں ہمیں یہ اطمینان رہتا ہے کہ کوئی ہمارے کھیتوں کی نگرانی کر رہا ہے۔‘
