چین نے منگل کو اپنے خلائی جہاز شینژو 24 کے عملے کا اعلان کر دیا ہے، جسے رواں ہفتے خلا میں روانہ کیا جائے گا۔ اس مشن کے ساتھ ایک پاکستانی خلاباز چین کے خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن جائیں گے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق چین کی مینڈ سپیس ایجنسی نے اعلان کیا کہ 40 سالہ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی اپنے چینی ساتھیوں 51 سالہ تانگ ہونگبو اور 39 سالہ وو یی کے ساتھ اس مشن میں حصہ لیں گے۔
ایجنسی کے مطابق خلائی جہاز بدھ کی صبح شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا جائے گا۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق، پاکستانی خلاباز مختصر مدت کے اس مشن میں سائنسی تجربات کے نگران کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔ خلا میں قیام کے دوران وہ روزمرہ امور کے علاوہ بنیادی طور پر چین اور پاکستان کے باہمی تعاون کے تحت ہونے والے تجربات کی نگرانی کریں گے۔
سی سی ٹی وی کے مطابق ان کے مشن میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور مواد کے شعبوں میں چار سائنسی منصوبوں پر کام کرنا شامل ہے۔ وہ خلا میں فوٹو سینتھیسس کرنے والے مائیکرو اجسام پر ایک تجربہ بھی کریں گے۔
سی سی ٹی وی نے بتایا کہ مختصر مدت کا مشن مکمل کرنے کے بعد وہ شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
یہ پرواز چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلی مشترکہ پرواز ہوگی، جس میں چینی اور غیر ملکی خلاباز ایک ساتھ حصہ لیں گے۔ یہ مشن فروری 2025 میں چین اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہے۔
سی سی ٹی وی کے مطابق تانگ ہونگبو کے دونوں ساتھی پہلی مرتبہ خلا میں جائیں گے، تاہم وہ خود اس سے پہلے دو خلائی مشنز میں حصہ لے چکے ہیں۔ وہ تیانگونگ خلائی سٹیشن پر تین مرتبہ جانے والے پہلے خلاباز بن جائیں گے۔
چین 2030 تک پہلی مرتبہ انسانوں کو چاند پر اتارنے کی تیاری کر رہا ہے۔ امریکہ کو خلا کے میدان میں چین کا سب سے بڑا حریف سمجھا جاتا ہے اور امریکی خلائی ادارے ناسا کا ہدف 2028 میں خلابازوں کو چاند کی سطح پر اتارنا ہے۔
