ایک بیٹا سمندر کی نذر ہو گیا۔ اس کی لاش ملی یا نہیں، یہ بھی خاندان کے لیے قیامت سے کم نہیں ہوگا۔ گھر میں ماتم ہوا، آنسو بہے، تعزیت کرنے والے آئے اور انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمہ بھی درج ہوا۔ ان لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا تھا جنہوں نے ایک خاندان کا بیٹا موت کے منہ میں دھکیل دیا تھا۔ کہانی یہیں ختم ہو جانی چاہیے تھی۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اس کہانی کا سب سے چونکا دینے والا باب تو باقی تھا۔
پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ایک سینیئر افسر نے حال ہی میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا کہ یونان کشتی حادثے میں اپنے بیٹے کھونے والے بعض خاندانوں نے انسانی سمگلروں کے خلاف درج مقدمات واپس لے لیے۔ وجہ یہ تھی کہ سمگلروں نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے دوسرے بچوں کو یورپ بھجوا دیا جائے گا۔ گویا جن لوگوں کے ہاتھوں ایک بیٹا سمندر میں ڈوب گیا، ان ہی سے دوسرے بیٹے کو بھی اسی خطرناک راستے سے یورپ پہنچانے کا وعدہ قبول کر لیا گیا۔
جون 2023 میں یونان کے ساحل کے قریب تارکین وطن سے بھری ایک کشتی ڈوبی تو دنیا نے بحیرہ روم کے بدترین انسانی سانحات میں سے ایک دیکھا۔ کشتی پر اندازاً 400 سے 425 پاکستانی سوار تھے، جن میں سے صرف 12 زندہ بچ سکے۔ اس حادثے میں پاکستان نے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ شہری کھوئے۔
سانحے کے بعد انسانی سمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن ہوا، سینکڑوں مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے اور حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ نوجوانوں کو موت کے ان راستوں پر بھیجنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا۔ لیکن تین سال سے زائد عرصے بعد پارلیمانی کمیٹی میں سامنے آنے والا انکشاف بتاتا ہے کہ یہ کاروبار محض چند لالچی ایجنٹوں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کا معاملہ نہیں۔ اس کے پیچھے ایک ایسی معاشرتی سوچ بھی ہے جس میں یورپ پہنچنا خوش حالی، کامیابی اور خاندانی وقار کی ضمانت سمجھا جانے لگا ہے۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر برائے انسداد انسانی سمگلنگ عصمت اللہ جونیجو نے کمیٹی کو بتایا کہ حادثے کے بعد بعض متاثرہ خاندانوں نے سمگلروں کے خلاف شکایات درج کرائی تھیں، لیکن بعد میں اپنی ایف آئی آر واپس لے لیں کیونکہ انہیں دوسرے بچوں کو بیرون ملک بھجوانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ آخر ایسا کیا ہے کہ ایک خاندان اپنے بیٹے کو سمندر میں کھونے کے باوجود دوسرے بیٹے کو اسی خطرناک راستے پر بھیجنے کے لیے تیار ہو جاتا ہے؟
اس کا جواب گجرات سمیت وسطی پنجاب کے ان علاقوں میں تلاش کیا جا سکتا ہے جہاں سے کئی برسوں سے نوجوان یورپ جانے کے لیے نکل رہے ہیں۔ ان علاقوں میں یورپ اب محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ خوش حالی، عزت اور سماجی مرتبے کا پیمانہ بن چکا ہے۔
یورپ جانے کا خواب سستا نہیں۔ انسانی سمگلر ایک نوجوان کو غیر قانونی راستے سے یورپ پہنچانے کے لیے 35 سے 60 لاکھ روپے (تقریباً 12,500 سے 21,500 ڈالر) تک وصول کر سکتے ہیں۔ اس رقم کا انتظام کرنے کے لیے خاندان اپنی زرعی زمینیں فروخت کرتے ہیں، برسوں کی جمع پونجی خرچ کرتے ہیں یا بھاری قرض اٹھاتے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے باوجود ان کے ذہن میں ایک منصوبہ ہوتا ہے۔ بیٹا یورپ پہنچ جائے تو پہلے قرض اتارے گا، پھر گھر والوں کی مالی مدد کرے گا اور وقت آنے پر اپنے دوسرے بھائیوں یا رشتہ داروں کو بھی بیرون ملک بلانے میں مدد دے گا۔ یوں ایک نوجوان کی نقل مکانی پورے خاندان کے بیرون ملک جانے کے منصوبے کا نقطۂ آغاز بن جاتی ہے۔
لیکن اس رجحان کو صرف غربت سے جوڑ دینا درست نہیں ہوگا۔ گجرات کے رہائشیوں اور علاقے کے حالات سے واقف افراد کے مطابق اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت میں نسبتاً کم دلچسپی بھی اسے تقویت دیتی ہے۔ جب بیرون ملک مقیم کوئی رشتہ دار مقامی ملازمت کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ کما رہا ہو تو کالج میں برسوں گزارنا یا کوئی ہنر سیکھنا نوجوانوں کو بہتر زندگی تک پہنچنے کا سست راستہ دکھائی دیتا ہے۔ بعض خاندانوں کے پاس زرعی زمین بھی ہے، لیکن اس کی آمدن بیرون ملک مقیم رشتہ داروں کی بھیجی ہوئی رقم کا مقابلہ نہیں کر پاتی۔
اس فرق کو سمجھنے کے لیے شادی بیاہ کی تقریبات ہی کافی ہیں۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے ہمارے صحافی دوست بشیر چوہدری کے مطابق پاکستان میں رہنے والا کوئی رشتہ دار شادی پر 10 ہزار روپے سلامی دے تو یہ اس کی مالی حیثیت کے لحاظ سے بڑی رقم ہو سکتی ہے، لیکن اسی خاندان کا بیرون ملک مقیم فرد چند لاکھ یا کبھی 10 لاکھ روپے تک دے سکتا ہے۔ اب ایسے ماحول میں نوجوان کس کی زندگی کو کامیابی سمجھیں گے؟ اس شخص کی جو پاکستان میں محدود آمدن میں گزارا کرتا ہے یا اس کی جس کی بیرون ملک سے بھیجی ہوئی رقم پورے خاندان کی معاشی حیثیت بدل دیتی ہے؟
یہ تقابل شادیوں تک محدود نہیں۔ بیرون ملک مقیم افراد کی مہنگی گاڑیاں، گھوڑے، اسلحہ اور بڑے بڑے مکانات بھی ان علاقوں میں کامیابی کی علامت بن چکے ہیں۔ بعض خاندان دو یا چار کنال کے پلاٹوں پر مکان تعمیر کرتے ہیں۔ ان کی خوش حالی دوسروں کے لیے مثال بن جاتی ہے اور نوجوانوں میں بھی بیرون ملک جانے کی خواہش بڑھتی ہے۔
یوں نقل مکانی محض روزگار کا فیصلہ نہیں بلکہ سماجی مقابلے کا حصہ بن جاتی ہے۔ نوجوان سوچتا ہے کہ اگر اس کا کزن یورپ پہنچ سکتا ہے تو وہ کیوں نہیں؟ اگر پڑوسی کا بیٹا خاندان کے لیے بڑا مکان بنا سکتا ہے تو وہ کب تک انتظار کرے؟ شاید اسی لیے ایک بیٹے کی موت بھی بعض خاندانوں کو اس خواب سے دستبردار نہیں کر پاتی۔
وفاقی حکام کو موصول ہونے والی شکایات بھی اس مسئلے کا ایک رخ دکھاتی ہیں۔ وزیراعظم ونگ برائے عوامی امور و شکایات کے مطابق جولائی 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران امیگریشن فراڈ اور انسانی سمگلنگ سے متعلق 144 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 104 کا تعلق پنجاب سے تھا، جبکہ سندھ اور بلوچستان سے مجموعی طور پر صرف چھ شکایات موصول ہوئیں۔
دوسری طرف قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد بھی ویزا فراڈ کا شکار ہوتے ہیں۔ ایف آئی اے کے ایک افسر نے کمیٹی کو بتایا کہ عام طور پر لوگ شکایت اس لیے درج کراتے ہیں تاکہ ان کی رقم واپس مل جائے، نہ کہ ملزم کو سزا دلوائی جائے۔ انکوائری شروع ہونے کے بعد ملزم رقم واپس کر دیتا ہے تو شکایت کنندہ اپنا بیان تبدیل کر لیتا ہے یا مقدمے سے دستبردار ہو جاتا ہے۔
یعنی انصاف کی بجائے رقم کی واپسی ترجیح بن جاتی ہے۔ یہ ہی رویہ انسانی سمگلنگ کے مقدمات کو بھی متاثر کرتا ہے
جب متاثرہ خاندان ہی کارروائی جاری رکھنے میں دلچسپی نہ لے تو ریاست کے لیے ملزم کو سزا دلوانا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ چار برسوں میں نو ہزار سے زائد مشتبہ انسانی سمگلروں اور ٹریفکرز کو گرفتار کیا، درجنوں بین الاقوامی گروہوں کی نشاندہی کی اور 200 سے زیادہ غیر ملکی ایجنٹوں کے بارے میں معلومات جمع کیں۔ عصمت اللہ جونیجو نے یورپی یونین کی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی نسل مکانی میں 48 فیصد کمی آئی ہے اور پاکستان غیر قانونی تارکین وطن کے سرفہرست 10 ممالک کی فہرست سے باہر ہو گیا ہے۔
تاہم مقدمات کی صورت حال زیادہ حوصلہ افزا نہیں۔ وزیراعظم کے شکایات ونگ کی جانب سے ایف آئی اے کو بھیجی گئی 86 باقاعدہ شکایات میں سے 34 نمٹا دی گئی تھیں، 49 پر کارروائی جاری تھی جبکہ تین دیگر اداروں کو بھیج دی گئی تھیں۔ وزارت پارلیمانی امور نے نشاندہی کی کہ شکایات نمٹانے کے بارے میں ایف آئی اے کی بتائی گئی شرح کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ جونیجو کے مطابق انسانی سمگلنگ کے مقدمات میں ایف آئی اے کی سزا دلوانے کی شرح تقریباً 15 سے 16 فیصد ہے۔
ادھر سمگلروں نے بھی اپنے طریقے تبدیل کر لیے ہیں۔ حکام کے مطابق جو پاکستانی یورپ پہنچ جاتے ہیں، ان میں سے بعض اپنے آبائی علاقوں میں نئے لوگوں کو بھرتی کرنے والے غیر رسمی ایجنٹ بن جاتے ہیں۔ ان کے مقامی ذیلی ایجنٹ خاندانوں سے رقم وصول کرتے اور مختلف ممالک کے ذریعے سفر کا انتظام کرتے ہیں۔ بعض راستوں میں بظاہر قانونی طریقے بھی استعمال کیے جاتے ہیں، مثلاً قبرص میں زبان سیکھنے کے کورسز کے لیے سٹوڈنٹ ویزے اور اردن جیسے ممالک کے ذریعے ٹرانزٹ۔
پاکستان نے 2025 میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے ایکٹ 2018 میں ترمیم کرکے اس قانون کے تحت جرائم کو ناقابل راضی نامہ قرار دیا تھا۔ اب شکایت کنندہ اور ملزم نجی سمجھوتے سے فوجداری کارروائی ختم نہیں کر سکتے۔ لیکن کیا قانون میں ترمیم، ہزاروں گرفتاریاں اور مقدمات کا اندراج اس کاروبار کو ختم کرنے کے لیے کافی ہیں؟
جب تک بیرون ملک جانا معاشی ترقی اور سماجی کامیابی کا سب سے قابل اعتماد راستہ سمجھا جاتا رہے گا، انسانی سمگلروں کو گاہک ملتے رہیں گے۔ وہ صرف جھوٹے خواب نہیں بیچتے بلکہ ایسے معاشرے کی خواہشات سے فائدہ اٹھاتے ہیں جہاں کامیابی کا پیمانہ بیرون ملک رہائش، وہاں سے بھیجی جانے والی رقم اور بڑے گھر سے طے کیا جاتا ہے۔
ریاست کے لیے انسانی سمگلروں کو گرفتار کرنا ضروری ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ ضروری یہ سمجھنا ہے کہ ان کا کاروبار چلتا کیوں ہے۔ نوجوان اپنی جان خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار کیوں ہیں؟ خاندان لاکھوں روپے قرض لے کر اپنے بچوں کو نامعلوم راستوں پر کیوں بھیجتے ہیں؟ اور ایک بیٹے کی موت کے بعد بھی بعض والدین دوسرے بیٹے کو اسی سفر پر روانہ کرنے کا ارادہ کیوں نہیں بدلتے؟
یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی نے سینکڑوں پاکستانی خاندانوں کے خواب توڑ دیے تھے۔ لیکن بعض خاندانوں کے لیے اس سانحے نے یورپ پہنچنے کی خواہش ختم نہیں کی۔ ایک بیٹا سمندر میں ڈوب گیا، خاندان قرض میں ڈوب گیا، مگر یورپ جانے کا خواب نہیں ڈوبا۔
نعمت خان عرب نیوز پاکستان کے ساتھ منسلک سحافی ہیں۔ یہ تحریر اس سے قبل عرب نیوز پاکستان پر شائع ہوچکی ہے جو ان کی رائے پر مبنی ہے ادارے کا متفق ہونا صروری نہیں۔
