نئے قوانین، سخت نگرانی، پھر بھی پنجاب کے تھیٹر ویران کیوں ہیں؟

پنجاب میں سٹیج ڈراموں اور تھیٹروں سے متعلق مجوزہ قانون ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 پنجاب اسمبلی نے گذشتہ ہفتے پاس کیا ہے۔

حکومت کے مطابق نئے قانون کا مقصد 1876 کے پرانے قانون کی جگہ نیا نظام لانا اور تھیٹروں سے فحاشی ختم کر کے انہیں فیملی تھیٹر میں تبدیل کرنا ہے۔

لیکن تھیٹر فنکاروں کا سوال ہے کہ حکومت کی نئی نئی قانون سازیوں کے باوجود سٹیج اور تھیٹر بحالی کی طرف کیوں نہیں جا رہے؟

لاہور کے معروف محفل تھیٹر میں جاری سٹیج ڈرامے کی مرکزی اداکارہ اور ڈانسر آفرین خان جمعے کی رات گئے میک اپ روم میں پرفارمنس کے لیے ایک گھنٹہ تیاری کرتی رہیں۔

لیکن تماشائیوں کی زیادہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے شو منسوخ کر دیا گیا اور تمام اداکاروں کی طرح آفرین بھی پریشان دکھائی دیں۔

آفرین نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے کئی سال ہو گئے سٹیج ڈراموں میں کام کرتے ہوئے۔ پہلے سٹیج پر انتظامیہ کی شرائط کے مطابق ڈانس کرنے پر پابندی بھی عائد ہوئی جو بعد میں ختم ہو گئی۔

’حکومت اب تھیٹروں اور اداکاروں کے لیے نیا قانون لا رہی ہے۔ ہم اس کے حق میں ہیں، حالانکہ اس سے پہلے بھی 100 سے زائد قابل اعتراض شاعری والے گانے بین کیے گئے۔

تھیٹروں میں کیمرے بھی نصب ہوئے اور حکومتی ٹیموں کی مانیٹرنگ بھی شروع ہوئی۔ لہٰذا تھیٹروں میں قابل اعتراض ماحول کافی حد تک ختم ہو گیا۔‘

ان کے بقول: ’اب پھر حکومت نے نیا قانون بنایا ہے لیکن ابھی تک ایسی کوئی حکمت عملی نہیں دیکھی جس سے تھیٹر آباد ہوں اور اداکاروں اور تھیٹروں سے وابستہ افراد مالی طور پر مستحکم ہوں۔

’اگر ایسے اقدامات بہتری کے لیے کیے جا رہے ہیں تو لوگ پہلے کی طرح تھیٹروں کا رخ کیوں نہیں کر رہے؟ یہی محفل تھیٹر جہاں لوگوں کا رش لگا رہتا تھا اور 500 لوگ آتے تھے، اب مشکل سے 100 لوگ آتے ہیں۔ اب یہاں شو چلانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔‘

آفرین نے مزید کہا کہ ’یہ ٹھیک ہے کہ اداکاروں کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔ فحاشی روکنے کے لیے حکومتی محکموں کے لوگ چیکنگ کے لیے موجود ہوتے ہیں۔ کیمرے لگنے سے بھی کافی کنٹرول ہے۔

’ہمیں جو معاوضہ ملتا ہے وہ یہیں لگا کر جاتے ہیں۔ میک اپ اور کپڑوں پر اخراجات ہوتے ہیں۔ ہر ملازم یا اداکار کے ساتھ پوری فیملی ہے، وہ اخراجات کہاں سے پورے کریں؟ لیکن یہ خیال کرنا چاہیے کہ ہمارا روزگار بالکل بند نہ ہو جائے۔‘

سختی کے باوجود تھیٹر بحال کیوں نہیں ہو رہے؟

اسی ڈرامے کی ایک اداکارہ تمنا نور نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’میں اس نئے قانون کے حق میں نہیں جو پاس کیا گیا، انہوں نے اپنی طرف سے ٹھیک ہی کیا ہے۔

لیکن اس کا ہمارے اور عوام پر برا اثر پڑا ہے۔ حکومت نے اگرچہ اچھا کام کیا لیکن ہمارے لیے اور تھیٹروں کے لیے یہ بہت برا ہوا۔ بہت سی باتیں کر بھی نہیں سکتے کیونکہ بات کریں گے تو ہمارے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔‘

تمنا کے بقول: ’بیس، 25 سال سے کام کرنے والے اداکاروں نے بہت کچھ بنا لیا لیکن ہم جیسے نئے اداکاروں کا گزارا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت کے اقدامات اگر اچھے ہیں تو تھیٹر کیوں بند ہونا شروع ہو گئے ہیں؟

’آج ہفتے کا پہلا شو ہی منسوخ ہو گیا ہے۔ پہلے سادہ لوگ تھے لیکن سٹیج پر بہت کچھ ہوتا تھا۔ لیکن اب ٹک ٹاک ہے، سوشل میڈیا ہے، مگر تھیٹروں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔‘

تمنا نے مزید کہا: ’ہمارے خاندان ہیں، ہم نے ان کے اخراجات اٹھانے ہیں۔ ہم پڑھے لکھے لوگ نہیں، واحد روزگار کا ذریعہ یہی ہے۔ تھیٹر بحال ہوں تو روزگار بھی چلتا رہے۔ نئے قانون سے لگتا ہے کہ جو تھیٹر تھوڑے بہت چل رہے ہیں، وہ بھی بند ہو جائیں گے۔ کوئی کام نہیں کرے گا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں جمعرات کو تھیٹر ڈراموں سے متعلق نئے بل کے حق میں کہا کہ ’تھیٹر کو ایک چھوٹے سے مخصوص طبقے کے لیے بنا دیا گیا ہے۔ میرا کیا قصور ہے، میں تھیٹر دیکھنا چاہتی ہوں۔

’میں چاہتی ہوں اپنی فیملی کے ساتھ وہی تھیٹر دیکھوں جو سہیل احمد، وسیم عباس یا امان اللہ کیا کرتے تھے۔ آج جو تھیٹر ہو رہا ہے وہ نہیں دیکھ سکتے۔ کچھ دن پہلے ایک تھیٹر کی ویڈیو دیکھی جس میں ایک بچہ ڈرامہ دیکھنے آیا اور وہی فحش ڈانس کر رہا تھا جو سٹیج پر ہو رہا تھا۔ اس تھیٹر کو ہم نے سیل کیا، حالانکہ ان کا کوئی قصور نہیں تھا۔‘

ان کے بقول: ’ہم نے تمام سینیئر اداکاروں سے اس بل پر مشاورت کی ہے۔ میرا سوال ہے کہ سہیل احمد، وسیم عباس جیسے لوگ تھیٹر چھوڑ کر کیوں گئے؟ وہ تھیٹر میں واپس کیوں نہیں آنا چاہتے؟ ان سے پوچھا تو کہتے ہیں کہ جو تھیٹر میں ہو رہا ہے، ہم وہ نہیں کر سکتے اور انہیں نہیں کرنا چاہیے۔ وہ بڑے نام ہیں۔ ہمیں وہ تھیٹر بحال کرنا ہے جہاں وہ کام کر سکیں۔‘

تاہم اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص مان نے اسمبلی میں تھیٹروں سے متعلق بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ’تھیٹروں میں حکومت کے خلاف باتیں ہوتی ہیں، اس کی روک تھام کے لیے یہ قانون بنایا جا رہا ہے۔

لیکن اس قانون کے ذریعے فن اور آرٹ کو مکمل سرکاری کنٹرول میں دے دیا جائے گا۔ چاہے وہ قوالی ہو، چاہے وہ کسی قسم کا فن ہو، ڈھول بجانے والا ہو، میلا ٹھیلا چلانے والا ہو یا میک اپ آرٹسٹ، وہ سرکاری کنٹرول میں آ جائے گا۔

اسے پہلے اپنی رجسٹریشن کرانی پڑے گی۔ سالانہ فیس جمع کرانی پڑے گی۔ ایک ڈھول بجانے والے یا بھنڈ کو بھی رجسٹرڈ کرانا پڑے گا۔ دور دراز علاقوں میں اس پر کیسے عمل درآمد ممکن بنایا جائے گا؟‘

نئے قانون میں کیا ہے؟

حکومت کی جانب سے جمعرات کو پاس کرائے گئے تھیٹروں سے متعلق بل میں کہا گیا ہے کہ یہ بل 150 سال پرانے ڈرامیٹک پرفارمنسز ایکٹ 1876 کو منسوخ کر کے تھیٹر اور سٹیج پرفارمنسز کے لیے نیا قانونی ڈھانچہ قائم کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔

مجوزہ بل کے تحت تھیٹر لائسنس، ڈرامے کے سکرپٹ کی پیشگی منظوری اور فنکاروں و عملے، یعنی اداکاروں، ڈائریکٹرز اور میک اپ آرٹسٹس وغیرہ کی رجسٹریشن کی شقیں شامل ہیں۔

نئے مجوزہ قانون میں شرائط کی خلاف ورزی پر پابندیوں اور سزاؤں کی تجاویز دی گئی ہیں، جن میں غیر رجسٹرڈ فنکاروں سے پرفارمنس کرانے یا دیگر خلاف ورزیوں پر قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ شامل ہے۔

گورنر کی منظوری کے بعد یہ قانون صوبے بھر میں نافذ العمل ہو جائے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *