ایس سی او میں دو طرفہ کشیدگی کی بجائے علاقائی تعاون پر بات کی جائے: مصدق ملک

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق ملک نے ہفتے کو کہا ہے کہ  پاکستان چاہتا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں دو طرفہ کشیدگی کی بجائے علاقائی تعاون اور تنظیم کے دائرہ کار میں آنے والے معاملات پر بات چیت کی جائے۔

نئی دہلی میں پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے واضح مؤقف پر سمجھوتہ کیے بغیر نئی دہلی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ 

مصدق ملک نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستان نے اپنی آنے والی تقریبات میں انڈیا سمیت ایس سی او کے تمام رکن ممالک کو مدعو کیا ہے اور اس دعوت کو انڈیا کی جانب سے پہلے ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم کے لیے پاکستان کو دی گئی دعوت کے بعد جوابی خیرسگالی کا اظہار قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بالکل۔ جب ہم یہاں موجود ہیں اور انڈیا نے ہمیں دعوت دی ہے تو جواباً دعوت دینا ہماری ثقافت کا حصہ ہے۔ ہم شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کو دعوت کیوں نہیں دیں گے؟ ہماری دعوت بلا استثنیٰ تمام ارکان کے لیے ہے۔‘

پاکستان اس وقت 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان مملکت کونسل کی باری باری ملنے والی صدارت سنبھالے ہوئے ہے۔ تنظیم کی سربراہان مملکت کونسل کا اگلا اجلاس 2027 میں اسلام آباد میں ہونا ہے۔

مصدق ملک کی جانب سے انڈیا سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کو دعوت ایسے وقت دی گئی ہے جب پاکستان رواں صدارت کے سال کے دوران تنظیم کے پروگرام کی قیادت کر رہا ہے اور آئندہ اجلاسوں اور تقریبات کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔

 ڈاکٹر مصدق ملک جمعے کو انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے ’تہذیبی مکالمہ فورم‘ میں شرکت کر رہے ہیں۔

ان کی آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پہلگام حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی فوجی و سفارتی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی اور سندھ طاس معاہدے سمیت مختلف معاملات پر پاکستان کا مؤقف مضبوط اور بالکل واضح ہے، تاہم اگر دوسری جانب سے کوششیں مخلصانہ ہوں تو وہ بات چیت کے لیے تیار ہے۔

’ہم یہ یقینی بنانا چاہتے تھے کہ اس فورم کی روح کے مطابق ہماری بات چیت شنگھائی تعاون تنظیم سے متعلق تمام معاملات تک محدود رہے اور ہم نے یہی کیا۔

’اگر دوسری جانب سے کوششیں مخلصانہ ہوں تو ہم ان معاملات پر بات چیت کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔‘

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدہ تعلقات کے دوران اپنے دورے کی اہمیت سے متعلق سوال پر مصدق ملک نے کہا کہ بات چیت کو اتفاق رائے یا کسی بھی ملک کے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

مصدق ملک کے بقول: ’بات چیت کا مطلب یہ نہیں کہ ہم متفق ہیں۔ اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ دونوں میں سے کوئی فریق اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ متنازع معاملات پر مختلف مؤقف رکھنے کے باوجود رابطہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنا سکتا ہے۔

’بات چیت آپ کو مضبوط بناتی ہے، کمزور نہیں۔‘

وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے اپنے دورے کے بارے میں پائی جانے والی وسیع بداعتمادی اور میڈیا کی گہری نظر کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض خبروں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم کو دو طرفہ تنازعات سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نزدیک وسیع تر علاقائی فورم اور ان معاملات میں فرق رکھنا ضروری ہے جنہیں اسلام آباد اور نئی دہلی کو مناسب ذرائع سے حل کرنا ہے۔

دہشت گردی کے بارے میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان خود کو اس مسئلے کا شکار سمجھتا ہے۔ انہوں نے زیر التوا معاملات حل کرنے اور انہیں پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے شواہد سامنے لانے کے لیے ایک شفاف طریقہ کار بنانے کا مطالبہ کیا۔

فورم کے موقعے پر ہونے والی دو طرفہ ملاقاتوں کے بارے میں مصدق ملک نے کہا کہ علاقائی ممالک کے نمائندوں سے بات چیت میں جنگوں اور قدرتی آفات سے متعلق مشترکہ تشویش سامنے آئی۔

انہوں نے ایران، نیپال، آذربائیجان، کرغزستان اور تاجکستان کے نمائندوں سے ہونے والی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان ملاقاتوں میں ہمدردی اور مشترکہ مسائل پر گفتگو کی آمادگی نمایاں تھی۔

’کچھ ممالک جنگوں اور کچھ نیپال جیسی قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس لیے میرے خیال میں بہت زیادہ ہمدردی پائی گئی،‘ انہوں نے کہا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مصدق ملک نے ایران کے نمائندے سے اپنی گفتگو کو ہمدردی سے بھرپور اور نیپال کے نمائندے سے بات چیت کو ’دل دہلا دینے والی‘ قرار دیا۔ آذربائیجان کے نمائندے سے مشترکہ روابط جب کہ کرغزستان کے نمائندے سے پہاڑوں اور گلیشیئرز کے بارے میں بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ گفتگو میں مشترکہ ثقافتی روایات، امنگوں اور علاقائی شناخت کا بھی ذکر ہوا۔

’مجھے کسی خاص مخالفت یا ناگواری کا احساس نہیں ہوا اور میرے خیال میں یہ بہت خوش گوار نتیجہ تھا۔‘

مصدق ملک نے کہا کہ انہوں نے اپنا مرکزی خطاب اردو میں کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیوں کہ فورم کا موضوع تہذیب اور ثقافت تھا اور وہ اپنے خیالات اپنی زبان میں بیان کرنا چاہتے تھے۔

حضرت نظام الدین اولیا کے مزار اور شاعر مرزا غالب کے مقبرے کے قریب ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثقافتی شناخت سے متعلق اس موقع پر انگریزی میں بات کرنا عجیب محسوس ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں دل سے بات کرنا چاہتا تھا۔ یہ میری شناخت کا معاملہ تھا۔ یہ ہماری شناخت، پاکستانیوں کی شناخت اور ہماری علاقائی شناخت کا معاملہ تھا۔ 

’میرا خیال تھا کہ اگر ہمیں اپنی تہذیب اور ثقافت کے بارے میں بات کرنی ہے تو اپنی ہی آواز اور زبان میں بات کرنا ضروری ہے۔‘

انڈیا کے دورے کو خوش گوار قرار دیتے ہوئے مصدق ملک نے نئی دہلی کے طرز تعمیر اور تاریخی اہمیت، خاص طور پر برصغیر میں مغلیہ دور کے اثرات، کی تعریف کی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *