پاکستان کے 90 فیصد رقبے پر قدرت نے کوئی نہ کوئی خزانہ چھپا رکھا ہے۔ ملک میں دریافت کی جانے والی معدنیات کی تعداد 92 ہو چکی ہے، جن میں سے 52 کو نکالا جا رہا ہے۔
پاکستان کے معدنی ذخائر کا تخمینہ 8,000 ارب ڈالر ہے لیکن فی الحال ان کی پیداوار اتنی کم ہے کہ مجموعی قومی پیداوار میں ان کا حصہ صرف ڈیڑھ فیصد ہی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں دنیا کے دوسرے بڑے کوئلے کے اور ساتویں بڑے تانبے کے ذخائر موجود ہیں۔
اسی طرح ملک میں مختلف معدنیات کی 5,000 فعال کانیں موجود ہیں۔ معدنیات کے شعبے سے تین لاکھ افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ پاکستان ہمالیائی نمک کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے لیکن پھر بھی وہ اس سے خاطر خواہ پیسہ نہیں کما پا رہا۔
پاکستان میں پہلی بار کسی حکومت نے معدنیات کے شعبے کو اہمیت دی ہے اور اس شعبے کو ترقی دینے کے لیے عالمی سطح کی سرمایہ کاری کانفرنسیں کروائی جا رہی ہیں، جن میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کے پاس اس شعبے میں ایسے مواقع موجود ہیں، جن کی بنا پر وہ غربت کو دور کر سکتا ہے اور معاشی کفالت حاصل کر سکتا ہے مگر یہ منزل حاصل کرنا اتنا آسان بھی نہیں ہے۔ پاکستان کا کمزور ترقیاتی ڈھانچہ اور امن و امان کی خراب صورت حال اس سلسلے میں بڑے چیلنج ہیں۔
معدنی ذخائر کا ڈیٹا؟
ماضی میں معدنیات نکالنے کے لیے زمینی سروے کیے جاتے تھے، پھر ڈرلنگ کے ذریعے معلوم کیا جاتا تھا کہ زمین کی کتنی گہرائی تک کون کون سی معدنیات موجود ہیں۔ اب ایک نئی جدت یہ آئی ہے کہ سیٹلائٹس کے ذریعے ہی یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ کہاں کہاں کیا کیا چھپا ہے۔
جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے پاس سیٹلائٹ امیجری اور ریموٹ سینسنگ استعمال کرنے کی باقاعدہ صلاحیت موجود ہے، جس میں سیٹلائٹ کے ذریعے تصویریں بنائی جاتی ہیں جن میں چٹانوں کی ساخت کو دیکھتے ہوئے ماہرین ان کی درجہ بندی کرتے ہیں اور ایسے نقشے مرتب کرتے ہیں جن میں ہائیڈرو تھرمل تبدیلیوں اور کوارٹز کی رگوں کو جانچنے سے یہ اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ کس علاقے میں کون سی معدنیات ہو سکتی ہے۔ تاہم ان کی درست مالیت کا اندازہ زمینی سروے سے ہی کیا جا سکتا ہے۔
جیالوجیکل سروے آف پاکستان کے نومبر کے نیوز لیٹر کے مطابق وہ نہ صرف نئے نقشے مرتب کر رہا ہے بلکہ پہلے سے موجود ڈیٹا کو بھی ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے اس سال جنوری میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا تھا کہ پاکستان کے صرف 40 فیصد علاقے کی جیولوجیکل میپنگ ہوئی ہے۔ پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان میں کیا واقعی 8,000 ارب ڈالر کے معدنی ذخائر موجود ہیں؟ یہ دعویٰ کون سے ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جاتا ہے؟
ممتاز جیالوجسٹ یعقوب شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پاکستان کے پاس قابل اعتماد ڈیٹا نہیں ہے۔ ’جب بھی آپ کسی سرمایہ کار کو کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کرے تو اسے مکمل ڈیٹا دینا پڑتا ہے۔ وہاں تک ترقیاتی ڈھانچہ بھی بنانا پڑتا ہے تاکہ سرمایہ کار کمپنی کو مائننگ کی جگہ تک آسان اور محفوظ رسائی حاصل ہو۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’حالیہ ایم او یوز صرف ہمارے دعووں پر ہو رہے ہیں کہ ہمارے پاس یہ سب کچھ ہے۔ سرمایہ کار آ بھی جاتے ہیں، باہمی یاد داشتوں پر دستخط بھی ہو جاتے ہیں لیکن آگے اس لیے کچھ نہیں ہو پاتا کہ ہم اپنے حصے کا کام نہیں کر پاتے۔ یہ کانفرنسیں اسی صورت نتیجہ خیز ہوں گی جب ہمارے معدنیات سے وابستہ ادارے اپنے حصے کا کام کریں گے۔‘
ہمالیائی نمک، پیداوار پاکستان کی، منافع دوسرے کا
پاکستان ہمالیائی نمک کا دنیا میں سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔ ہمالیائی نمک کی عالمی شپمنٹ میں اس کا حصہ تقریباً 64.6 فیصد ہے۔ دنیا کے 102 ممالک پاکستان سے ہمالیائی نمک خریدتے ہیں، لیکن پاکستان اس سے صرف 2.16 ملین ڈالر حاصل کر پاتا ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے مطابق پاکستان خام نمک 15 سے 30 سینٹ فی کلو گرام برآمد کرتا ہے جبکہ بیرون ملک اس کی پراسیسنگ اور برانڈنگ کے بعد یہ ہی نمک آٹھ سے 15 ڈالر فی کلو گرام میں فروخت ہوتا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر پاکستان میں اعلیٰ معیار کی پراسیسنگ اور پیکنگ کی صلاحیت موجود ہو تو ہم صرف ویلیو ایڈیشن کے ذریعے اس آمدنی کو با آسانی ڈیڑھ ارب ڈالر تک لے جا سکتے ہیں۔
آج دنیا نمک کو صرف کھانے میں استعمال نہیں کرتی بلکہ نمک سے آرائشی مصنوعات بنائی جاتی ہیں۔ کاسمیٹکس اور جلد کی دیکھ بھال کے لیے بھی متعدد اشیا میں ہمالیائی نمک استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان اگر اس کی بہتر مارکیٹنگ کرے تو اس میں کئی ارب ڈالر کا اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
بلوچستان کے سونے اور تانبے سے فائدہ کیوں نہیں ہو رہا؟
بلوچستان میں سونے اور تانبے کے سب سے بڑے معلوم ذخائر ریکوڈک اور سیندک کے علاقوں میں ہیں۔ ریکوڈک کا شمار دنیا کے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں ہوتا ہے، جن کی مالیت اربوں ڈالر ہو سکتی ہے۔ ریکوڈک کے کچھ حصے میں بیرک گولڈ نے ابتدائی طور پر 8.83 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا۔ جہاں سے پیداواری صلاحیت کا آغاز 2028 تک ہو جانا تھا مگر اب اس ہدف کو 2030 تک مؤخر کیا جا رہا ہے۔
ریکوڈک بلوچستان کے علاقے چاغی میں واقع ہے جہاں سکیورٹی کی صورت حال تسلی بخش نہیں جس کی بنیاد پر ریکوڈک کی ویب سائٹ پر جو بیان دیا گیا ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ ’وہ اب بھی ریکوڈک منصوبے کی طویل المدتی معاشی اہمیت اور افادیت پر یقین رکھتی ہے، تاہم جائزے کے ابتدائی نتائج اور پاکستان سمیت خطے میں سکیورٹی کی صورت حال مزید خراب ہونے کے بعد کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار کم کر دی جائے اور اس کا جائزہ 2027 کے وسط تک جاری رکھا جائے۔
کمپنی کے مطابق اس توسیعی جائزے کے دوران بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال، سرمایہ کاری کی ضروریات، منصوبے کی مالی معاونت، اس کے دائرہ کار اور تکمیل کے ممکنہ وقت کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔ ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار کم ہونے کے باوجود منصوبہ کمپنی کی فعال نگرانی اور انتظام میں رہے گا، تاہم اس پر سرمایہ خرچ کرنے کی رفتار کم کر دی جائے گی۔‘
سیندک میں پاکستان کی سرکاری کمپنی اور چین کی ایک کمپنی حصے دار ہیں، جن کی لیز کو 2022 میں مزید 15 سال کے لیے بڑھا دیا گیا تھا۔
تاہم اخباری اطلاعات کے مطابق سیندک کی سرگرمیاں بھی بلوچستان میں سکیورٹی مسائل کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہیں۔ ان حالات میں جب سیندک اور ریکوڈک میں سونے اور تانبے کی کان کنی میں مصروف پہلے سے موجود کمپنیاں مسائل کا شکار ہیں، وہاں نئی کمپنیوں کی آمد اور ان کے ساتھ مفاہمتی یاد داشتوں کا مستقبل بھی ایک سوالیہ نشان ضرور ہے۔
اگر حکومت بلوچستان میں سکیورٹی مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو بلاشبہ صوبے کے معدنی ذخائر سے صرف بلوچستان ہی نہیں بلکہ پاکستان کی تقدیر بھی بدل سکتی ہے۔
معدنیات کی عالمی سرمایہ کاری کانفرنسوں میں پاکستانی کی سول اور عسکری قیادت کے اعتماد کو دیکھتے ہوئے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان معدنی ترقی کے چیلنجوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ بلاشبہ یہ وہ میدان ہے جو پاکستان کی ترقی کے دروازے کھول سکتا ہے۔
نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
