نئی تحریک انصاف، نیا کپتان؟

کسی ممکنہ قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) کے ذریعے یا اپنی سزائیں مکمل کر کے، سیاست میں ایک دن عمران خان کی واپسی تو ہونی ہے۔ سیاست کی دھوپ چھاؤں میں سیاسی جماعتیں ختم نہیں ہوتیں۔

اگر ایسے ہوتا تو ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار تک کبھی نہ پہنچتی اور نواز شریف کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد صوبے اور وفاق کی زمامِ کار ایک بار پھر مسلم لیگ ن کے ہاتھ میں نہ ہوتی۔ آزمائش اور مشکل کا وقت کبھی کبھار طویل ہو جاتا ہے، لیکن سیاسی جماعتیں اس سے ختم نہیں ہوتیں۔

پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کی واپسی بھی ہو گی۔ دلچسپ سوال یہ ہے کہ یہ نئی تحریک انصاف کیسی ہو گی اور یہ نیا عمران خان پہلے سے کتنا مختلف ہو گا؟

تحریک انصاف اور بالخصوص عمران خان کے مزاج کے بارے میں کوئی حتمی رائے دینا حماقت آمیز سادگی کے سوا کچھ نہیں ہے، تاہم حالات و واقعات کی روشنی میں ایک تجزیہ ضرور کیا جا سکتا ہے۔

پہلا امکان یہ ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان میں جیل کے اس دورانیے کے بعد کچھ تبدیلیاں آئی ہوں گی۔ پہلے ان کے ہاں بہت تندی اور تلخی ہوا کرتی تھی۔ ہو سکتا ہے جیل نے اب ان کے مزاج میں کچھ ٹھہراؤ پیدا کر دیا ہو۔ اگر ایسا ہوا تو یہ سیاست اور تحریک انصاف دونوں کے لیے نیک شگون ہو گا۔

جیل جانے سے پہلے عمران خان اور تحریک انصاف کو اپنے سوا سب چور نظر آتے تھے۔ وہ خود کو ہی معیارِ حق سمجھتے تھے اور ان کا خیال تھا کہ بیچ میں ایک لکیر کھینچ دی گئی ہے۔ جو آدمی لکیر عبور کر کے تحریک انصاف کی طرف آ جائے، وہ نیک، پاک اور شفاف اور صاف ہو گا اور جو دوسری طرف کھڑا رہے، وہ پرلے درجے کا چور اور لٹیرا ہو گا۔

لیکن فی الحال عمران خان بھی ایک سزا یافتہ مجرم ہیں۔ وہ قید پوری کر کے آئیں یا کسی این آر او کے نتیجے میں باہر آئیں، اب ان کی وہ امتیازی حیثیت نہیں رہی جو پہلے ہوا کرتی تھی۔ پہلے وہ یک طرفہ خطبے دیا کرتے تھے اور ان کی پشت پر اقتدار کا کوئی بوجھ نہیں تھا۔ اب وہ اقتدار کی مدت گزار چکے، ان کا طرز حکومت اور عثمان بزدار جیسا حسن انتخاب بھی لوگ دیکھ چکے، اس لیے اب نہ نیک نامی کا وہ سراب باقی ہے اور نہ گڈ گورننس کے سنائے گئے اقوال زریں کا کچھ اعتبار رہا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اب عمران خان بھی اسی صف میں کھڑے ہیں، جس صف میں دوسرے کھڑے ہیں اور اب ان کے طرزِ حکومت کی خوبیاں اور خامیاں بھی ویسی ہی ہیں، جیسے دوسروں کی ہیں۔ اب اقوال زریں اور بڑھکوں سے معاملہ نہیں ہو گا۔ آگے کی سیاست رومان اور بد زبانی کی بجائے شاید عملیت پسندی اور کارکردگی کی طرف بڑھے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ پاکستانی سیاست اور پاکستانی سماج کے لیے بہت ہی نیک شگون ہو گا۔

تحریک انصاف اس سے پہلے سولو فلائٹ کی حامی رہی۔ اس کا خیال تھا کہ ساری گلیوں کو سنسان ہو جانا چاہیے اور بیچ میں کپتان صاحب کو مرزا یار کی طرح پھرتے بلکہ دندناتے رہنا چاہیے۔ ہر ایک کی انہوں نے تضحیک کی، ہر ایک کی تذلیل کی، کسی کو ساتھ لینے اور اپنے دامن میں وسعت کی کوئی کوشش ہی نہیں کی۔ اس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا منصب ایک قوم پرست کے پاس ہے اور سینیٹ میں یہ عہدہ ایک خاص مکتبہ فکر کے رہنما کے پاس ہے۔ قومی دھارے کی سیاسی جماعتوں سے تحریک انصاف ایک فاصلے پر رہی ہے۔

ماضی میں بھی عمران خان اور تحریک انصاف نے مروجہ جمہوری سیاسی جماعتوں سے قربت اختیار نہیں کی، حتیٰ کہ ورکنگ ریلیشن شپ تک سے گریز کیا، لیکن حالیہ دورانیے میں تحریک انصاف کو جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کی شکل میں متعدد مقامات پر ٹھنڈی ہوا کے جھونکے آئے۔ مولانا فضل الرحمٰن کی عمران خان نے ہمیشہ تذلیل کی لیکن فضل الرحمٰن صاحب عمران کے حق میں بولے اور خوب بولے۔ بلاول بھی اب عمران خان صاحب کے حق میں بات کر رہے ہیں۔

 ایک خوش گمانی سی ہے کہ شاید تحریک انصاف یہ جان چکی ہو کہ سیاست دوسروں کو روند دینے اور سولو فلائٹ کا نام نہیں ہے۔ یہ دوسروں کو ساتھ لے کر چلنے کا نام ہے۔ تحریک انصاف کسی بھی درجے میں اگر یہ بات سمجھ لے کہ دوسروں کو روند دینا سیاست نہیں ہے بلکہ بقائے باہمی کا نام سیاست ہے، تو یہ بات بھی پاکستانی معاشرے اور پاکستانی سیاست اور خود تحریک انصاف کے لیے بہت خوش آئند ہو گی۔

تحریک انصاف اور عمران خان پر ایک خوفناک مثالیت پسندی کا غلبہ رہا۔ جب جب وہ تلخی، دشنام اور ہیجان کی طرف بڑھے، انہیں مشورہ دینے والے موجود رہے کہ سیاست ٹھہراؤ، سنجیدگی، تحمل اور معاملہ فہمی کا نام ہے، لیکن تحریک انصاف کے رویوں میں ایسا اشتعال تھا کہ جس جس نے تحمل اور معقولیت کی بات کی، اس کی پگڑیاں اچھالی گئیں، اس کی کردار کشی کی گئی، حتی کہ گالیاں دی گئیں۔

لیکن ہوا کیا؟ تین سال کی قید کے بعد بالآخر تحریک انصاف زبان حال سے یہ تسلیم کر رہی ہے کہ مفاہمانہ پالیسی ہی سے راستے نکل سکتے ہیں اور ہیجان اور اضطراب صرف آپ کو بند گلی میں دھکیل سکتا ہے۔ چنانچہ عمران خان صاحب کی بہنیں جو کل دوسروں کو اس لیے مورد الزام ٹھہراتی تھیں کہ وہ کوئی معقول بات کرنے کا گناہ کر بیٹھتے تھے، آج اپنی رہائی کے بعد سے مسلسل خاموش ہیں اور آتش فشاں ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔

اس کا مطلب ہے کہ جن لوگوں نے کل یہ مشورے دیے تھے کہ معقولیت سے سیاست کی جائے، ان کی رائے درست نکلی اور اس درستگی کو تحریک انصاف نے اب عملاً تسلیم کر لیا۔ جماعت اگر آگے چل کر اپنے رویوں میں اس تبدیلی کو کسی بھی درجے میں ظاہر کرے تو یہ بات بھی پاکستانی سیاست کے لیے بہت خوش آئند ہو گی۔

تحریک انصاف کا ایک اور المیہ یہ تھا کہ اس کے ہاں کسی کے لیے کوئی امان نہیں تھی۔ کوئی فرد ہو، کوئی جماعت ہو، ریاستی ادارہ ہو، جب تک وہ عمران خان کے حصول اقتدار کی کاوشوں کو کندھا فراہم کرتے رہیں تب تک وہ اچھے ہیں، لیکن جیسے ہی وہ عمران خان کے ایجنڈے کے مطابق چلنے سے انحراف کریں، وہ اپنے آئینی دائرے میں سمٹیں، پھر عمران خان کے نزدیک وہ ولن ہوتے ہیں ۔

چنانچہ خان صاحب نے یہ سمجھ لیا کہ وہ سب کو دیوار سے لگا دیں گے اور اپنی سوشل میڈیائی مقبولیت کے بل بوتے پر وہ تمام صفیں درہم برہم کر دیں گے۔ ثابت ہوا کہ ایسا بھی نہیں ہوتا۔ آپ بھلے مقبول ہوں گے لیکن ’کلٹ‘ ریاست کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ یہ بات بھی اگر تحریک انصاف آنے والے دنوں میں سمجھ تو یہ بہت خوش آئند  چیز ہو گی۔

سیاست کسی انقلاب کا نام نہیں ہے، سیاست بتدریج ارتقا کا نام ہے۔ تحریک انصاف بھی اگر اس فلسفہ ارتقا کے تحت اپنی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی پالیسیوں کو ازسر نو مرتب کرے تو سیاست کے دروازے آج بھی اس پر کھل سکتے ہیں اور پاکستانی سیاست کے لیے بھی یہ خوش آئند ہو گا کہ تلخی کم سے کم ہو، ہیجان ختم ہو اور پاکستانی سیاست اپنے فطری  طریقے سے آگے بڑھے۔

لیکن یہ ساری باتیں اس وقت تک مفروضے ہیں، جب تک کہ تحریک انصاف اپنی نئی شروعات نہیں کرتی۔ پھر معلوم ہو گا کہ خواب کیا تھے اور ان میں سے کتنے سراب نکلے۔

نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *