اقوام متحدہ میں انڈیا کے الزامات بے بنیاد اور غیر سفارتی ہیں: پاکستان

پاکستان نے جمعے کو انڈیا کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی اسلام آباد کے معدنی وسائل کی ترقی سے ناخوش اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

پاکستان نے اقوام متحدہ میں انڈیا کی جانب سے دیئے گئے بیانات کو ’غیر سفارتی اور غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انڈیا کے بے بنیاد الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں اور اسی اجلاس میں پاکستانی نمائندے نے ان کا فوری اور مؤثر جواب دیا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

قدرتی وسائل اور تنازعات کے موضوع پر لائبیریا کی جانب سے بلائے گئے ’اریا فارمولا‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں انڈیا کے مستقل مندوب، سفیر پروتھونینی ہریش نے پاکستانی وفد کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کا معاملہ اٹھائے جانے پر جواب میں پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کی تھی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے انڈیا کو اپنا محاسبہ اور اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے۔‘

نیز سندھ طاس معاہدے سے متعلق ثالثی عدالت کے 31 اگست 2026 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ بدستور مکمل طور پر نافذ العمل ہے۔

بیان کے مطابق انڈیا کے بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہیں۔

پاکستان کے مطابق انڈیا نے آبی دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے جائز خدشات کا جواب دینے کے بجائے پاکستانی اداروں اور قیادت کے بارے میں بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

پاکستان نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کی مخالفت بھی واضح ہے اور نئی دہلی مسلسل پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ انڈیا بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندی سرگرمیوں کی سرپرستی اور معاونت کر رہا ہے، جن کا مقصد ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنا اور مقامی آبادی کو قدرتی وسائل کے فوائد سے محروم رکھنا ہے۔

پاکستان نے انڈیا میں ہندو قوم پرستانہ نظریے سے متاثر انتہا پسندی اور مذہبی بنیاد پرست حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کے الزامات اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوششیں اس کی بین الاقوامی تنہائی چھپانے اور اندرونی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ اور غیر قانونی طور پر ’غیر مؤثر‘ قرار دے کر مشترکہ آبی وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق ثالثی عدالت کے 31 اگست 2026 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے متفقہ طور پر قرار دیا تھا کہ معاہدہ بدستور پابند اور مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور اسے یک طرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔

بیان کے مطابق انڈیا کی جانب سے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی پابندی سے متعلق اس کے عزم پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔

پاکستان نے انڈیا پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو مبینہ جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ انڈین قابض افواج کئی دہائیوں سے وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔

پاکستانی بیان میں انڈیا پر اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں، ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

بیان میں انڈیا پر مسلمان، سکھ، مسیحی اور دلت اقلیتوں کے خلاف منظم امتیازی سلوک کی سرپرستی، ریاستی پالیسی کے طور پر غلط معلومات پھیلانے اور دہشت گردی کے استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ نئی دہلی ایسے علاقے پر بھی زبردستی قابض ہے جس کے عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *