بلوچستان میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کا نیا نظام متعارف کرانے کے لیے بل تیار کر لیا گیا ہے جس کی منظوری ہونے کی صورت میں بلوچستان پہلا صوبہ ہوگا جہاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمت دی جائے گی۔
بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری مجید بادینی نے بل کا مسودہ ایوان میں پیش کیا جسے سپیکر کیپٹن ریٹائرڈ عبد الخالق نے مزید بحث اور جائزے کے لئے کمیٹی کے حوالے کردیا۔
’بلوچستان کنٹریکٹ تقرری بل 2026‘ میں سرکاری ملازمت کے بھرتی کا طریقہ کار، تقرر کا اختیار، ملازمت کی مدت، تنخواہ، ملازمین کی کارکردگی اور احتساب کے لیے باقاعدہ قانونی ضابطے متعین کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بل میں سرکاری ملازمتوں میں میرٹ اور شفافیت کے لیے نیا قانون لانے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔
بلوچستان میں سرکاری بھرتی کے اختیارات گریڈ کے مطابق تقسیم کرنے کی تجویز ہے جب کہ کارکردگی کی جانچ بھی لازمی ہوگی۔
بل کے مطابق کنٹریکٹ ملازمت پر خودبخود مستقلی نہیں ہوگی۔
مجوزہ بل میں تقرر اور مدت ملازمت میں توسیع کے لیے سخت شرائط شامل ہیں۔
بل میں واضح کیا گیا کہ کنٹریکٹ بنیادوں پر ہونے والی تقرریاں شفافیت، مسابقت اور میرٹ کے اصولوں کے تحت کی جائیں گی۔
کسی بھی تقرر کو سیاسی، ذاتی یا غیر متعلقہ اثر و رسوخ سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔
مسودہ قانون مطابق صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں میں کنٹریکٹ بنیادوں پر تقرری کے لیے باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا جائے گا، جس کے تحت بھرتیوں کے عمل میں اشتہار، اہلیت، تجربے، تعلیمی قابلیت اور دیگر مقررہ شرائط کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی۔
اعلیٰ آسامیوں پر تقرری مجاز اتھارٹی کی منظوری سے ہو گی جب کہ دیگر آسامیوں پر تقرری کمیٹیوں کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
بل میں بی پی ایس 20 اور اس سے اوپر کی آسامیوں کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مجاز اتھارٹی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
بی پی ایس 16 سے بی پی ایس 19 تک کی آسامیوں کے لیے چیف سیکریٹری بلوچستان اور بی پی ایس ون سے بی پی ایس 15 تک کی آسامیوں کے لیے متعلقہ محکمہ کی مجاز اتھارٹی کے ذریعے تقرر کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
بل کے تحت کنٹریکٹ ملازمین کی تقرری مقررہ مدت کے لیے ہوگی۔
ملازمت میں توسیع کا فیصلہ متعلقہ ملازم کی کارکردگی، محکمانہ ضروریات اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جاسکے گا۔
ملازمین کی کارکردگی جانچنے کے لیے کے پی آئیز اور دیگر مقررہ معیار متعارف کرانے کی تجویز بھی دی ہے تاکہ کنٹریکٹ ملازمین کی خدمات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاسکے۔
مسودے میں واضح کیا گیا ہے کہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات ہونے والے ملازمین کو محض کنٹریکٹ ملازمت کی بنیاد پر مستقل سرکاری ملازمت یا خودکار طور پر مستقلی کا حق حاصل نہیں ہوگا۔
مدت ملازمت میں توسیع یا تجدید متعلقہ قواعد اور مجاز اتھارٹی کی منظوری سے مشروط ہوگی۔
اسی طرح کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہ اور مراعات کے لیے بھی الگ ضابطہ کار مرتب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بل میں خواتین، اقلیتوں اور معذور افراد کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
شیڈول تین کے مطابق معذور افراد، خواتین اور اقلیتوں کے لیے پانچ، پانچ فیصد کوٹہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کا مقصد سرکاری ملازمتوں میں مختلف طبقات کو نمائندگی اور یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
مجوزہ قانون میں بھرتیوں کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے شکایات کے ازالے کا طریقہ کار بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت امیدواروں کو انتخابی عمل، میرٹ، جانبداری یا طریقہ کار میں بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات درج کرانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے شکایات کے اندراج اور ان کے جائزے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بل میں مفادات کے ٹکراؤ کی روک تھام کے لیے بھی خصوصی دفعات شامل ہیں، جن کے تحت تقرریوں کے عمل میں ذاتی مفادات، اقربا پروری اور غیر ضروری اثر و رسوخ کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے۔
مسودے کے مطابق کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کا تعین مقررہ شیڈول اور متعلقہ قواعد کے مطابق کیا جائے گا، جب کہ تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر مالی معاملات کے لیے بھی باقاعدہ نظام تشکیل دینے کی تجویز ہے۔
کنٹریکٹ ملازمین کی خدمات، ذمہ داریوں، ملازمت کی مدت، تجدید اور اختتام سے متعلق معاملات کو بھی قانونی تحفظ اور ضابطہ کار کے تابع رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔
بل میں موجودہ سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا بھی ذکر ہے، جب کہ کنٹریکٹ تقرریوں کے نظام کو بلوچستان سول سرونٹس ایکٹ 1974 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تناظر میں منظم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ اور دیگر متعلقہ معاملات کے حوالے سے بھی الگ ضابطہ کار کی وضاحت کی گئی ہے۔
بل میں شفافیت، میرٹ، جوابدہی، ادارہ جاتی نگرانی اور کارکردگی کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر تقرر کے بنیادی اصول قرار دیا گیا ہے۔
