اسلام آباد: لیبارٹری پر چھاپے میں 27 جعلی فلو ویکسین ضبط، تین گرفتاریاں

پاکستان میں طبی تشخیص کے ایک بڑے نیٹ ورک ’ایکسل لیبز‘ کے اسلام آباد میں واقع مرکز سے جمعے کو مشتبہ جعلی فلو ویکسین کی 27 خوراکیں برآمد کر کے ادارے کے چیف ایگزیکٹو افسر سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک شہری کی شکایت پر چیف ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر کی نگرانی میں ڈرگ کنٹرول آئی سی ٹی کی ٹیم نے جمعرات کو ’ایکسل ڈائیگناسٹک لیب‘ پر چھاپہ مارا۔

دوران کارروائی معلوم ہوا کہ مریضوں کو مبینہ طور پر جعلی ’انفلوویک ٹیٹرا‘ (Influvac Tetra) ویکسین لگائی جا رہی تھی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ویکسین رواں سال پاکستان میں درآمد ہی نہیں کی گئی۔

چھاپے کے دوران ویکسین کے 27 انجیکشن اور ویکسینیشن کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ ایکسل لیبز کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر نصیر احمد، منیجر بلال عباسی اور شیر دل نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملک بھر میں 100 سے زائد مراکز چلانے کا دعویٰ کرنے والے اس تشخیصی نیٹ ورک کی جانب سے تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

وزارت صحت نے اس کارروائی کے حوالے سے صرف اسلام آباد کے ایک مرکز کی نشاندہی کی اور یہ واضح نہیں کیا کہ اب تک کتنے مریضوں کو یہ ویکسین لگائی جا چکی ہے، آیا کسی مریض میں اس کے منفی اثرات سامنے آئے یا یہ مشتبہ خوراکیں ادارے کی دیگر شاخوں تک بھی پہنچی ہیں یا نہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ادویات کے نگراں ادارے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ جعلی فلو ویکسین مریضوں کو انفلوئنزا سے بچانے میں ناکام رہ سکتی ہے اور انہیں نامعلوم طبی خطرات سے دوچار کر سکتی ہے۔

اکتوبر کے آخر میں بھی ڈریپ نے ’انفلوویک ٹیٹرا‘ کے نام سے فروخت ہونے والے ایک الگ بیچ کی نشاندہی کی تھی، جب ایک مجاز سپلائر نے تصدیق کی تھی کہ وہ بیچ قانونی سپلائی چین سے باہر کا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق حالیہ کارروائی میں برآمد ہونے والی ویکسین کا لاٹ نمبر 913 پہلے ہی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے جعلی قرار دیا جا چکا تھا اور ڈریپ نے اس کے حوالے سے ’ریپڈ الرٹ‘ بھی جاری کیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران لیبارٹری انتظامیہ کی مزاحمت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی معاونت سے کارروائی مکمل کی گئی۔

تفتیش کار اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آیا اس معاملے میں مزید افراد بھی ملوث ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ڈرگ کنٹرول ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *