تین سال بعد پاکستانی وزیر کا انڈیا کا دورہ، رابطوں کے کون سے دروازے کھلے ہیں؟

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر تک انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے کلچرل فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک انڈیا کے وزیر ثقافت و سیاحت کی دعوت پر فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر مصدق ملک تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور اس حوالے سے پاکستان کی سفارتی خدمات پر اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ ان کے خطاب میں ایس سی او میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ملک کے متنوع تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد فورم کے مختلف موضوعاتی اجلاسوں میں شرکت کرے گا اور موقعے پر ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

پاکستان اس وقت 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ (رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل) کی صدارت کر رہا ہے۔

اس حیثیت میں پاکستان آئندہ سال ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل وزارتی سطح کے متعدد اجلاسوں، ماہرین کے گروپس کی ملاقاتوں اور دیگر سرگرمیوں کی میزبانی کرے گا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی فورم میں شرکت ایک فعال رکن ملک کی حیثیت سے مکالمے، تعاون اور باہمی تفہیم کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کی عکاس ہے، جو ایس سی او کے ’شنگھائی سپرٹ‘ کے عین مطابق ہے۔

تین سال بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا دورہ

ڈاکٹر مصدق ملک کا یہ دورہ مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مئی 2023 میں گوا میں ایس سی او وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا کا دورہ کیا تھا۔

اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق انڈیا نے ابتدائی طور پر پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کو فورم میں شرکت کی دعوت دی تھی، تاہم پاکستان نے بعد میں ڈاکٹر مصدق ملک کو اپنے وفد کی قیادت کے لیے نامزد کیا۔

اخبار نے رپورٹ کیا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کو دعوت دینا ایس سی او کے میزبان ملک کی حیثیت سے تمام رکن ممالک کو مدعو کرنے کی ذمہ داری کا حصہ تھا۔ پاکستان کو بھی دعوت پر اپنی نمائندگی کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل تھا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے تعلقات مئی 2025 میں فوجی کشیدگی کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں۔

رابطوں کے کون سے دروازے کھلے ہیں؟

اگست 2019 سے نومبر 2026 تک پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں سفارتی تعطل، فوجی کشیدگی اور محدود رابطوں کا تسلسل رہا ہے۔

اس عرصے میں دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات بحال نہیں ہو سکے، تاہم فوجی ہاٹ لائن، قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرستوں کے تبادلے اور غیر رسمی رابطوں کے کچھ ذرائع موجود رہے۔

اگست 2019: سفارتی تعلقات میں تنزلی

انڈیا کی جانب سے پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بعد پاکستان نے سات اگست کو سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دوطرفہ تجارت معطل کرنے کا اعلان کیا۔ دونوں ملکوں کے ہائی کمیشن مکمل سفیر کے بجائے ناظم الامور کی سطح پر کام کرتے رہے۔

2021:  لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی

25  فروری 2021 کو دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے لائن آف کنٹرول اور دیگر سیکٹرز میں جنگ بندی کے معاہدے پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے بعد سرحدی فائرنگ میں نمایاں کمی آئی، تاہم سیاسی مذاکرات بحال نہیں ہوئے۔

2023  اور 2024: کثیرالجہتی فورمز پر ملاقاتیں

مئی 2023 میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔

اکتوبر 2024 میں انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر اسلام آباد میں ایس سی او کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ تاہم ان مواقع پر دوطرفہ مذاکرات بحال نہیں ہوئے۔

2025: فوجی تصادم اور جنگ بندی

22  اپریل 2025 کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام حملے میں 26 افراد کی جانیں گئیں۔ انڈیا نے حملے کا الزام پاکستان سے منسلک عناصر پر عائد کیا، جسے پاکستان نے مسترد کیا اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

تاہم سات مئی کو انڈیا نے آپریشن سندور کے نام سے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں حملے کیے۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان چار روز تک میزائل اور ڈرون حملوں سمیت فوجی کارروائیاں ہوئیں۔

10 مئی کو جنگ بندی پر اتفاق ہوا، تاہم اس کے بعد بھی تعلقات معمول پر نہیں آ سکے۔ انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کا اعلان کیا جبکہ پاکستان نے اس اقدام کو مسترد کیا۔

2025 اور 2026: غیر رسمی رابطے

ہندوستان ٹائمز کی 17 اپریل 2026 کی رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کے تصادم کے بعد دونوں ملکوں کے ماہرین، سابق سفارت کاروں اور بعض حاضر سروس حکام نے کم از کم چار غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رپورٹ کے مطابق ان میں جولائی 2025 میں لندن اور اکتوبر میں مسقط میں ٹریک 1.5، دسمبر میں تھائی لینڈ میں ٹریک ٹو اور فروری 2026 میں دوحہ میں ایک اور ٹریک ٹو ملاقات شامل تھی۔

یہ سرکاری مذاکرات نہیں تھے اور ان کی تفصیلات نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع سے حاصل کی گئی تھیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد رابطے کا راستہ کھلا رکھنا اور دونوں ملکوں کے مؤقف سمجھنا بتایا گیا۔

کشیدگی برقرار

ستمبر 2026 میں بحیرہ عرب میں انڈین جنگی جہاز اور پاکستانی بحری گشتی جہاز کے درمیان تصادم ہوا۔ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر واقعے کا ذمہ دار ہونے اور 1991 کے معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے۔

دو اکتوبر کو پاکستانی حکام کے مطابق انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری جان سے گئے اور ایک زخمی ہوا۔ پاکستان نے انڈین ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج کیا۔

رابطے موجود، مذاکرات نہیں

موجودہ صورت حال میں دونوں ملکوں کے درمیان جامع سیاسی مذاکرات، معمول کی تجارت اور مکمل سفارتی تعلقات بحال نہیں ہوئے۔ تاہم فوجی رابطوں، قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرستوں کے تبادلے اور غیر رسمی ملاقاتوں جیسے محدود ذرائع موجود ہیں۔

ٹریک 1.5 اور ٹریک ٹو ملاقاتوں کو امن مذاکرات کی بحالی نہیں کہا جا سکتا، لیکن یہ رابطے غلط فہمیوں اور کسی نئے بحران کے خطرات کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی تنازعات برقرار ہیں اور باضابطہ سیاسی مکالمے کی بحالی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *