پاکستان سمیت 15 ممالک کا مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی بستیوں پر برطانوی و آسٹریلوی پابندیوں کا خیر مقدم

پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور فلسطین سمیت 15 ممالک کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اعلامیے کے مطابق پاکستان، اردن، مصر، سعودی عرب، صومالیہ، انڈونیشیا، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکی، کویت، الجزائر، نائجر، فلسطین، لیبیا اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں برطانیہ اور آسٹریلیا کے ان اقدامات کو سراہا گیا جن میں بستیوں کی تعمیر میں ملوث کمپنیوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

غزہ کو انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والی ایک تنظیم پر پابندی کے برطانوی فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔

اعلامیے میں وزرائے خارجہ نے احتساب کو یقینی بنانے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے ای ون (E1) آبادکاری منصوبے سمیت بستیوں کی توسیع اور الحاق کی پالیسیوں میں ملوث اداروں و افراد پر پابندیوں کے نفاذ پر زور دیا۔

انہوں نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے مشرق میں جاری آبادکاری کی سرگرمیوں کی شدید مذمت کی اور امید ظاہر کی کہ برطانیہ اور آسٹریلیا کے فیصلے عالمی برادری کے دیگر ممالک کو بھی ایسے ہی اقدامات کی ترغیب دیں گے۔

وزرائے خارجہ نے ان پابندیوں کو بین الاقوامی قانون، سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 (2016) اور عالمی عدالتِ انصاف کی 19 جولائی 2024 کی مشاورتی رائے کے عین مطابق قرار دیا، جس کے تحت تمام ریاستیں پابند ہیں کہ وہ اسرائیل کے غیر قانونی قبضے سے پیدا ہونے والی صورت حال کو قانونی تسلیم نہ کریں اور نہ ہی اسے برقرار رکھنے میں کوئی معاونت کریں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اعلامیے میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں کی جغرافیائی و آبادیاتی حیثیت بدلنے کے تمام اقدامات فوری منسوخ کرے۔

مشترکہ اعلامیے میں غزہ میں اسرائیلی فوجی کشیدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا اٹوٹ انگ ہے۔

وزرائے خارجہ نے امن و استحکام، انسانی صورت حال سے نمٹنے اور تعمیرِ نو کے لیے صدر ٹرمپ کے ’غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے‘ پر مکمل اور فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

اعلامیے کے آخر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پائیدار اور منصفانہ امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہے۔

جس کے تحت بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چار جون 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *