امریکہ کے پیو ریسرچ سینٹر کی بدھ کو جاری کردہ تفصیلی پیش گوئی کے مطابق 2035 تک اسلام کے مسیحیت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جانے کا امکان ہے اور اگر حالیہ رجحانات جاری رہے تو 2070 تک پاکستان دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہو گا۔
مذہبی آبادی کے بارے میں 25 سال سے مستند رپورٹیں جاری کرنے والے پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ اسلام اور مسیحیت دونوں پھیل رہے ہیں، لیکن اسلام بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ادارے کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں کے ہاں دوسرے بڑے مذہبی گروہوں کے مقابلے میں زیادہ بچے پیدا ہوتے ہیں۔
پیو کے سینیئر ماہر آبادیات کونریڈ ہیکیٹ کا کہنا ہے کہ ’اس کی وجہ بچے ہیں۔‘
انہوں نے وضاحت کی کہ مذہب تبدیل کرنے اور مذہبی شناخت بدلنے کے دیگر طریقوں کے مقابلے میں شرح پیدائش کہیں زیادہ اہم عنصر ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین میں شرح پیدائش فی خاتون 3.1 بچے تھی، جب کہ مسیحی خواتین میں یہ شرح 2.5 بچے تھی۔ دیگر تمام خواتین میں شرح پیدائش کی اوسط 1.6 بچے تھی، جو ہر نسل کی آبادی کو اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے ضروری سمجھی جانے والی 2.1 کی شرح سے کم ہے۔
پیو کے تازہ ترین اندازوں کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں مسیحیوں کی تعداد 2 ارب 27 کروڑ اور مسلمانوں کی تعداد 2 ارب 2 کروڑ تھی اور 2035 تک مسلمانوں کی تعداد 2 ارب 57 کروڑ اور مسیحیوں کی تعداد 2 ارب 52 کروڑ ہو جائے گی۔
اگر حالیہ رجحانات جاری رہے تو 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ سے زیادہ اور مسیحیوں کی تعداد 3 ارب سے کچھ کم ہو گی۔
یہ اندازے پیو کے ایک وسیع منصوبے کا حصہ ہیں، جس میں یہ جائزہ لیا گیا ہے کہ 2020 سے 2070 کے درمیان بڑے مذہبی گروہوں کی آبادی میں کس طرح تبدیلی آ سکتی ہے۔ ان پیش گوئیوں میں مختلف مذہبی گروہوں کی عمر، شرح پیدائش، مذہب یا مذہبی شناخت کی تبدیلی اور نقل مکانی کے حالیہ رجحانات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
کئی اہم نتائج میں سے ایک یہ ہے کہ پیو کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 40 برس میں امریکہ میں مسیحی اکثریت ختم ہو جائے گی۔ پیو کے مطابق اس وقت امریکہ کے 62 فیصد بالغ افراد مسیحی ہیں، لیکن 2065 تک یہ شرح 50 فیصد سے کم رہ جائے گی۔
پیو کے مطابق ہمسایہ ملک کینیڈا میں 2030 تک مسیحیوں کی شرح 50 فیصد سے کم ہونے کا امکان ہے۔
دونوں ملکوں میں مسیحیوں کی شرح کم ہونے کی ایک اہم وجہ ان لوگوں کی تعداد میں بیک وقت اضافہ ہے جو کسی مذہب سے وابستہ نہیں۔ پیش گوئی کے مطابق 2070 تک ایسے افراد امریکہ کی آبادی کا 41 فیصد ہوں گے اور کینیڈا میں ان کی تعداد مسیحیوں سے زیادہ ہو جائے گی۔
مسلمانوں اور مسیحیوں کی تعداد آبادی میں اضافے کے ساتھ بڑھنے کا امکان
پیو کے مطابق 2020 سے 2070 کے درمیان دنیا کی آبادی میں 29 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ جن مذہبی گروہوں کا جائزہ لیا گیا، ان میں صرف مسلمانوں اور مسیحیوں کی تعداد دنیا کی آبادی میں اضافے کی رفتار کے مطابق بڑھنے کی توقع ہے۔ مسیحیوں کی تعداد میں 30 فیصد اور مسلمانوں کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
پیو کے مطابق اگرچہ ہندوؤں اور یہودیوں کی تعداد بڑھے گی، لیکن عالمی آبادی میں ان کا تناسب کم ہونے کا امکان ہے۔ ادارے کی پیش گوئی ہے کہ بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد اور عالمی آبادی میں ان کا تناسب دونوں کم ہوں گے۔ اس کی ایک وجہ چین، جنوبی کوریا اور جاپان کی مجموعی آبادی میں متوقع کمی ہے۔
پیو کے مطابق آئندہ عشروں میں دنیا کی آبادی میں زیادہ تر اضافہ افریقہ، خاص طور پر صحرائے صحارا کے جنوب میں واقع خطے میں ہونے کی توقع ہے، جہاں زیادہ تر لوگ مسیحی یا مسلمان ہیں۔ پیو نے پیش گوئی کی ہے کہ اس خطے میں شرح پیدائش زیادہ ہونے اور اوسط عمر بڑھنے سے دنیا بھر میں دونوں مذاہب کے پیروکاروں کی تعداد بڑھے گی۔
پیو کے مطابق 2070 تک دنیا کے نصف سے زیادہ مسیحی صحرائے صحارا کے جنوب میں واقع افریقہ میں رہ رہے ہوں گے۔ کانگو مسیحیوں کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن کر امریکہ کو پیچھے چھوڑ دے گا، جہاں مسیحیوں کی تعداد تین گنا سے زیادہ بڑھ کر 29 کروڑ 90 لاکھ ہو جائے گی۔
دوسرے بڑے خطوں کی آبادی میں نسبتاً کم اضافے یا کمی کا امکان ہے۔
مثال کے طور پر پیو کے مطابق 2070 تک یورپ کی آبادی میں 17 فیصد کمی ہو گی اور وہاں مسیحیوں کی تعداد ایک تہائی کم ہو کر 50 کروڑ 50 لاکھ سے 32 کروڑ 40 لاکھ رہ جائے گی۔ اسی عرصے میں یورپ کی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 6 فیصد سے بڑھ کر 13 فیصد ہونے کی توقع ہے۔
پیو کی پیش گوئی کے مطابق امریکہ میں مسیحیوں کی تعداد 2020 میں تقریباً 21 کروڑ 70 لاکھ سے کم ہو کر 2070 میں تقریباً 17 کروڑ 40 لاکھ رہ جائے گی۔
امریکہ میں کئی مرکزی پروٹسٹنٹ فرقوں کو کئی برسوں سے ارکان کی تعداد میں کمی کا سامنا ہے۔ تاہم کیلیفورنیا سٹیٹ یونیورسٹی، سیکرامینٹو میں مذہبی علوم کے پروفیسر جیفری براڈ نے کہا کہ رواں ماہ کانگریس کے انتخابات میں ان معتدل سے لبرل فرقوں سے وابستہ کئی ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد ان فرقوں کے ارکان کی تعداد دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے۔
شرح پیدائش بنیادی وجہ
پیو کے اندازوں کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین نے کسی بھی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والی خواتین کے مقابلے میں زیادہ بچوں کو جنم دیا۔ مسلمان ماؤں کے ہاں تقریباً 25 کروڑ 20 لاکھ اور مسیحی ماؤں کے ہاں 20 کروڑ 80 لاکھ بچے پیدا ہوئے۔
مسلمان واحد بڑا مذہبی گروہ ہیں جن کے ہاں آئندہ عشروں میں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد بڑھنے کی توقع ہے۔ دوسرے مذہبی گروہوں میں بچوں کی پیدائش کی تعداد یا تو مستحکم رہنے یا بتدریج کم ہونے کا امکان ہے۔
پیو کے مطابق اگر حالیہ رجحانات جاری رہے تو 2070 تک پاکستان دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہو گا، جس کے بعد انڈیا، نائجیریا اور انڈونیشیا ہوں گے۔ اس وقت انڈونیشیا میں مسلمانوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
مذہبی آبادی کی ماہر اور ہارورڈ ڈیوینٹی سکول کی سینیئر محقق جینا زرلو نے کہا کہ بدلتے ہوئے رجحانات کے پیش نظر مسیحیوں اور مسلمانوں کے تعلقات ’انتہائی اہم‘ ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے ای میل کے ذریعے کہا کہ ’تہذیبوں کے تصادم کا نظریہ اب بھی بعض مذہبی برادریوں میں نمایاں ہے اور دونوں جانب دونوں مذاہب کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ بہت سے مسیحی اس بات سے خوش نہیں کہ اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا اور اس سے ان کی بے چینی مزید بڑھ رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’مجھے امید ہے کہ لوگ مختلف مذاہب کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنے کے مواقع تلاش کریں گے۔ ذاتی رابطہ اہم ہے۔ جب مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان ذاتی تعلقات قائم ہوتے ہیں تو اس سے وہ ایک دوسرے کو بہتر طور پر انسان سمجھنے لگتے ہیں اور اس کے مثبت نتائج نکلتے ہیں۔‘
پیو میں مذہبی تحقیق کے ڈائریکٹر ایلن کوپرمین نے کہا کہ مسلمانوں اور مسیحیوں کی تعداد میں زیادہ تر متوقع اضافہ ان ملکوں میں ہو رہا ہے جہاں وہ پہلے ہی اکثریت میں ہیں، جب کہ مذہب کی تبدیلی کا کردار بہت معمولی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں یہ ایسی صورت حال نہیں جس میں مسلمانوں کی تعداد مسیحیوں کی قیمت پر بڑھ رہی ہو۔ البتہ مجھے یہ خدشہ ضرور ہے کہ بعض شرپسند اس نتیجے کو سرخیوں یا بیانیوں میں اس طرح پیش کر سکتے ہیں جیسے یہ کوئی تصادم ہو جس میں مسیحی مسلمانوں سے ہار رہے ہوں۔‘
کسی مذہب سے وابستہ نہ ہونے والوں کی تعداد بعض علاقوں میں بڑھ رہی ہے۔
بہت سے ملکوں میں ملحدین یعنی خدا کے وجود کے بارے میں کوئی رائے نہ رکھنے والوں اور کسی مذہب سے وابستہ نہ ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
پیو کے مطابق چین کو نکال کر، جہاں کسی مذہب سے وابستہ نہ ہونے والے افراد کی شرح زیادہ ہے لیکن مجموعی آبادی میں تیزی سے کمی کا سامنا ہے، دنیا کے دیگر حصوں میں ایسے افراد کی تعداد 2070 تک 18 کروڑ سے زیادہ بڑھ جائے گی۔
پیو کے مطابق جمہوریہ چیک، جاپان، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، یوراگوئے اور ویت نام سمیت 10 ملکوں میں کسی مذہب سے وابستہ نہ ہونے والے افراد پہلے ہی آبادی کی اکثریت ہیں۔ پیش گوئی ہے کہ 2070 تک جنوبی کوریا، فرانس اور برطانیہ بھی اس فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔

