بلوچستان میں بدامنی، اغوا برائے تاوان، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر جمعرات کو صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ہڑتال کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت نے مختلف علاقوں میں اضافی سکیورٹی نفری تعینات کر دی، جبکہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔
کوئٹہ کے علاوہ پشین، ژوب، لورالائی، مستونگ، قلات، خضدار، تربت، پنجگور، حب، نصیر آباد اور جعفر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ہڑتال کی کال جمعیت علمائے اسلام، نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام نظریاتی، پاکستان تحریک انصاف، انجمن تاجران اور دیگر سیاسی جماعتوں و تنظیموں نے مشترکہ طور پر دی تھی۔
آل پارٹیز اتحاد کے مطابق بلوچستان اس وقت بدترین انتظامی، معاشی اور امن و امان کے بحران سے دوچار ہے، جہاں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی اور معاشی مشکلات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اتحاد کے بیان میں صوبے میں جاری ’لاقانونیت، قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، مسلح جتھوں کی سرگرمیوں، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، جبری گمشدگیوں، قبضہ گیری اور قومی وسائل کی لوٹ مار سمیت مختلف مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔‘
سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ تجارت پر عائد پابندیوں، افغانستان اور ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں اور آمد و رفت میں رکاوٹوں، بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، بھاری بلوں، ہوش ربا مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے صوبے کے عوام، بالخصوص تاجر برادری اور محنت کش طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
آل پارٹیز اتحاد نے بیان میں پرامن سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی مبینہ غیر قانونی حراست اور سیاسی کارکنوں کو شیڈول فور میں شامل کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اتحاد کے مطابق ان تمام عوامی اور اجتماعی مسائل کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی توجہ صوبے کی سنگین صورت حال کی جانب مبذول کروائی جا سکے۔
آل پارٹیز اتحاد کا موقف ہے کہ ہڑتال کے ذریعے عوام نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی، معاشی مشکلات کے خاتمے اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
دریں اثنا، ہڑتال سے متعلق صوبائی حکومت کا مؤقف جاننے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی امور شاہد رند سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
صوبائی حکومت ماضی میں اپنے مؤقف میں کہتی رہی ہے کہ بلوچستان میں انتظامی اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور صوبے میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کے مطابق امن و امان کے قیام، ’دہشت گردی‘ کے خاتمے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں جبکہ صوبے میں ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات کے ذریعے حالات بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
