فاتح کا طریقہ واردات | Independent Urdu

تاریخ میں قومیں باہمی جنگوں میں ملوث رہی ہیں، طاقتور قوم کمزور کو شکست دے کر اس کے مال و دولت پر قبضہ کر لیتی تھی۔ ان کی زمینوں پر اپنی ملکیت کو قائم کرتی، لوگوں کو غلام بنا کر ان سے نئی عمارتیں، سڑکیں اور پل تعمیر کرواتی اور اپنے اقتدار کو قائم رکھنے کے لیے سزاؤں اور مظالم کا سہارا لیتی تھی۔

قدیم امپیریلزم (سامراجیت) اور جدید میں وقت کے ساتھ فرق پیدا ہو گیا ہے۔ طاقتور قوم کے لیے کمزور کو شکست دینا تو آسان ہوتا ہے، لیکن ملک پر قبضے کے بعد اس کا انتظام، نئے قوانین کی ضرورت اور شکست خوردہ قوم کی تاریخ اور کلچر کو سمجھنے کے لیے کافی وقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے قدیم حملہ آور ملکوں کو مفتوح قوموں میں اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کے لیے نئے قوانین، اصلاحات اور فوجی قوت کی ضرورت ہوتی تھی۔ کیونکہ فاتحہ قوم اپنے ساتھ نہ سیاسی عہدیداروں کو لاتی تھی نہ قانون دانوں اور لسانیات کے ماہروں کو۔

اس لیے اس کی کوشش ہوتی تھی کہ مفتوح قوموں کے سابق سیاسی عہدے دار، فوجی افسر اور انتظامیہ کے ماہرین کی مدد سے ہی حکومت کریں۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ جب منگول لیڈر (قبلائی خان) نے چین پر قبضہ کیا تو اس نے شکست خوردہ سانگ خاندان کے ایک وزیر کو جو بے انتہا تجربہ کار تھا، اپنی حکومت میں شامل کرنا چاہا مگر اس نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو آقاؤں کا وفادار نہیں ہو سکتا ہے۔ اس پر قبلائی خان نے اسے قتل کروا دیا۔

جب فاتح کسی قوم پر اپنا اقتدار مسلط کرتا ہے تو اس کی پالیسی ہوتی ہے کہ سابق حکومت کی اشرافیہ کو اپنے ساتھ ملائے اور انہیں اختیارات دے کر عوام کی نظروں میں ممتاز مقام حاصل کروائے۔ اسی صورت میں مفتوح قوم کا معاشرہ دو طبقوں میں بٹ جاتا ہے۔ ایک جانب اشرافیہ ہوتی ہے جو اپنے نئے آقاؤں کی خوشنودی کے لیے اپنے ہی لوگوں کا استحصال کرتی ہے۔ اس صورت میں عوام ایک جانب غیر ملکی اقتدار تلے دبے رہتے ہیں۔

دوسری جانب ان کی اشرافیہ ان کو خاموش رکھتی ہے۔ فاتحہ قوم اپنے اقتدار کی مضبوطی کے لیے شکست خوردہ قوم کی شناخت کو ختم کر دیتی ہے۔ ان کی تاریخ کو مسخ کیا جاتا ہے۔ ان کے علم و ادب کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ ان کی زبان کو خاموش کر کے فاتح قوم اپنی زبان کا نفاذ کرتی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کی مثال ہمیں مشرق وسطی کی فتوحات سے ملتی ہے۔ جب عربوں نے شام، لبنان، مصر اور شمالی افریقہ کے ملکوں کو فتح کیا جن میں الجزائر، تیونس اور مراکش شامل تھے تو اس پورے علاقے کی بولی جانے والی زبانوں کو ختم کر کے ان کی جگہ عربی زبان کو نافذ کیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان کی اپنی زبانوں میں جو علم تھا اس کا خاتمہ ہوا اور وہ ذہنی طور پر عربوں سے متاثر ہو کر ان کے اقتدار کے محافظ بنے۔

اس کی دوسری مثال تیرہویں صدی میں ترکوں کی ہندوستان کی فتح ہے۔ جب یہاں سلاطین دہلی کی حکومت قائم ہوئی تو فارسی سرکاری زبان ٹھہری۔ مغل دربار کے علاوہ جو دوسری ریاستیں تھیں جہاں سنسکرت اور مقامی بولیاں تھیں وہ کوئی ترقی نہیں کر سکیں اور فارسی زبان برطانیہ کی آمد تک سرکاری زبان ہی رہی۔ فارسی اصطلاحات کو دوسری زبانوں نے بھی اختیار کیا جیسے مہاراشٹر میں مراہٹی زبان میں فارسی کے بہت سے الفاظ ہیں۔

غیر ملکی اقتدار مفتوح قوم کے کلچر کو ختم کر کے یا اسے کمزور کر کے مفتوح لوگوں سے مزاحمت کے تمام ہتھیار چھین لیتا ہے۔ اب جو نئی تاریخ لکھی گئی۔ اس میں ان کے کارنامے نہیں ہیں اور ان کے ادب میں تحقیقی صلاحیتوں کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔ اس لحاظ سے حملہ آور تہذیبوں کے قاتل ہوتے ہیں اور صرف اپنی تہذیب کو عالمی قرار دے کر اس کا نفاذ چاہتے ہیں۔

لیکن جب مفتوح قوموں میں شورش اور بغاوت ہوتی ہے تو اس کو سختی کے ساتھ کچل دیا جاتا ہے۔ سزاؤں کے ذریعے عام لوگوں میں ڈر اور خوف پیدا کیا جاتا ہے۔ اس کی مثال ہمیں رومی سلطنت میں ملتی ہے۔ باغیوں اور مزاحمت کرنے والوں کو سرعام سزا دی جاتی تھی، جہاں لوگ اکٹھے ہو کر سزاؤں کے مناظر کو دیکھتے تھے۔

سزاؤں میں کوڑے مارنے کی روایت تھی۔ کوڑے کا آخری حصہ سیسے کا بنا ہوتا تھا۔ جو کوڑے کھانے والے کے جسم میں گھس جاتا تھا۔ لوگوں کے ہاتھ پیر کاٹ دیے جاتے تھے اور پھر انہیں مصلوب (تاریخی طور پر ایک عبرتناک سزا کا طریقہ جس میں مجرم یا سزا یافتہ شخص کو لکڑی کے تختے یا صلیب پر باندھ دیا جاتا تھا) کیا جاتا تھا۔ مصلوب کرنے کی روایت رومیوں نے ماضی کی قوموں سے لی تھی۔ ان سزاؤں کے ڈر اور خوف سے لوگ خاموش رہتے تھے۔

فاتح قوم کے لیے یہ بھی ضروری تھا کہ مفتوح لوگوں سے زیادہ سے زیادہ ٹیکس لیا جائے۔ ٹیکسوں کا بوجھ کسانوں اور کاریگروں پر ہوتا تھا جبکہ اشرافیہ ٹیکسوں کی ادائیگی سے آزاد تھی۔

مفتوح قوموں کی آزادی کے لیے ان کا متحد ہونا ضروری تھا، اس لیے فاتح قوم ان میں اتحاد کی بجائے ان کو مذہبی، سیاسی اور قبائلی اعتبار سے تقسیم کر دیتی تھی۔ اس کا نتیجہ یہ تھا کہ مفتوح قوموں میں احساس کمتری پیدا ہوتا تھا اور وہ فاتح قوم کی زبان، لباس، غذا اور روزمرہ زندگی میں خود کو شامل کر کے اپنی روایات اور کلچر کو پسماندگی کا سبب قرار دیتے ہوئے اس سے علیحدہ ہو جاتے تھے۔

یہی صورت حال جدید یورپی امپیریلزم میں ہے، جس نے ایشیا اور افریقہ کی تہذیبوں کو فرسودہ قرار دے کر ختم کر دیا۔ کلونیل ازم کے خاتمے، ایشیا اور افریقہ کے ملکوں میں یورپی کلچر کا تسلط ہے، اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ وہ آزاد ہو گئے ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *