آغا روح اللہ کے نیشنل کانفرنس سے اختلاف اور استعفے کی وجوہات کیا ہیں؟

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے رکنِ پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی طویل عرصے سے خطے کی خصوصی آئینی حیثیت کی بحالی کے مطالبے اور انڈین حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں اور اب حکمران جماعت نیشنل کانفرنس اور انڈین پارلیمان کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد وہ ایک بار پھر سیاسی بحث کا مرکز بن گئے ہیں۔

ان کا الزام ہے کہ نیشنل کانفرنس نے 2024 کے انتخابات میں کشمیری عوام سے کیے گئے سیاسی اور آئینی حقوق کی بحالی کے وعدے پورے نہیں کیے۔

انڈپینڈنٹ اردو کو بڈگام میں اپنی رہائش گاہ پر دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں آغا روح اللہ نے کشمیر کے انڈیا سے الحاق کی شرائط، آرٹیکل 370 کی منسوخی، نیشنل کانفرنس سے اختلافات اور اپنے استعفے کے فیصلے پر تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے انتخابات میں اس مقصد کے تحت حصہ لیا تھا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق، بالخصوص آرٹیکل 370 کی بحالی کے لیے جدوجہد کرے، لیکن جماعت اپنے وعدوں پر پورا اترنے میں ناکام رہی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آغا روح اللہ اپنے سیاسی کیریئر کے دوران تین مرتبہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور کابینہ وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں، جس کے بعد 2024 میں وہ انڈین پارلیمان کے رکن منتخب ہوئے۔

 یہ دن ان کے والد اور معروف مذہبی و سیاسی رہنما آغا سید مہدی کی 26ویں برسی کا بھی دن تھا، جو تین نومبر 2000 کو ایک بم دھماکے میں جان سے چلے گئے تھے۔

آغا روح اللہ نے جون 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں سری نگر کی نشست پر نیشنل کانفرنس کے امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے تین لاکھ 56 ہزار 866 ووٹ حاصل کرکے اپنے قریبی حریف پی ڈی پی کے وحید الرحمان پرہ کو ایک لاکھ 88 ہزار 416 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔

آغا روح اللہ کے استعفے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے الزام عائد کیا کہ وہ مبینہ طور پر ’آپریشن لوٹس‘ کا حصہ بن گئے ہیں، جس کا مقصد جماعت کو کمزور کرنا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے ان کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس اقدام سے بی جے پی کے سیاسی ایجنڈے کو فائدہ پہنچا ہے۔

تین نومبر کو ضلع بڈگام میں بہشتِ زہرا پارک میں ایک جلسے سے خطاب میں، جہاں انہوں نے اپنے استعفے کا اعلان کیا، آغا روح اللہ نے نہ صرف اپنی جماعت کی جانب سے ’حالتِ جمود کو معمول بنانے‘ کی پالیسی پر تنقید کی بلکہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اس کے برتاؤ پر سوال اٹھاتے ہوئے اکثریتی سیاست (میجارٹیرین ازم) کو بھی ہدفِ تنقید بنایا۔

اس جلسے کا ایک اور اہم واقعہ تفیل متو کے والد محمد اشرف متو کا خطاب تھا۔ تفیل متو وہ نوعمر لڑکا تھا جو 2010 میں کشمیر میں پولیس کی کارروائی کے دوران جان سے چلا گیا تھا۔

آغا روح اللہ نے اسی جلسے کے دوران اپنا استعفیٰ محمد اشرف متو کے حوالے کیا۔ اشرف متو نے نیشنل کانفرنس پر الزام عائد کیا کہ اس کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ وہ وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کو انسان نہیں سمجھتے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی مرضی سے اس اجتماع میں شریک ہوئے تھے، کیونکہ وہ اسے اپنی بات رکھنے کا ایک موقع سمجھتے تھے۔

تاہم، ان کی شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر آغا روح اللہ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ناقدین نے اس بات کی نشاندہی کی کہ 2010 میں، جب تفیل متو کی موت ہوئی تھا، روح اللہ عمر عبداللہ کی کابینہ میں وزیر رہ چکے تھے۔

انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے اس تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر آغا روح اللہ نے دوٹوک جواب دیا: ’انصاف ہو کر رہے گا، خواہ اس کے لیے میری گردن پر تلوار ہی کیوں نہ رکھ دی جائے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *