جنوبی کوریا میں سرٹیفائیڈ ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے خفیہ کیمرے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے نقل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حکومت نے بھی ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
34 سالہ ہان وون سیوک نے اتوار کو اپنے وکیل لی ڈون ہو کے یوٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو میں نقل کرنے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سیئول میٹروپولیٹن پولیس ایجنسی کے سامنے بھی اپنے جرم کا اعتراف کر چکے ہیں۔
ہان وون سیوک نے اپریل میں ہونے والے امتحان کے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے اور 160 میں سے 159 سوالات کے درست جوابات دیے تھے، جس پر شکوک و شبہات پیدا ہوئے اور سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
بعد ازاں انہوں نے دوسرے مرحلے کے تحریری امتحان میں 800 میں سے 663 نمبر حاصل کیے اور مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ہان وون سیوک نے ویڈیو میں کہا ’میں نے ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان کے پہلے اور دوسرے دونوں مراحل میں الیکٹرانک آلات اور جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے نقل کی۔‘
ان کے مطابق انہوں نے ایک چھوٹے خفیہ کیمرے کی مدد سے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں، انہیں مصنوعی ذہانت کے ایک ٹول کو بھیجا اور اپنے اسمارٹ فون پر ان کے جوابات حاصل کیے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جب پہلی مرتبہ ان پر نقل کرنے کے الزامات سامنے آئے تو ہان وون سیوک نے ان کی تردید کی تھی، تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کے جذبات اور احساسات کے بارے میں سوچنے کے بعد انہوں نے اپنا مؤقف تبدیل کیا اور اعتراف کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے میرٹ پر کامیاب ہونے والے دیگر امیدواروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف پیسے کمانے اور ایسی ملازمت حاصل کرنے کے لیے نقل کی، جس کے ذریعے وہ دوبارہ اپنے والدین کا فخر بن سکیں۔
انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ اسی طریقہ کار کے ذریعے سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹ )سی پی اے) کے امتحان کے پہلے مرحلے میں بھی نقل کر چکے ہیں۔ یہ اکاؤنٹنگ کے شعبے کی ایک الگ پیشہ ورانہ اہلیت ہے۔
پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
جنوبی کوریا کی قومی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق، سیئول میٹروپولیٹن پولیس ایجنسی نے اتوار کو بتایا کہ اسے اسی روز صبح امیدوار کے وکیل کے ذریعے تحریری اعتراف موصول ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق معاملہ مزید تحقیقات کے لیے متعلقہ تفتیشی حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ روزگار و محنت اور ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ سروس آف کوریا، جو اس امتحان کا انعقاد کرتی ہے، نے اعتراف سامنے آنے کے بعد ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔
ادارے نے امتحان میں نقل کی روک تھام میں ناکامی پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہان وون سیوک کے خلاف اپنے امور کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں فوجداری مقدمہ درج کرائے گا۔
ادارے کے مطابق اس سے قبل اسے نقل کے حوالے سے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے تھے جبکہ امتحانی نگرانی پر مامور چاروں نگرانوں نے بھی کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع نہیں دی تھی۔
صدر کے پالیسی چیف ہا جون کیونگ نے کہا کہ امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے اور ماضی میں نقل کرنے والوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا جائے گا۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے نقل کرنے والے کسی بھی امیدوار کی پیشہ ورانہ سند منسوخ کر دی جائے گی اور اسے پانچ سال تک دوبارہ امتحان دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب مرکزی اپوزیشن جماعت پیپلز پاور پارٹی نے کہا ہے کہ ریڈیو فریکوئنسی ڈیٹیکٹرز بھی آزمائشی امتحان کے دوران (اے آئی) عینکوں کا سراغ لگانے میں ناکام رہے۔
حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے امتحانی نگرانی کے نظام میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے اور اس معاملے میں ذمہ داروں کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امتحانات میں اے آئی کے ذریعے نقل کے بڑھتے واقعات
یہ سکینڈل جنوبی کوریا کے سالانہ کالج داخلہ امتحان سے چند روز قبل سامنے آیا ہے، جو جمعرات کو منعقد ہوگا اور جس میں تقریباً پانچ لاکھ 50 ہزار طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔
جنوبی کوریا میں معیاری قومی امتحانات کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ امتحانات میں معمولی نمبروں کا فرق بھی یونیورسٹی میں داخلے کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
تعلیم کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران مڈل اور ہائی اسکولوں میں اے آئی عینکوں کے ذریعے نقل کے چار واقعات سامنے آئے ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ ماہ دو امیدواروں کے بارے میں بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے سیئول کی دو جامعات میں داخلہ امتحانات کے دوران اے آئی عینکوں کے ذریعے نقل کرنے کی کوشش کی۔
جنوبی کوریا میں کالج داخلہ امتحان کو مقامی زبان میں ’سونیونگ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ امتحان اعلیٰ درجے کی جامعات میں داخلے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور اسے معاشرتی ترقی، معاشی تحفظ اور یہاں تک کہ اچھے رشتے کے حصول کا ذریعہ بھی تصور کیا جاتا ہے۔
