وہ امن جو صرف بندوق سے قائم نہیں ہو سکتا

خیبر پختونخوا اور سابق قبائلی اضلاع کی ایک پوری نسل نے تعلیم اور ترقی کی بجائے جنگ و جدل کے ماحول میں آنکھ کھولی ہے۔

عسکریت پسندی، فوجی کارروائیوں، نقل مکانی اور ٹارگٹ کلنگ کے سلسلوں نے اس خطے کو تباہ حال سکول، مفلوج معیشت، اجڑے گھر اور خوف زدہ معاشرہ دیا ہے۔

عام شہریوں، فوجی اہلکاروں، اساتذہ، قبائلی مشران اور سیاسی کارکنوں سمیت ہر طبقے نے اس طویل کشمکش کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔

اس سب کے باوجود امن آج بھی ایک خواب ہے۔ اگر کئی دہائیوں سے جاری سکیورٹی کو اولین ترجیح دینے والی پالیسی پائیدار امن قائم نہیں کر سکی تو اب اس پالیسی کے بنیادی مفروضوں اور ترجیحات پر سنجیدگی سے نظر ثانی ناگزیر ہے۔

میرا بنیادی مؤقف یہ ہے کہ عسکریت پسندی کو صرف طاقت کے استعمال سے جڑ سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

ہتھیار کسی خطرے کو وقتی طور پر دبا سکتے ہیں لیکن ان سیاسی، سماجی، معاشی اور نظریاتی عوامل کا خاتمہ نہیں کر سکتے جو انتہا پسندی کو جنم دیتے ہیں۔

پائیدار امن کے لیے معیاری تعلیم، معاشی مواقع، آئینی حقوق، جمہوری شمولیت اور جواب دہ حکمرانی لازم ہیں۔

باچا خان کی زندگی اور جدوجہد بھی یہی سبق دیتی ہے کہ علم، سماجی اصلاح اور عدم تشدد ایک پُرامن معاشرے کی مضبوط بنیادیں ہیں۔

یہ محض مقامی مسئلہ نہیں

افغان سرحد کے ساتھ جاری تشدد کو محض خیبر پختونخوا یا خصوصاً سابق قبائلی اضلاع کا مسئلہ سمجھنا حقیقت سے صرف نظر کے مترادف ہے۔

اس خطے کو سرد جنگ کی پراکسی کشمکش، ’افغان جہاد‘، 2001 کے بعد شروع ہونے والی جنگ اور علاقائی و عالمی طاقتوں کے بدلتے مفادات نے مسلسل متاثر کیا۔

چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک جنگجو، اسلحہ، مالی وسائل اور انتہا پسند نظریات سرحد کے دونوں طرف نقل و حرکت کرتے رہے۔

اس صوبے کے عوام نے یہ جنگ شروع نہیں کی لیکن اس کے اثرات اور نقصانات کا سب سے بڑا بوجھ ان ہی کے حصے میں آیا۔

اسی پس منظر میں یہ مسئلہ صرف سکیورٹی اداروں کے سپرد نہیں کیا جا سکتا۔

فوجی قوت کسی فوری خطرے کو روکنے یا کسی علاقے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے مگر علاقائی سفارت کاری، سرحدی نظم و نسق، تجارت، پناہ گزین اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات جیسے پیچیدہ معاملات کا حل سیاسی بصیرت اور سفارتی حکمت عملی ہی سے ممکن ہے۔

یہاں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بدقسمتی سے اکثر جماعتوں نے مشکل سوالات کا سامنا کرنے کی بجائے یہ بوجھ فوج پر چھوڑ دیا اور بعد ازاں نتائج پر تنقید کرتی رہیں۔

اب تمام سیاسی قوتوں کو آگے بڑھ کر ایک متفقہ اور واضح افغانستان پالیسی تشکیل دینی چاہیے، سلامتی سے متعلق فیصلوں پر پارلیمانی نگرانی کا مطالبہ کرنا چاہیے، عوام کو اعتماد میں لینا چاہیے اور قومی سطح پر حقیقت پسندانہ مکالمے کی قیادت کرنی چاہیے۔

پائیدار امن کسی ایک ادارے کا انفرادی کارنامہ نہیں ہو سکتا؛ اس کے لیے منتخب قیادت کو ذمہ داری بھی قبول کرنا ہوگی اور جواب دہ بھی ہونا ہوگا۔

سوات کا تجربہ اور بحالی کا سبق

2009 کے تنازعے کے بعد سوات میں انتہا پسندی کے خاتمے اور بحالی کے لیے شروع کیے گئے پروگرام نے ایک اہم تصور پیش کیا: منظم اور پُرتشدد عسکریت پسندوں کو ان نوجوانوں سے الگ کیا جائے جنہیں جبر، استحصال یا ذہنی اثراندازی کے ذریعے شدت پسند نیٹ ورکس میں شامل کیا گیا تھا۔

اس پروگرام کے تحت قائم سباوون مرکز نے بحالی پر کام کیا۔ نفسیاتی مشاورت، دینی رہنمائی، رسمی تعلیم، فنی تربیت اور خاندان و معاشرے میں دوبارہ شمولیت کو ایک مربوط عمل کا حصہ بنایا گیا۔

یہ سوچ درست سمت میں ایک اہم قدم تھی، تاہم چند مراکز کسی جامع قومی پالیسی کا متبادل نہیں بن سکتے۔

بحالی کے ایسے پروگراموں کو عارضی منصوبوں کی بجائے مستقل، باقاعدہ مالی وسائل اور سول انتظامیہ کی نگرانی میں چلنے والے ادارہ جاتی نظام کا حصہ بنانا ہوگا۔

ان کا دائرہ نوجوانوں سے آگے بڑھا کر خاندانوں اور مقامی برادریوں تک وسیع کرنا بھی ضروری ہے۔

کلاس روم: دفاع کی پہلی صف

اگر بحالی علاج ہے تو تعلیم انتہا پسندی کے خلاف سب سے مؤثر پیش بندی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے تعلیمی نظام میں حد سے زیادہ مرکزیت، نظریاتی مداخلت، رٹے پر انحصار اور اساتذہ کی ناکافی تربیت نے تنقیدی سوچ اور سوال اٹھانے کی صلاحیت کو کمزور کیا ہے۔

ایسے ماحول میں طلبہ مختلف بیانیوں کو پرکھنے کی بجائے انہیں بلا سوال قبول کرنے کے عادی ہو جاتے ہیں۔

پاکستان کو ایسے جامع نصاب کی ضرورت ہے جو سائنسی تحقیق، آئینی شعور، مذہبی رواداری، تنقیدی فکر اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دے۔

اس نصاب میں پشتون خطے کی تاریخ، زبانوں، ادب اور ثقافتی ورثے کو بھی مناسب جگہ ملنی چاہیے۔

لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے معیاری تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانا ہوگی۔

خیبر پختونخوا کو اپنی تعلیمی پالیسی اور ترجیحات کے تعین میں مؤثر صوبائی اختیار حاصل ہونا چاہیے۔

مدارس کو اصلاحی عمل سے الگ رکھنے یا محض شک کی نگاہ سے دیکھنے کی بجائے مکالمے، رجسٹریشن، تعلیمی معاونت اور جدید مضامین کی شمولیت کے ذریعے اس عمل میں شریک کیا جانا چاہیے۔

مقامی روایت میں امن کا راستہ

انسداد انتہا پسندی کی قومی بحث میں اکثر اس فکری اور ثقافتی سرمائے کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے جو پشتون معاشرے کی اپنی روایت میں موجود ہے۔

رحمان بابا اور خوشحال خان خٹک کا کلام، مہمان نوازی، جرگے اور اجتماعی تدبر کی روایات اور سب سے بڑھ کر باچا خان کی عدم تشدد پر مبنی فکر، اس معاشرے کی ایسی قوتیں ہیں، جنہیں امن کی تعمیر میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

باچا خان کے نزدیک عدم تشدد کمزوری یا پسپائی نہیں، بلکہ نظم و ضبط، اخلاقی جرات اور اجتماعی ذمہ داری کا نام تھا۔ خدائی خدمت گار تحریک نے عام لوگوں کو تعلیم، سماجی اصلاح اور پُرامن جدوجہد کے گرد منظم کیا۔

اس ورثے کو صرف تقریبات اور یادگاری تقاریر تک محدود رکھنے کی بجائے عملی سماجی پروگرام میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

تعمیرِ نو کے منصوبوں میں لائبریریاں، ثقافتی مراکز، کھیلوں کے میدان، نوجوانوں کی انجمنیں اور مکالمے کے فورم شامل ہونے چاہییں۔

انضمام کا وعدہ اور ادھوری تکمیل

2018 میں سابق فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام نوآبادیاتی انتظامی ڈھانچے کے خاتمے اور مساوی شہریت کی جانب ایک تاریخی قدم تھا، تاہم اس وعدے کی تکمیل اب بھی نامکمل دکھائی دیتی ہے۔

کئی علاقوں میں عدالتوں، پولیس، تعلیم، صحت اور دیگر عوامی خدمات کی فراہمی مطلوبہ معیار تک نہیں پہنچ سکی جبکہ ترقیاتی وعدے بھی بڑی حد تک تشنۂ تکمیل ہیں۔

ضم شدہ اضلاع کے عوام برابر کے شہری ہیں، انہیں مستقل سکیورٹی زون یا غیر معمولی انتظامی تجربے کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔

اس کے لیے آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بااختیار مقامی حکومتوں کا قیام، اٹھارویں آئینی ترمیم کی روح کے مطابق صوبائی اختیارات کا احترام، مؤثر اور جواب دہ سول پولیس، قابلِ رسائی عدالتیں اور آزادانہ نگرانی کا نظام ضروری ہے۔

ترقی احسان نہیں، ریاستی فرض ہے

غربت بذاتِ خود لازماً انتہا پسندی کو جنم نہیں دیتی، لیکن بے روزگاری، معاشی محرومی، بار بار کی نقل مکانی اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی شدت پسند عناصر کے لیے سازگار ماحول ضرور پیدا کر سکتی ہے۔

ضم شدہ اضلاع کو اعلانات اور وعدوں سے آگے بڑھ کر ٹھوس اقدامات درکار ہیں: سکولوں میں حاضر اور تربیت یافتہ اساتذہ، ہسپتالوں میں ادویات اور عملہ، منڈیوں تک رسائی کے لیے سڑکیں، قابلِ اعتماد بجلی و مواصلات، اور نوجوانوں کے لیے روزگار سے منسلک فنی تربیت۔

ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی میں مقامی آبادی کی شمولیت، فنڈز کے شفاف استعمال اور نتائج کی آزادانہ نگرانی کو بنیادی اصول بنایا جانا چاہیے۔

ترقی کسی علاقے پر کیا جانے والا احسان نہیں، شہریوں کا حق اور ریاست کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

انصاف کے بغیر امن ممکن نہیں

ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ لاپتہ افراد، جبری گمشدگیوں، غیر قانونی حراست اور پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر پابندیوں جیسے معاملات کو نظر انداز کرکے امن کے بارے میں کوئی سنجیدہ اور دیانت دارانہ مکالمہ ممکن نہیں۔

قانون کی حکمرانی کا تقاضا ہے کہ ریاستی اختیار بھی آئین اور قانون کے تابع ہو۔

آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 9، 10 اور 14 زندگی اور آزادی کے تحفظ، گرفتاری و حراست کے معاملات میں قانونی ضمانتوں اور انسانی وقار کی حرمت کو یقینی بناتے ہیں۔

یہ حقوق ہر شہری کے لیے ہیں اور ان کا اطلاق بلاامتیاز ہونا چاہیے۔

نعروں کی بجائے مربوط حکمتِ عملی

خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے لیے ایک ایسی جامع حکمتِ عملی درکار ہے جو الگ الگ اور وقتی اقدامات کی بجائے تمام بنیادی پہلوؤں کو ایک مربوط نظام میں جوڑے۔

اس حکمت عملی کا ایک بنیادی اصول یہ بھی ہونا چاہیے کہ کسی بھی عسکریت پسند گروہ کو تزویراتی مفاد یا خارجہ پالیسی کے آلے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اچھے اور برے طالبان یا عسکریت پسندوں کی تفریق نے ماضی میں ریاستی پالیسی کو کمزور اور عوامی نقصان کو بڑھایا ہے۔

تشدد کے تمام مسلح نیٹ ورکس کے بارے میں یکساں، واضح اور اصولی پالیسی ہی اعتماد بحال کر سکتی ہے۔

اصل امتحان

سباوون کے بچے دراصل ایک بڑے قومی سوال کی علامت ہیں: کیا پاکستان خیبر پختونخوا کو ہمیشہ ایک سکیورٹی مسئلے کے طور پر دیکھتا رہے گا؟ امن بندوق کی نوک پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔

اسے عوام کے ساتھ مل کر، اعتماد، انصاف اور سیاسی شمولیت کی بنیاد پر تعمیر کرنا ہوتا ہے۔ اس عمل کی قیادت عوام کے منتخب نمائندوں کو کرنی چاہیے۔

کامیابی کا پیمانہ صرف فوجی کارروائیوں کی تعداد، چیک پوسٹوں یا برآمد کیے گئے ہتھیاروں سے نہیں ہوگا، اصل کامیابی وہ دن ہوگا جب بچے خوف کے بغیر سکول جائیں، کاروبار بلاخوف چلیں، شہری آزادانہ سیاسی رائے دے سکیں اور ہر شخص کو دباؤ یا امتیاز کے بغیر انصاف میسر ہو۔

پاکستان کو جنگ کے سائے میں پلنے والی ایک اور نسل نہیں چاہیے۔ اسے ایسی نسل درکار ہے جو تعلیم، امن، وقار اور جمہوریت کی روشنی میں پروان چڑھے۔

یہ ہی خیبر پختونخوا کے عوام کا حق ہے اور یہی ریاست کی اصل ذمہ داری۔

نوٹ: ڈاکٹر احسان اللہ خان عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ہیں۔ یہ تحریر ان کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ 

یہ مضمون خیبر پختونخوا کے مسئلے پر جاری بحث میں مختلف آرا کو جگہ دینے کی پالیسی کا حصہ ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *