کرسی کی انٹیمیسی اور موڑھوں کی سرگوشی، ہم اکیلے کیوں ہوئے؟

وائے فائے یا موبائل کو الزام دینا غلط ہے، ہم لوگ اپنے فرنیچر چوائس کی وجہ سے اکیلے پن کا شکار ہوئے ہیں۔

صندلی کا لفظ سنا ہے آپ نے؟ ہماری والدہ پشاور کی تھیں، وہ سناتی تھیں کہ بچپن میں ایک بڑا سا لحاف ہوتا تھا، اتنا پھیلا ہوا کہ آٹھ دس بندے بہت آرام سے آ جائیں۔

اندر اس کے بیچ میں ایک چھوٹی چوکور میز یا سٹول رکھا ہوتا اور اس کے نیچے ہوتی تھی اچھے سلگے ہوئے کوئلوں کی ایک انگیٹھی، بجلی آ گئی تو انگیٹھی کی جگہ 90 واٹ کا بلب بھی لگا دیتے تھے۔

اب سردیوں میں پورا مکان گرم کرنے کی بجائے ہر بندہ صندلی میں ہوتا تھا۔ جس نے ہوم ورک کرنا ہے وہ بستہ سنبھالے بیٹھا ہے، اخبار پڑھنے والا اپنا کام کر رہا ہے، جو مونگ پھلی کھا رہا ہے وہ آخری دانے تک اسی سے جڑا ہوا ہے ۔۔۔ ایک لحاف ہے، اپنے اپنے کام کے حساب سے کوئی گردن تک اندر ہے، کوئی ٹانگیں سیکنے پر اکتفا کر رہا ہے لیکن بیٹھے سب ایک ہی جگہ ہیں، منہ آمنے سامنے ہیں، بیٹھے ہیں تو بات چیت بھی ہو گی، بات ہو گی تو اکیلا کون ہو گا؟

فرش کی اصل موج یہ ہی تھی، سردی گرمی جتنے بندے مرضی بٹھا لیں ایک جگہ پر ۔۔۔ زیادہ عزت دینی ہے تو روئی کا گدا ڈال دیں، گاؤ تکیہ پیش کریں، ادھر ہی دستر خوان ڈالا، کھانا کھایا، سب کچھ سمیٹا، ٹانگیں سیدھی کر لیں، آرام کیا، اٹھے، السلام علیکم۔

اسی طرح چارپائی تھی، جہاں جہاں دھوپ جاتی تھی اس کو گھسیٹ کے لیٹے رہتے تھے، وہ بڑی بندہ نواز قسم کی چیز تھی، پہلا مہمان آیا سرہانے کی جگہ بٹھا دیا، خود پائنتی مل لی، دوسرا آیا دوسرا سرہانہ پیش کر دیا، تین بندے مہذب طریقے سے اس پر بیٹھ سکتے تھے اور اس فرنیچر کی بُنت ایسی تھی کہ خلوص خواہ مخواہ بیچ میں شامل ہوتا تھا، لڑائی کر کے آپ کبھی ایک چارپائی پہ نہیں بیٹھ سکتے ۔۔۔ یہ عجیب بات تھی اس میں۔

لڑائی کا مزہ ہی کرسی پہ آتا ہے، آمنے سامنے ٹیک لگا کے، ٹانگ پہ ٹانگ رکھ کے بندہ منہ در منہ ہو سمجھ بھی آتی ہے، چارپائی میں یہ گن کہاں تھے بھئی؟

تو کرسی نے ہمیں انڈویجولزم کا پہلا سبق دیا۔ مجھے یاد ہے سکول میں ایک ڈیسک اور بینچ پہ تین بچے سکون سے بیٹھتے تھے، دیکھتے ہی دیکھتے الگ الگ کرسی نے فل ٹائم جگہ مل لی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کرسی لیکن پھر بھی اچھی چیز تھی، اگلے دن اعجاز ملک صاحب سے بات ہو رہی تھی تو کرسی کی ایک خوبی انہوں نے یہ بتائی کہ جب تک کرسی تھی، انٹیمیسی باقی تھی، اسے کم از کم قریب کر کے رکھ تو سکتے تھے، گفتگو ممکن تھی۔

یہ بڑے بڑے دیو ہیکل صوفے جب سے آئے ہیں انسان اتنا دور ہو کے بیٹھتا ہے کہ بات کرنا ہی ممکن نہیں ہوتا اور یہ حق بات ہے۔

آپ دیکھ لیجیے جا کے اپنا ڈرائنگ روم یا بڑے بڑے ہوٹلوں کی لابی ۔۔۔ فاصلہ اتنا ہے کہ دو معزز انسان اونچا بولے بغیر بات ہی نہیں کر سکتے، یہ کیا طریقہ ہے؟

آپ غور کریں، اور سب چھوڑیں موڑھے دیکھ لیں، ہلکی پھلکی چیز، مہمان آنے پہ سامنے رکھے ورنہ ایک کے اوپر ایک چڑھا کے دیوار سے لگا دیے، پہلی بات کہ جگہ بچتی ہے دوسری پھر وہی ۔۔۔ دو موڑھوں پہ آپ کان کے اندر سرگوشی بھی اطمینان سے کر سکتے ہیں۔

اب والے فرنیچر کے ساتھ تو یار تکلف اتنا زیادہ جڑا ہوا ہے کہ موسم کے حال اور سیاست کے علاوہ جینوئنلی کچھ بھی نہیں بچتا بولنے کو۔

تو مقصد یہ ہے کہ بھیا موبائل اور وائے فائے کو الزام دینا آسان ہے، انہوں نے کدھر آپ کو جواب دے دینا ہے کوئی، بات اصل میں اتنی سی ہے کہ ان سب چیزوں سے بہت پہلے ہماری دیواروں کے ساتھ صوفے لگ چکے تھے اور موڑھے یا چارپائیاں پی ٹی وی کے ڈراموں میں غربت زدہ ماحول دکھایا کرتی تھیں، تو ہماری ذہنی تربیت جو ہو گئی وہ بس ہو گئی ۔۔۔ اب چڑیاں کھیت چگ گئیں، اکیلے پن کو کوسیں یا پینٹ شرٹ پہنے صوفے پہ بیٹھے حسنین جمال کا دیسی کلچر پہ لیکچر سنیں، سکرین پر اور دعائیں دیں۔ اللہ بس، باقی ہوس!


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *