کابل پر دباؤ کے لیے طورخم کی بندش کب تک؟

بند سرحد ایک بہت زوردار پیغام ہوتی ہے، جب تک کہ دوسرا فریق سننا نہ چھوڑ دے۔

دہائیوں سے طورخم پاکستان اور افغانستان کے درمیان کاروبار کی ریڑھ کی ہڈی رہا ہے اور اسلام آباد نے اس راستے کو کابل کے خلاف ایک مؤثر سودے بازی کے حربے کے طور پر استعمال کیا۔ طورخم اور دیگر گزرگاہوں کی بندش کسی ٹیرف یا کسٹمز کے تنازعے کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک ہی مطالبے پر ہے: کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف کارروائی۔

پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے مستقل رہا ہے۔ کابل کو ٹی ٹی پی کو پناہ دینا بند کرنی چاہیے (جس سے کابل انکار کرتا ہے)، اسے پناہ گاہیں فراہم کرنا چھوڑنا ہو گا اور زبانی جمع خرچ کی بجائے زمینی سطح پر حقیقی اقدامات کرنے ہوں گے۔

یہ بندش اب اس بات کا امتحان لے رہی ہے کہ آیا پاکستان دہشت گردی کو سزا دے رہا ہے یا تجارت کو اور آیا اسلام آباد کابل کو محدود کر رہا ہے یا کابل پر اپنا اثر و رسوخ کھو رہا ہے۔

شواہد بتاتے ہیں کہ اس بندش سے دونوں طرف تجارت کی تشکیل نو ہو رہی ہے۔ اس ماہ کے شروع میں جنوبی وزیرستان میں انگور اڈہ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد طورخم پر عارضی بندش عمل میں آئی، جو دونوں طرف کے ثالثوں کی مداخلت کے بعد ہی دوبارہ کھلا۔

پاکستان فوج  کے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان دہشت گردوں کو پناہ دینے کا ’بوجھ برداشت نہیں کر پائیں گے۔‘

دہشت گردی کا محاذ غیر مستحکم چلا آ رہا ہے۔ طورخم تجارت کے لیے بند ہے۔ رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، مطالبات میں کوئی لچک نہیں آئی۔

تجارت پر اس کے اثرات کا قریب سے جائزہ لینا ضروری ہے۔

افغان تاجروں کے لیے طورخم محض ایک سرحد پار کرنے کی جگہ نہیں تھی۔ یہ ان کے لیے مانوس اور تقریباً خاندانی حیثیت رکھتا تھا۔ یہ سستا تھا اور وہ اس کے نظام سے واقف تھے۔ اب وہ نئے نظام سیکھ رہے ہیں۔ آپ افغانستان کے لیے سرحد بند کر سکتے ہیں، لیکن کسی افغان کے اندر سے کاروبار ختم نہیں کر سکتے۔

جون 2026 کے ورلڈ بینک کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ افغان درآمدات کا 48 فیصد حصہ وسطی ایشیا اور 46 فیصد ایران کے راستے آیا۔ پاکستان کے راستے تقریباً کچھ نہیں آیا۔ جو تاجر اپنا ٹرک طورخم کے راستے بھیجتا تھا، اب اسے ایران یا ازبکستان بھیجتا ہے۔ اسے نئے ایجنٹس، نئے بینک چینلز اور نئے ڈرائیور مل گئے ہیں۔ ایک بار جب وہ نیا راستہ سیکھ لے گا، تو باآسانی واپس نہیں آئے گا۔

اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ افغانستان نے تجارت کا کوئی نیا بڑا حجم حاصل کر لیا ہے۔ کوئلے کی برآمدات، جو کبھی پاکستان جایا کرتی تھیں، اب تقریباً صفر ہیں، لیکن کابل دوسرے طریقوں سے خود کو ڈھال رہا ہے۔

جون 2026 میں اس کی ٹیکسٹائل کی برآمدات 21.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 304 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ ایک چھوٹی رقم ہے، لیکن یہ ایک بات ثابت کرتی ہے: طورخم کو بند کر دیں تو لوگ کسی تعطل کا شکار نہیں ہوں گے، کم از کم مکمل طور پر نہیں۔

روزنامہ ’ڈان‘ کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لیے پاکستان کی برآمدات 74 فیصد کم ہو کر سال 2024-25 کے 1.391 ارب ڈالر سے گھٹ کر سال 2025-26 میں 358 ملین ڈالر رہ گئیں۔

ادویات اس کی سب سے واضح مثال ہیں۔ پاکستان کی کل ادویات کی برآمدات 30 فیصد کم ہو گئیں، جو کہ 457.46 سے کم ہو کر 319.01 ملین ڈالر رہ گئیں اور فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجہ سرحدی بندش ہے۔ لاہور میں افغانستان کے لیے ادویات تیار کرنے والی فیکٹریاں، پشاور میں آٹے کی ملیں اور کوئٹہ میں سیمنٹ کی دکانیں، ان سب کے گاہک اب کم ہو چکے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پشاور کی فیڈرو فارماسیوٹیکلز (Fedro Pharmaceuticals)، جو اپنی ادویات کا تقریباً 70 فیصد حصہ افغانستان اور وسطی ایشیا کے لیے پیک کرتی تھی، کے چیف ایگزیکٹو نے سی این اے (CNA) کو بتایا کہ ان کے پاس ایسے آرڈرز رہ گئے جنہیں وہ پورا نہیں کر سکے اور فارسی اور روسی زبان میں چھپی پیکیجنگ کو ضائع کرنا پڑا۔

ایم ایم الہی ٹریڈرز (MM Ellahi Traders)، جو چاول، گوشت، سٹرس اور آلو برآمد کرتی ہے، کے لیے افغانستان اور وسطی ایشیا کبھی آمدنی کا 80 فیصد حصہ بناتے تھے۔ اب وہ  کم ہو کر صرف 5 فیصد رہ گیا ہے۔

وسطی ایشیا کو اشیا فروخت کرنے کا اسلام آباد کے اپنے منصوبے کا کیا بنا؟ وہ اب کہیں زیادہ مہنگا ہو چکا ہے۔ ایک برآمد کنندہ نے سی این اے کو بتایا کہ طورخم کے راستے کارگو 2,000 سے 3,000 ڈالر میں ایک ہفتے کے اندر ازبکستان پہنچ جاتا تھا۔ اب ایران کے راستے سامان بھیجنے پر 10,000 سے 13,000 ڈالر لاگت آتی ہے اور اس راستے پر تقریباً چھ ہفتے لگتے ہیں جو بلوچستان سے ہو کر گزرتا ہے، جہاں سکیورٹی کے خطرات بہت زیادہ ہیں۔ اس لاگت اور رفتار کے ساتھ، پاکستانی اشیا کے لیے مقابلہ کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔

اسے ایک دکان کی طرح سمجھیں۔ اگر آپ کسی گاہک سے ناراض ہو کر اپنی ہی دکان بند کر دیں، تو آپ گاہک کو سزا نہیں دے رہے ہوتے۔ آپ اسے کہیں اور تلاش سکھا رہے ہوتے ہیں۔

دباؤ کا حربہ صرف اسی وقت کام کرتا ہے جب سرحد زیادہ وقت کھلی اور کچھ وقت کے لیے بند ہو۔ اسے بہت طویل عرصے کے لیے بند کر دیں تو یہ کسی کو خوف زدہ کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ لوگ اس پر بھروسہ کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور دوسرے راستے تلاش کرنے لگتے ہیں۔ دباؤ اسی وقت کام کرتا ہے جب تین باتیں سچی ہوں: دوسرے فریق کے پاس کوئی اور متبادل نہ ہو، آپ نقصان کو ان سے زیادہ طویل عرصے تک برداشت کر سکیں اور آپ اس کاروبار کو ہمیشہ کے لیے کھونے کو تیار ہوں۔

تو کیا طورخم کی بندش نے کابل کے رویے کو بدل دیا ہے؟ تصویر ملی جلی ہے۔ نسبتاً لحاظ سے دیکھا جائے تو افغانستان کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، کیونکہ وہ خوراک اور ادویات کے لیے پاکستان پر انحصار کرتا تھا، لیکن ڈھانچہ جاتی لحاظ سے پاکستان نے زیادہ نقصان اٹھایا: اس نے اپنے گاہک، ایک گزرگاہ کے طور پر اپنا کردار اور افغانستان کے لیے سمندر تک کے اہم راستے کے طور پر اپنا اثر و رسوخ کھو دیا۔

طویل بندش اس تجارتی تعلق کو بھی کمزور کرنے کا خطرہ پیدا کرتی ہے، جس نے سب سے پہلے پاکستان کو اس کا دباؤ کا حربہ فراہم کیا تھا۔ اب جب کہ فریقین اصل قیمت سے واقف ہیں، نئی شرائط پر مذاکرات فوری طور پر شروع ہونے چاہییں۔

صرف تجارتی دباؤ شاید ٹی ٹی پی کے معاملے پر کابل کو جھکانے کے لیے کافی نہ ہو۔ پاکستان کو کابل کے ساتھ براہ راست زیادہ حقیقت پسندانہ توقعات کے ساتھ رابطہ کرنا چاہیے۔ کابل ان لوگوں کے خلاف کھلے عام نہیں جائے گا، جو کبھی امریکہ کے خلاف اس کے شانہ بشانہ لڑ چکے ہیں۔

اس کا مطلب لامتناہی صبر ہرگز نہیں۔ دباؤ ایک واضح ڈیڈ لائن اور ایک واضح قیمت کے ساتھ آنا چاہیے۔

تین ایسے اقدامات ہیں جو ٹی ٹی پی کے مسئلے کو تجارت سے الگ کر سکتے ہیں:

پہلا، ایک خاموش راستہ: انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں جو کابل کی خاموش رضامندی سے انجام دی جائیں، جن میں کابل عوامی سطح پر اپنے پرانے اتحادیوں کا دفاع کرنے پر مجبور ہونے کی بجائے دوسری طرف دیکھتا رہے۔

دوسرا، قطر جیسے کسی غیر جانب دار ثالث کے ساتھ ایک مشترکہ انٹیلی جنس سیل بنایا جائے جو کارروائی کی تصدیق کرے، تاکہ کوئی بھی فریق لاعلمی کا دعویٰ نہ کر سکے۔

تیسرا، 90 دن کا ایک معیار (بینچ مارک) مقرر کیا جائے۔ اگر ٹی ٹی پی کے کیمپوں کو ختم نہیں کیا گیا، تو پاکستان کو خاموش تعاون سے ہٹ کر کھلے سفارتی اور معاشی دباؤ کی طرف بڑھنا چاہیے، لیکن تب بھی تجارت بند کرنے کا قدم نہیں اٹھانا چاہیے۔

نائلہ محسود سیاسی اور بین الاقوامی تعلقات کی محقق ہیں، جن کی توجہ علاقائی سیاست اور سلامتی کے مسائل پر ہے۔

نوٹ: یہ تحریر جو اس سے قبل عرب نیوز پاکستان پر شائع ہوچکی ہے، جو مصنفہ کی ذاتی رائے پر مبنی ہے اور انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *