امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے ) نے امریکہ بھر میں فلائٹ آپریشنز کئی گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد اس کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔
ملک میں پروازوں کا نظام تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک معطل رہا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی ) کے مطابق امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق کہ ملک میں تمام پروازیں ’غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات‘ کی بنا پر عارضی طور پر روکی گئیں۔
اس اقدام سے سے وسیع و عریض ملک بھر میں سفر کے شعبے میں افراتفری پھیل گئی۔
جمعے کی سہ پہر ملک بھر میں تمام پروازیں روکے جانے کے باعث سینکڑوں پروازوں کا رخ موڑنا پڑا۔ حکام نے اس کی وجہ علاقائی ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی مسائل کے باعث پیدا ہونے والے ’غیر معمولی حالات‘ کو قرار دیا ہے۔
ایف اے اے نے کہا ہے کہ ادارے کی جانب سے مواصلاتی مسائل کے باعث عائد ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ اٹھائے جانے کے بعد طیاروں کی روانگی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
یہ ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ جنوری 2023 کے بعد پہلا ہے جب ایف اے اے کے ایک اہم کمپیوٹر سسٹم میں خلل پیدا ہوا تھا، اور 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد یہ دوسرا موقع تھا۔
ملک کے اعلی ترین ہوم لینڈ سکیورٹی عہدےدار نے اس مسئلے کی وجہ مواصلاتی نظام میں تعطل کو قرار دیا اور کہا کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ مواصلاتی نظام کی اس ناکامی کا تعلق کسی سائبر حملے سے تھا۔ اس کے نتائج انتہائی گہرے تھے، جس سے کم از کم جمعے کو رات دیر تک ممکنہ طور پر ہزاروں طے شدہ پروازیں متاثر ہوئیں اور مسافروں کے سفری منصوبے درہم برہم ہو گئے۔
ایف اے اے کے نوٹس کے مطابق جمعے کی پابندیاں ’غیر معمولی حالات اور حفاظت کی وجوہات کی بنا پر‘ عائد کی گئیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ ادارہ مواصلات کے اس مسئلے کی تحقیقات کر رہا ہے جس نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں کے درمیان دوران پرواز طیاروں کی رہنمائی کرنے والے 22 علاقائی ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کیا۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر مارک وین ملن کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کو ہر معاملے کی الگ نوعیت کے مطابق نمٹایا گیا اور جمعے کی شام کچھ پروازوں کو روانہ ہوتے دیکھا گیا۔ دریں اثنا، الاسکا ایئر لائنز نے کہا کہ الاسکا اور ہوائی کے اندر چلنے والی کچھ پروازیں متاثر نہیں ہوئیں۔
وین ملن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ ابھی تک اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ ’یہ ہمارے خلاف کوئی مذموم حملہ تھا۔ فی الحال یہ محض مواصلاتی نظام کا تعطل ہے۔‘
وین ملن نے کہا کہ ’ہر کوئی محفوظ ہے۔ اگر آپ کے پیارے فضائی سفر کر رہے ہیں تو ان کے بارے میں پریشان ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘
گراؤنڈ سٹاپ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 827 پروازوں کا رخ موڑا جا چکا ہے۔ ہوا بازی کے تجزیاتی ادارے سیریم کے مطابق امریکی مشرقی وقت کے مطابق شام سات بج کر پانچ منٹ تک 670 پروازوں کو واپس اسی ہوائی اڈے پر بھیج دیا گیا جہاں سے انہوں نے اڑان بھری تھی، جب کہ 157 پروازوں کا رخ کسی دوسرے ہوائی اڈے کی طرف موڑا گیا۔
جن ہوائی اڈوں پر زیادہ تر پروازوں کا رخ موڑا گیا ان میں واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ، سنسناٹی/ناردرن کینٹکی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نیش ول انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل تھے۔
امریکی مشرقی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے کے بعد امریکہ کے ہوائی اڈوں سے تقریباً 11 ہزار پروازیں روانہ ہونا طے تھیں جن میں 15 لاکھ سے زیادہ مسافر سوار تھے، جس سے مزید پروازوں کی منسوخی اور ان کا رخ موڑے جانے کا امکان بڑھ گیا۔
یونائیٹڈ ایئر لائنز اور امریکن ایئر لائنز نے کہا کہ جو پروازیں پہلے ہی فضا میں ہیں وہ جاری رہیں گی۔
امریکن ایئر لائنز نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’جب ایف اے اے یہ ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ اٹھائے گا تو صارفین کو جلد از جلد ان کی منزل کی طرف روانہ کرنے کے لیے امریکن کا پورا عملہ بھرپور طریقے سے متحرک ہو گا۔‘
جمعے کی سہ پہر شکاگو اوہیئر ایئرپورٹ پر سکیورٹی سے گزرنے والے مسافروں کو گراؤنڈ سٹاپ کا علم اس وقت ہوا جب انہوں نے سکرینوں پر نظر ڈالی جن پر ہر طرف پروازوں میں تاخیر دکھائی جا رہی تھی۔
کچھ مسافروں نے دوستوں یا اہل خانہ کو فون کیے اور اس بات پر غور و خوض کرتے رہے کہ آیا رات شکاگو میں قیام کیا جائے یا اپنی منزلوں تک پہنچنے کا کوئی اور راستہ تلاش کیا جائے۔
27 سالہ ایمبر میک کوئلکن ایک بینچ پر بیٹھی مایوس ہو رہی تھیں کہ شاید وہ دوستوں کے ساتھ لیگ آف لیجنڈز کے عالمی فائنل کے لیے نیویارک جانے کا سفر کھو دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دوست پہلے ہی وہاں پہنچ چکے تھے۔
اس سفر کے لیے ایک ہفتے کی چھٹی لینے والی سیئٹل کی سافٹ ویئر انجینئر نے کہا کہ ’مجھے واقعی کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
’میں نے سوچا کہ بس پرواز چھوڑ کر گاڑی چلا کر چلی جاؤں، لیکن پھر جتنا میں نے اس بارے میں سوچا، مجھے اتنا ہی لگا کہ یہ بہت تکلیف دہ ہو گا۔‘
آسٹن کرٹس اور ان کی اہلیہ شکاگو میں قیام کے دوران تاخیر کا شکار ہونے کے بعد ساؤتھ بینڈ، انڈیانا سے ڈینور میں ایک دوست کے بیبی شاور کی تقریب میں جانے کے اپنے سفر پر نظرثانی کر رہے تھے۔
وہ اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ڈینور جانے والی پرواز میں سوار ہو چکے تھے جب انہیں طیارے سے اترنے کو کہا گیا۔
کرٹس نے کہا کہ ’ہم نے انہیں اپنے اور دیگر طیاروں سے سامان اتارتے ہوئے دیکھا تھا، اس لیے ہم اندازہ لگا رہے ہیں کہ یہ خاصی طویل تاخیر ہونے والی ہے۔‘
انہیں یقین نہیں تھا کہ ہوٹل کا کمرہ لیں یا ہوائی اڈے پر ہی تاخیر ختم ہونے کا انتظار کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر پر ان کے دو چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کا انتظام پہلے سے موجود ہونے کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ وہ ویک اینڈ شکاگو میں ہی گزاریں۔
کھیلوں کی ٹیمیں پھنس گئیں اور کارگو پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ این بی اے، این ایچ ایل اور کالج کی ٹیمیں اپنی منزلوں تک پہنچنے کی کوشش میں پھنس کر رہ گئیں۔ دریں اثنا، این ایف ایل کی ٹیمیں اس سوچ میں پڑ گئیں کہ آیا یہ مسئلہ اس ویک اینڈ پر ہونے والے ان کے میچوں کے سفر کے لیے بروقت حل ہو جائے گا یا نہیں۔
گراؤنڈ سٹاپ کی وجہ سے کارگو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دنیا کی سب سے بڑی کارگو ایئر لائن فیڈ ایکس نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ تعطل کو کم سے کم رکھنے کے لیے ہنگامی منصوبوں کو فعال کرنے کے لیے تیار ہے۔
ہوا بازی کی صنعت کے تجارتی گروپ ایئر لائنز فار امریکہ کے مطابق امریکی ایئر لائنز روزانہ 220 سے زیادہ ممالک کو اور وہاں سے خطوط سے لے کر پارسلز تک تقریباً 61 ہزار ٹن سامان منتقل کرتی ہیں۔
ایف اے اے کے ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ کے باوجود سپیس ایکس نے جمعے کی سہ پہر ٹیکسس سے اپنے سٹار شپ راکٹ کو اس کی تازہ ترین آزمائشی پرواز پر روانہ کیا۔
پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے کوئی ٹائم لائن نہیں دی گئی۔ وین ملن نے کہا کہ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لیں گے کہ آیا اس کا تعلق مسائل کی نشاندہی کرنے اور طیاروں کے راستے تبدیل کرنے میں مدد دینے والے ایف اے اے کے نئے مصنوعی ذہانت کے نظام کے ملک گیر نفاذ سے ہے یا نہیں۔ لیکن یہ سسٹم واشنگٹن ڈی سی کے قریب ایک ہی مقام سے کام کرتا ہے اور صرف ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کو سفارشات بھیجتا ہے۔
گذشتہ سال کانگریس کی جانب سے اس منصوبے کے لیے ساڑھے 12 ارب ڈالر کی منظوری کے بعد سے حکومت اس فرسودہ ٹیکنالوجی کو مکمل طور پر تبدیل کرنے پر کام کر رہی ہے جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز انحصار کرتے ہیں۔ میلوں لمبی پرانی تانبے کی تاروں کو فائبر آپٹک لائنوں سے تبدیل کر دیا گیا ہے اور ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر پرانے ریڈیو سسٹمز کو بتدریج تبدیل کیا جا رہا ہے۔
لیکن ابھی بہت سا کام باقی ہے۔ ڈفی نے کہا ہے کہ اس کام کو مکمل کرنے کے لیے مزید 30 ارب ڈالر درکار ہوں گے، اور وائٹ ہاؤس نے اس کی منظوری کے لیے کانگریس میں لابنگ شروع کر دی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہوا بازی کی حفاظت کے ماہر سٹیو آرویو نے کہا کہ یہ مسئلہ ستمبر میں علاقائی ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی تعطل جیسا دکھائی دیتا ہے جس نے شمال مشرقی علاقے میں سینکڑوں پروازوں کو متاثر کیا تھا، سوائے اس کے کہ اس بار یہ ملک گیر سطح پر ہوا ہے۔ اس کا تعلق ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے زیر استعمال فرسودہ ٹیکنالوجی سے ہو سکتا ہے۔
یونائیٹڈ ایئر لائنز کے سابق پائلٹ آرویو نے کہا کہ ’اگر آپ کے پاس یہ صلاحیت نہیں ہے، چاہے اس کی وجہ یہ ہو کہ ان کے پاس موجود پرانی تاریں خستہ حال ہو چکی ہیں یا کوئی بھی اور وجہ ہو، تو آپ کو طیاروں کو زمین پر ہی روکنا ہو گا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’اور انہیں فضا میں نہیں بھیجنا چاہیے جہاں آپ ان سے رابطہ نہ کر پانے کا خطرہ مول لیں۔‘
آرویو نے کہا کہ جمعے کا گراؤنڈ سٹاپ 11 ستمبر کے بعد لگائے گئے گراؤنڈ سٹاپ سے مختلف تھا کیوں کہ طیاروں کو فوری طور پر اترنے کے لیے نہیں کہا جا رہا تھا اور پائلٹ ممکنہ طور پر ہوائی اڈوں پر موجود گراؤنڈ کنٹرولرز سے رابطہ کرنے کے قابل تھے۔
چھ ہزار پروازیں منسوخ
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ اور ہوا بازی کے ڈیٹا کے آن لائن پلیٹ فلائٹ اویئر کا کہنا ہے کچھ بین الاقوامی روٹس سمیت تقریباً چھ ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ملک بھر کے ہوائی اڈوں کی فوٹیج میں گیٹس بھرے ہوئے دکھائی دیے، اور طیارے رن ویز پر انتظار کرتے رہے۔
مسافر اس تعطل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے بے تاب ہو کر ایئرپورٹ کی راہداریوں میں جمع ہو گئے جس نے ان کے سفری منصوبوں کو درہم برہم کر دیا تھا۔
