آنجہانی ہائنز وون فورسٹر کے مطابق جمعہ 13 نومبر 2026 قیامت کا دن ہے۔ پروفیسر وون فورسٹر اور یونیورسٹی آف الینوائے میں ان کے دو ساتھیوں نے 1960 میں جریدے ’سائنس‘ میں یہ پیش گوئی شائع کی تھی۔ اس کے بعد سے اس مقالے پر بڑے پیمانے پر بحث کی جاتی رہی ہے۔
ان کا قیامت کا تصور غیر روایتی تھا، جس کی وجہ دنیا کی آبادی کا پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے بڑھنا تھا۔ مقالے کے مطابق بالآخر انسانوں کی تعداد لامحدود ہو جائے گی، بالکل لفظی معنوں میں۔ جیسا کہ وون فورسٹر نے کہا کہ ان کی نسلوں کی ’دب کر موت ہو جائے گی۔‘
وون فورسٹر نے جان بوجھ کر اپنا تجزیہ اس طرح ترتیب دیا کہ یہ نتیجہ ناگزیر ہو جائے۔ انہوں نے ایک ریاضیاتی مساوات بنائی، جس سے مطلوبہ نتیجہ آنا پہلے سے طے شدہ تھا اور ایک درست تاریخ نکالنے کے لیے اسے گذشتہ دو ہزار سال کے انسانی آبادی کے ڈیٹا پر لاگو کیا۔ 13 نومبر 2026 ان کی 115ویں سالگرہ کا دن ہوتا۔
یہ مقالہ وون فورسٹر کا یہ نکتہ واضح کرنے کا طریقہ تھا کہ 1960 میں انسانی آبادی میں اضافے کی شرح اس قابل نہیں تھی کہ اسے برقرار رکھا جا سکے۔ یہ نتیجہ نیا نہیں تھا، یہ سلسلہ تھامس مالتھس کے 18ویں سینچری کے مضمون ’ایسے آن دی پرنسپل آف پاپولیشن‘ سے جا ملتا ہے۔ مسئلہ وون فورسٹر کا تجویز کردہ حل تھا، یعنی بڑے پیمانے پر شرح پیدائش پر قابو پانا۔
آگے کیا ہوا؟
دیگر افراد بھی اسی طرح کے نتائج پر پہنچے۔ 1968 میں ایک امریکی ماہر حیاتیات اور ماہر ماحولیات پال ایرلچ نے اپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب دی پاپولیشن بم لکھی۔
انہوں نے بڑے پیمانے پر قحط کی پیش گوئی کی۔ چار سال بعد دی لمٹس ٹو گروتھ کے نام سے ایک رپورٹ سامنے آئی، جو ایک کمپیوٹر ماڈل پر مبنی تھی، جس میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ بڑھتی ہوئی آبادی سیارے کے وسائل ختم کر دے گی، جس سے 2020 کی دہائی تک نظام تباہ ہو جائے گا۔
یہ پیش گوئیاں بالکل غلط ثابت ہوئیں، لیکن اس سے پہلے سیارے کو بچانے کے نام پر بے پناہ نقصان پہنچایا جا چکا تھا۔ 1970 کی دہائی کے دوران بین الاقوامی اداروں نے شرح پیدائش پر قابو کو زبردست طریقے سے فروغ دیا، یہاں تک کہ اسے غذائی امداد حاصل کرنے کی شرط بنا دیا۔ جنوبی ایشیا میں جبری نس بندی کے پروگرام متعارف کروائے گئے۔ چین کی ایک بچے کی پالیسی 2015 تک برقرار رہی۔
ان تمام پروگراموں کو ترک کر دیا گیا، تاہم دنیا میں 15 سال سے کم عمر افراد کی تعداد 2021 میں پھر بھی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ کئی ممالک اب اپنی بوڑھی ہوتی ہوئی آبادی کے حوالے سے فکرمند ہیں۔
جاپان، ہنگری، ترکی اور یہاں تک کہ چین بھی جوڑوں کی زیادہ بچے پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ یہ اس مستقبل سے بالکل مختلف ہے جس کا تصور وون فورسٹر اور ان کے ہم خیال آبادی کے حوالے سے مایوسی کا شکار افراد 1960 کی دہائی میں کر رہے تھے۔
پانچ اسباق
کچھ لوگ قیامت کے دن والے اس مقالے کو ایک تاریخی دلچسپی قرار دیتے ہیں، جسے درگزر کے ساتھ دیکھا جانا چاہیے۔ میں اس سے متفق نہیں ہوں۔ میں اسے ایک ایسی سبق آموز کہانی کے طور پر دیکھتا ہوں جو ہر قسم کی سائنسی پیش گوئیوں پر اعتماد کو ٹھیس پہنچاتی ہے۔ اسے آج کی تباہی کی پیش گوئیوں کی خوبیوں پر غور کرنے کا سبب بننا چاہیے۔
گذشتہ مہینے ایک انتہائی اہم رپورٹ میں 17 ’بڑے تباہ کن خطرات‘ کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے دو میں ’نسل کشی کے امکانات‘ (جوہری جنگ اور اے آئی کا خطرناک استعمال) موجود تھے اور سال 2100 تک ان کے اثرات کی پیش گوئی کی گئی۔
اگر اس قسم کی سرگرمی واقعی آبادی میں اضافے کی پیش گوئیوں سے زیادہ قابل اعتبار ہے، تو اس کے فرق کو واضح کرنا ضروری ہے۔ اس کی شروعات کرنے کا ایک اچھا طریقہ یہ ہے کہ وون فورسٹر کے مقالے سے پانچ اسباق حاصل کیے جائیں۔
پہلا یہ کہ، سائنس اور کسی نظریے کی حمایت کے درمیان ایک بے چین کرنے والا تعلق ہے۔ سائنس کا مقصد بحث کے لیے معلومات فراہم کرنا ہے، جب کہ نظریے کی حمایت کا مقصد اس بحث کو جیتنا ہے۔ حامیوں کا ایک پسندیدہ ہتھیار بدترین صورت حال کو پیش کرنا ہے، اور قیامت کا دن آخری حد تک بدترین صورت حال ہے۔ یہ کسی سنجیدہ سائنسی دلیل کی بجائے محض ایک لفاظی کا طریقہ ہے۔
دوسرا یہ کہ اثر پیدا کرنے کے لیے مبالغہ آرائی کرنا کمزور سائنس ہے اور بالآخر نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ جیسا کہ سائنس کے حوالے سے عوام کے رویوں کے مطالعے سے ظاہر ہوتا ہے، جب لوگوں کو شبہ ہوتا ہے کہ سائنس دان اپنی حد سے تجاوز کر رہے ہیں تو وہ ان پر اعتماد کھو دیتے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تیسرا یہ کہ، قیامت کے دن کی مساوات ایک عمومی اصول کو واضح کرتی ہے: جس طریقے سے کوئی ماڈل تیار کیا جاتا ہے وہ ممکنہ نتائج کا پہلے سے تعین کر دیتا ہے۔ وون فورسٹر نے اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا اور ایک توجہ طلب نتیجہ تیار کیا۔ یہی بات بہت سی دوسری پیش گوئیوں کے لیے بھی سچ ہے، اگرچہ عموماً اتنی کھلے عام نہیں ہوتی۔ کسی پیچیدہ نظام کا کوئی بھی ماڈل اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔
چوتھا یہ کہ ’سائنس کی پیروی‘ کرنے کے دعوے جائز بحث کی حوصلہ شکنی کر سکتے ہیں اور سائنس دانوں کی جانب سے اپنے ماڈل تیار کرتے وقت کیے گئے انفرادی انتخاب سے توجہ ہٹا سکتے ہیں۔ آبادی میں تیزی سے اضافے کی ان خوفناک پیش گوئیوں کو اس وقت ناقابل تردید سمجھا جاتا تھا اور شکوک و شبہات ظاہر کرنے والوں پر یہ الزام لگایا جاتا تھا کہ وہ جان بوجھ کر اس تباہی سے انکار کر رہے ہیں، جو لازمی طور پر آنے والی ہے۔ یہ خالصتاً تکبر تھا۔
پانچواں یہ کہ، تکلیف دہ شواہد کو نظر انداز کرنا بالآخر الٹا نقصان دہ ثابت ہو گا۔ وون فورسٹر اور دیگر اس بات کو مدنظر رکھنے میں ناکام رہے کہ امیر، صحت مند اور بہتر تعلیم یافتہ معاشروں میں رہنے والے لوگ کم بچے پیدا کریں گے، اس حد تک کہ شرح پیدائش میں کمی شرح اموات میں کمی سے بڑھ جائے گی۔
یہ ’آبادیاتی تبدیلی‘ 1960 تک پہلے ہی شروع ہو چکی تھی اور اس نے آبادی کے حوالے سے مایوس افراد کی دلیل کو جان لیوا حد تک کمزور کر دیا تھا۔ آبادی کے دھماکے کا جواب ترقی تھا۔
غور و فکر کی ضرورت
قیامت کا یہ تازہ ترین دن بھی کسی غیر معمولی واقعے کے بغیر گزر جائے گا، لیکن ایک اور ہمیشہ سر پر کھڑا رہتا ہے۔ یہ انسانی تاریخ میں بار بار دہرایا جانے والا موضوع ہے۔ ہو سکتا ہے کہ سائنس دانوں نے پیغمبروں اور صوفیا کی جگہ لے لی ہو، لیکن کیا وہ واقعی ان سے کچھ بہتر ہیں؟
1960 اور 1970 کی دہائی میں آبادی میں اضافے کی ’سائنسی‘ پیش گوئیاں نوسٹراڈیمس کی خوف پھیلانے والی پیش گوئیوں سے زیادہ قابل اعتبار ثابت نہیں ہوئیں۔ اس واقعے اور آج کی پیش گوئیوں کے درمیان اتنی زیادہ مماثلتیں ہیں کہ غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
آج کے بہت سے سائنس دان عالمی خطرات کے حوالے سے واقعی اور گہری تشویش میں مبتلا ہیں (میری اپنی سب سے بڑی تشویش ایک اور عالمی وبا ہے۔) ان خدشات کی بنیاد سائنسی شواہد اور آراء کے ایک بڑے ذخیرے پر ہے۔ اس کے باوجود، حالیہ تاریخ کے اسباق کو نظر انداز کرنا اور دوبارہ وہی غلطیاں کرنے کا خطرہ مول لینا غیر ذمہ دارانہ ہوگا۔
جمعہ 13 نومبر 2026 سائنس دانوں کے لیے اس بات پر غور کرنے کا ایک موقع ہے کہ جب بات پیش گوئی کی ہو، تو تھوڑی سی عاجزی بہت کام آتی ہے۔ تباہی کی پیش گوئیوں پر سوال اٹھانے والا کوئی بھی شخص مناسب چھان بین کر رہا ہے اور اچھے سائنس دانوں کو اس کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔
