وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جمعے کو کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ اس عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے اوگرا قیمتوں کے تعین کا مکمل طریقۂ کار بھی اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔‘
جمعے کو میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ اوگرا بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔ ان کے مطابق اوگرا نہ صرف عالمی مارکیٹ میں رائج قیمتیں (پلیٹس) اپنی ویب سائٹ پر شائع کرے گی بلکہ یہ بھی واضح کرے گی کہ عوام تک پہنچنے والی قیمت کن عوامل کی بنیاد پر مقرر کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد قیمتوں کے تعین کے پورے نظام کو زیادہ شفاف بنانا ہے تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کس بنیاد پر مقرر کی جاتی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت اپنے اس وعدے پر آج بھی قائم ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے لیوی کے حوالے سے جاری بحث پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام پر بین الاقوامی معاہدوں سے بڑھ کر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا۔ ان کے مطابق 27 اور 28 فروری کو نافذ لیوی اور کاربن سپورٹ کی سطح کے مقابلے میں موجودہ بوجھ اس سے کم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ایک جانب شفافیت کو فروغ دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب قیمتوں کے تعین کے عمل کو حکومتی مداخلت سے نکال کر ریگولیٹر کے سپرد کیا جا رہا ہے تاکہ تمام فریقوں کے مفادات میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ قیمتوں کے تعین کا نظام سات ورکنگ دنوں کے اوسط بین الاقوامی نرخوں کی بنیاد پر کام کرے گا، جس سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے یا کمی کا اثر بروقت مقامی مارکیٹ تک منتقل ہو سکے گا اور اس حوالے سے حکومتی سطح پر بار بار اعلانات کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔
