پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعرات سے مائیکروسافٹ آؤٹ لک میل سروس سمیت دیگر سروسز تک رسائی بڑے پیمانے پر معطل ہو گئی، جس سے لاکھوں صارفین کو ای میل دیکھنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ وہ سروسز کی معطلی کے اثرات کم کرنے کے لیے ’بھرپور طریقے سے‘ کام کر رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس تعطل کی وجہ مائیکروسافٹ نے اپنے بنیادی ڈھانچے پر پڑنے والے ’اضافی بوجھ‘ کو قرار دیا، جو امریکہ میں دفتری اوقات کے زیادہ تر حصے تک جاری رہا اور اس سے کمپنی کی دیگر پراڈکٹس جیسے کہ ٹیمز اور اے آئی اسسٹنٹ کوپائلٹ بھی متاثر ہوئیں۔
سروسز کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کی رپورٹ کے مطابق، یہ تعطل ایک گھنٹے کے اندر پوری دنیا میں پھیل گیا، جس سے 74 ممالک اور خطوں میں مائیکروسافٹ کی سروسز متاثر ہوئیں۔
We’re investigating reports of users experiencing issues accessing Exchange Online mailboxes through multiple connection methods in the Americas. More details can be found in the Microsoft 365 admin center under EX1550543.
— Microsoft 365 Status (@MSFT365Status) November 12, 2026
ایکس پر ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کی جانب سے پوسٹ کیے گئے ایک نقشے میں دکھایا گیا کہ اس تعطل نے براعظم امریکہ سمیت یورپ، ایشیا اور افریقہ کے کچھ حصوں میں صارفین کو متاثر کیا۔
مائیکروسافٹ نے ابتدا میں کہا کہ وہ ’براعظم امریکہ‘ میں سروس کی بندش کی رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے، لیکن بعد میں اس نے تصدیق کی کہ بظاہر اس مسئلے سے ’کسی بھی خطے میں صارفین کے لیے مائیکروسافٹ 365 سروس کنیکٹیوٹی‘ متاثر ہوئی ہے۔
مائیکروسافٹ 365 کمپنی کی کلاؤڈ پر مبنی سبسکرپشن سروس ہے, جس میں آؤٹ لک اور ٹیمز جیسی مقبول ایپلی کیشنز شامل ہیں۔
User reports indicate problems with Microsoft Outlook since 12:27 PM EST. How is it affecting you? #MicrosoftOutlookDown https://t.co/Lh2v1g4EP5
— Downdetector (@downdetector) November 12, 2026
کمپنی نے ایکس پر لکھا: ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ مختلف خطوں میں انفراسٹرکچر کے ایک حصے کو اضافی بوجھ کا سامنا ہے، جو ممکنہ طور پر کنیکٹیوٹی کے مسائل کی وجہ بن رہا ہے۔‘
کمپنی نے مزید کہا کہ ’ہم اس کے اثرات کم کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے تمام راستوں پر کام کر رہے ہیں۔
’ہم نے تمام ڈیپلائمنٹس روک دی ہیں، ہم متاثرہ انفراسٹرکچر سے اضافی ٹریفک ہٹا رہے ہیں اور ہم متاثرہ سرورز کو دوبارہ سروس میں لانے کے لیے انہیں ری سٹارٹ کر رہے ہیں۔‘
ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کے مطابق، امریکہ میں مشرقی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے (1800 جی ایم ٹی) کے کچھ ہی دیر بعد تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار صارفین نے آؤٹ لک میں مسائل کی شکایت کی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے بعد سے سروس کی بندش کی شکایات میں کمی واقع ہوئی ہے اور مشرقی وقت کے مطابق شام چھ بجے (2300 جی ایم ٹی) تک تقریباً 37 ہزار صارفین نے آؤٹ لک میں مسائل کی شکایت کی۔
ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کے مطابق، ہزاروں صارفین نے ٹیمز اور کوپائلٹ میں بھی مسائل کی شکایت کی۔
تعطل گھنٹوں تک جاری رہنے کے باعث مائیکروسافٹ نے ایکس پر اپ ڈیٹس کا ایک سلسلہ پوسٹ کیا، جس میں مکمل سروس بحال کرنے کی مسلسل لیکن ناکام کوششوں کی تفصیل بیان کی گئی۔
مشرقی وقت کے مطابق شام چھ بجے کے کچھ دیر بعد کی گئی ایک اپ ڈیٹ میں، مائیکروسافٹ نے کہا کہ وہ ’محدود بحالی کا مشاہدہ‘ کر رہا ہے جب کہ اس نے صارفین کی ٹریفک کو متاثرہ سرورز سے ہٹانے کی کوشش کی ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ ’جیسے جیسے گنجائش بحال ہو گی، صارفین کو بتدریج بحالی محسوس ہو گی کیوں کہ ان کے کلائنٹس دوبارہ کنیکٹ ہو جائیں گے۔‘
کاروبار پر اثرات
روئٹرز کے مطابق اوپن اے آئی نے کہا کہ وہ مائیکروسافٹ کنیکٹرز کے ایک مسئلے کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں نئے کنکشن ٹوٹ سکتے ہیں اور ٹولز توقع کے مطابق کام نہیں کر رہے۔
اینتھروپک نے کہا کہ اس نے ایک اپ سٹریم پرووائیڈر کے ایک مسئلے کی نشاندہی کی ہے، جو اس کے مائیکروسافٹ 365 کنیکٹر کو متاثر کر رہا ہے۔
مائیکروسافٹ نے گذشتہ ماہ اپنے ایژور کلاؤڈ پلیٹ فارم کی سروس میں تعطل کی اطلاع دی تھی، جس نے ٹیکنالوجی کی اس بڑی کمپنی کے پروڈکٹیویٹی سافٹ ویئر کے مجموعے اور دنیا بھر میں مختلف صنعتوں کو متاثر کیا تھا۔
الیکٹرک ٹرک بنانے والی کمپنی ورک ہارس گروپ WKHS.O، جسے 12 نومبر کو تیسری سہ ماہی کے نتائج جاری کرنے تھے، اس نے مائیکروسافٹ کی عالمی سروس کے تعطل کی وجہ سے ہونے والے کاروباری خلل کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں 16 نومبر تک ملتوی کر دیا ہے۔
