پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بڑھتے ہوئے تنازعات اور بین الاقوامی قوانین کی کمزور ہوتی عمل داری عالمی استحکام کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔
اسحاق ڈار کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع میں اپنا ثالثی کا کردار برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ خلیج اور بحیرہ احمر کے راستے توانائی کی ترسیل اور بحری تجارت میں ممکنہ رکاوٹوں پر خدشات بڑھ رہے ہیں۔
پاکستان بارہا اس تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دے چکا ہے۔
اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ فوجی محاذ آرائی بڑے معاشی بحران کو جنم دے سکتی ہے جس کے اثرات خاص طور پر ان ترقی پذیر ممالک پر پڑیں گے جو توانائی اور خوراک کی درآمدات پر انحصار کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں بدلتے ہوئے عالمی نظام کے موضوع پر منعقدہ مارگلہ ڈائیلاگ 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا: ’ہمارے تجربے نے اس بنیادی یقین کو مزید مضبوط کیا ہے کہ شدید محاذ آرائی کے دوران بھی رابطے کے راستے کھلے رہنے چاہییں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان راستوں کو بند کرنے سے اگلے بحران پر قابو پانا مزید مشکل اور امن کا حصول زیادہ دشوار ہو جاتا ہے۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں میں اپریل کے دوران اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے 18 جون کو دستخط کی گئی مفاہمتی یادداشت کا بھی حوالہ دیا جسے انہوں نے مستقبل میں مزید مذاکرات کی بنیاد قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ وہ سعودی عرب، ترکی اور مصر کے ساتھ چار ملکی علاقائی گروپ کے ذریعے مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔
اس گروپ نے 23 اکتوبر کو برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے ساتھ بھی مشاورت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان علاقائی شراکت داروں اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر تمام سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ رابطے برقرار رہیں، مذاکرات بحال ہوں اور فریقین کی دوبارہ مذاکرات کی میز پر واپسی ممکن بنائی جا سکے۔‘
نائب وزیراعظم نے خبردار کیا کہ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مخالفتیں، طویل تنازعات اور ہتھیاروں پر کنٹرول کے معاہدوں کی کمزور ہوتی حیثیت غلط اندازوں اور خطرناک فیصلوں کے امکانات میں اضافہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی تقسیم کے باعث کثیرالجہتی عالمی ادارے، خصوصاً اقوام متحدہ، کمزور ہو رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’بین الاقوامی قوانین کا امتیازی اطلاق ان اداروں پر اعتماد کو مزید کمزور کرتا ہے جو انہی قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے قائم کیے گئے تھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب متفقہ اصولوں کا یکساں اطلاق نہیں کیا جاتا تو ان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے اور ہر ملک پہلے سے زیادہ غیر محفوظ ہو جاتا ہے۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایسے کثیر قطبی عالمی نظام کی حمایت کرتا ہے جس میں مختلف ممالک کو زیادہ مؤثر نمائندگی حاصل ہو۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ عالمی طاقت کی زیادہ ممالک میں تقسیم لازمی طور پر انصاف یا استحکام کی ضمانت نہیں، جب تک مؤثر ادارے موجود نہ ہوں اور متفقہ بین الاقوامی اصولوں کا احترام نہ کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے بدلتی ہوئی عالمی سلامتی کی صورت حال کو معاشی خطرات سے جوڑتے ہوئے خبردار کیا کہ تنازعات تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی کی فراہمی اور مالی وسائل تک رسائی کو تیزی سے متاثر کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سلامتی کا بحران معاشی جھٹکے میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں خوراک اور ایندھن کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں، جیسا کہ ہم اس وقت دیکھ رہے ہیں۔ اس سے لوگوں کے روزگار کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں اور عوامی خدمات پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین، امریکہ، سعودی عرب، ترکی اور دیگر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات اور شراکت داری کو مزید مضبوط بناتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے حصول، برآمدات میں اضافے اور تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے معاشی سفارت کاری بھی جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے پیدا ہونے والے سلامتی کے خطرات سے متعلق پاکستان کے مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام کا انحصار بین الاقوامی معاہدوں کے احترام اور تنازعات کے پُرامن حل پر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’مستقبل کا عالمی نظام آج ممالک کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں کی بنیاد پر تشکیل پائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ، عوام کی فلاح و بہبود اور زیادہ پُرامن اور منصفانہ دنیا کے قیام میں کردار ادا کرنے کی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے کرے گا۔‘
