پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو ترکی میں ہونے والے کوپ 31 سربراہی اجلاس سے خطاب میں عالمی رہنماؤں پر زور دیں گے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالی معاونت میں اضافہ کریں۔
پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی آفات سے نمٹنے اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے عالمی برادری سے زیادہ تعاون کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کو تباہ کن سیلابوں، شدید گرمی اور پانی کی قلت سمیت موسمیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، حالانکہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
پاکستان بارہا مطالبہ کر چکا ہے کہ امیر ممالک کمزور معیشتوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے زیادہ قابل رسائی مالی معاونت فراہم کریں تاکہ ان پر قرضوں کا بوجھ مزید نہ بڑھے۔
دفتر خارجہ نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا ’وہ ترقی پذیر ممالک کو اپنی موسمیاتی لچک مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے قابل پیش گوئی، مناسب اور آسانی سے دستیاب موسمیاتی مالی معاونت فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کریں گے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف آج انطالیہ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن کے تحت ہونے والی 31ویں کانفرنس آف دی پارٹیز، جسے کوپ 31 کہا جاتا ہے، کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم ملکی معیشت کو صاف توانائی کی جانب منتقل کرنے کے لیے شمسی توانائی اور توانائی کے دیگر قابل تجدید ذرائع کے فروغ کی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔
وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور قبل از وقت خبردار کرنے کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔
ملک کو بار بار سیلابوں اور شدید موسمی حالات کا سامنا ہونے کے باعث ان اقدامات کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
حکومت پاکستان اور عالمی ترقیاتی شراکت داروں، بشمول عالمی بینک، کے مشترکہ جائزے کے مطابق 2022 میں پاکستان کو تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جن سے تین کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا مالی و معاشی نقصان ہوا۔
اس کے بعد بھی پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مزید آفات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں 2025 کے مون سون کے شدید سیلاب بھی شامل ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عالمی بینک کی رواں سال شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ان سیلابوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لوگ بے گھر ہوئے اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
انطالیہ میں نو سے 20 نومبر تک ہونے والی کوپ 31 کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب حکومتوں پر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق وعدوں کو عملی اقدامات میں بدلنے اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شدید موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کرنے والے ممالک کے لیے مالی وسائل متحرک کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔
موسمیاتی مالی معاونت بین الاقوامی مذاکرات میں اختلاف کا ایک اہم موضوع ہے۔
ترقی پذیر ممالک کا مؤقف ہے کہ موجودہ مالی وعدے ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں اور مالی معاونت کے موجودہ طریقہ کار کے باعث موسمیاتی خطرات سے دوچار کمزور ممالک پر قرضوں کا مزید بوجھ پڑتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 کی صدارت کی جانب سے بلائے گئے اعلیٰ سطح کے گول میز اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور ترکی کی قیادت سمیت دیگر سربراہان حکومت سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
11 اور 12 نومبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں مختلف ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے، جہاں موسمیاتی اقدامات کو تیز کرنے، صاف توانائی میں سرمایہ کاری، موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور مالی معاونت تک رسائی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر بین الاقوامی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرے گی اور انہیں ان ممالک کے لیے زیادہ مضبوط عالمی معاونت کا مطالبہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی جنہیں موسمیاتی تبدیلی کے غیر متناسب خطرات کا سامنا ہے۔
