جب سونیا گاندھی اپنے شوہر کو سیاست میں آنے سے روکنے کے لیے ’شیرنی کی طرح لڑ گئیں‘

اٹلی کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک انڈیا کے ایوانِ اقتدار کے مرکز تک پہنچنے والی سونیا گاندھی ایک ایسے سیاسی خاندان کی سربراہ بنیں جس نے آزاد انڈیا کی تاریخ کے بیشتر حصے پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

اب 79 سالہ سونیا گاندھی، جو اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ پردے میں رکھنے کے لیے مشہور رہی ہیں، اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’Belonging: A Journey of Love‘ شائع کرنے جا رہی ہیں۔

اس کتاب میں انہوں نے اپنی زندگی کا احوال بیان کیا ہے، جسے ان کے بقول ’محبت، فرض، جدائی اور اپنی جگہ تلاش کرنے‘ کے تجربات نے تشکیل دیا۔

یہ کتاب منگل کو شائع ہو رہی ہے، ایک ایسے وقت میں جب وہ کانگریس پارٹی، جس کی وہ کبھی سربراہ رہ چکی ہیں، دوبارہ سیاسی میدان میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ان کے بیٹے راہل گاندھی بھی وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کے خلاف نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد ایک بار پھر سیاسی منظرنامے پر نمایاں ہو رہے ہیں۔

1946 میں ایک اطالوی کیتھولک خاندان میں پیدا ہونے والی سونیا کے غیر ملکی پس منظر کو انڈیا کے قوم پرست حلقے اکثر تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

ان کا بچپن شمالی اٹلی کے شہر تورین کے قریب ایک عام سے ماحول میں گزرا۔ 1965 میں ان کی ملاقات راجیو گاندھی سے اس وقت ہوئی جب وہ انگریزی زبان کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔

راجیو اس وقت کیمبرج یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔ کتاب کی اشاعت سے قبل سونیا گاندھی نے لکھا ’کیمبرج کے ایک چھوٹے سے یونانی ریستوران میں میری محبت کا سفر شروع ہوا۔‘

سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا ’جب میں پہلی بار ان سے ملی تو مجھے تقریباً فوراً ہی احساس ہو گیا کہ وہ ایسے شخص ہیں جن کے ساتھ میں واقعی زندگی گزارنا چاہوں گی۔

’اور یقیناً مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ ان کے جذبات بھی میرے لیے ایسے ہی تھے۔‘

راجیو گاندھی انڈیا کے سب سے بااثر سیاسی خاندان کے چشم و چراغ تھے۔ ان کے نانا جواہر لعل نہرو انڈیا کے پہلے وزیراعظم تھے جبکہ ان کی والدہ اندرا گاندھی نے 1966 میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا۔

سونیا اور راجیو کی شادی 1968 میں نئی دہلی میں ہوئی۔ اس موقعے پر سونیا نے وہ ساڑھی پہنی جس کا کپڑا نہرو نے انڈیا کی تحریکِ آزادی کے دوران جیل میں رہتے ہوئے اپنے ہاتھوں سے کاتا تھا۔

سونیا شادی کے بعد گاندھی خاندان کا حصہ بن گئیں۔ اپنی مضبوط ارادوں کی مالک ساس اندرا گاندھی کے ساتھ ان کے تعلق نے انہیں انڈین سیاست کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع دیا۔

انہوں نے اخبار ’دی ہندو‘ کو ایک انٹرویو میں بتایا ’یہ اس بات کی کہانی بھی ہے کہ میں نے راجیو کے خاندان اور اس ملک سے محبت کرنا کیسے سیکھا جس سے وہ تعلق رکھتے تھے اور پھر ایک وقت ایسا آیا جب میں بھی اس ملک کا حصہ بن گئی۔‘

1984 میں سونیا نے اندرا گاندھی کو اس وقت اپنی بانہوں میں تھاما ہوا تھا جب وہ اپنے محافظوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد دم توڑ رہی تھیں۔

یہ حملہ انڈین فوج کی جانب سے سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام پر کارروائی کے بعد کیا گیا تھا۔

’اپنی اہلیت ثابت کرو‘

سونیا کا کہنا ہے کہ انہوں نے راجیو کو سیاست میں آنے سے روکنے کے لیے ’ایک شیرنی کی طرح مزاحمت کی‘۔ راجیو اس وقت کمرشل پائلٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا ’جب میرے شوہر سے وزیراعظم بننے کے لیے کہا گیا تو میں اس کے بالکل خلاف تھی۔‘

انہیں راجیو کی سلامتی کے حوالے سے جو خدشات تھے وہ 1991 میں درست ثابت ہوئے، جب ایک نوعمر خودکش بمبار نے راجیو کو قتل کر دیا۔ اس حملے کا تعلق سری لنکا کی خانہ جنگی میں انڈیا کی فوجی مداخلت سے جوڑا جاتا ہے۔

اس سانحے کے بعد انہوں نے خود کو عوامی زندگی سے الگ کر لیا اور اپنی توجہ بچوں راہل اور پریانکا کی پرورش پر مرکوز کر دی۔

تاہم 1998 میں انہوں نے کانگریس رہنماؤں کی اپیل قبول کرتے ہوئے پارٹی کی قیادت سنبھال لی۔ اس وقت کانگریس اندرونی دھڑے بندی کے باعث کمزور ہو چکی تھی۔

انہوں نے اپنی مخصوص لہجے والی ہندی میں بڑے بڑے جلسوں سے خطاب کیا اور اعلان کیا کہ ان کا دل ’اس ملک کی مٹی میں دفن ہے۔‘

2004 کے عام انتخابات میں کانگریس کی غیر متوقع کامیابی کے بعد سونیا نے وزیراعظم بننے سے انکار کر دیا اور اس کی بجائے ماہرِ معاشیات من موہن سنگھ کو اس منصب کے لیے نامزد کیا۔

من موہن سنگھ نے ایک دہائی قبل انڈیا میں معاشی اصلاحات اور منڈی کو آزاد کرنے کے عمل کا آغاز کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

کانگریس میں سونیا کا بااختیار کردار بالآخر من موہن سنگھ کی حکومت کے ساتھ اختلافات کا سبب بنا، جسے بدعنوانی کے متعدد سکینڈلز کا سامنا تھا۔

عوامی بے چینی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو 2014 میں اقتدار میں آنے کا موقع فراہم کیا۔ اس انتخابی مہم کے دوران سونیا کی غیر ملکی پیدائش کو بار بار تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

مودی کے دورِ حکومت میں بی جے پی نے اپنی سیاسی بالادستی مزید مستحکم کر لی جبکہ راہل گاندھی کو کانگریس کی سیاسی ساکھ بحال کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

2019 کے انتخابات میں کانگریس کی بدترین شکست کے بعد مودی نے راہل گاندھی کو ’شہزادہ‘ کہہ کر طنز کا نشانہ بنایا تھا۔

تاہم نوجوانوں کی قیادت میں حالیہ احتجاجی تحریک نے کانگریس کو ایک بار پھر سیاسی قوت حاصل کرنے کا موقع دیا ہے۔

’کاکروچ جنتا پارٹی‘ نامی طنزیہ گروپ نے، جس کا آغاز رواں سال کے شروع میں نوجوانوں نے کیا تھا، ایک کامیاب احتجاجی مہم چلائی جس کے نتیجے میں وزیر تعلیم کو مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔

یہی گروپ ایک جاری مہم کے پیچھے بھی ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

راہل نے بھی اسی معاملے پر احتجاجی مظاہروں میں لوگوں کی قیادت کی اور کہا کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے انتخابی ادارے پر الزام عائد کیا کہ وہ ووٹر فہرستوں میں ردوبدل کر کے بی جے پی کو فائدہ پہنچا رہا ہے، تاہم انتخابی ادارے نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

راہل احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوئے، پولیس کی رکاوٹوں پر چڑھے دوڑے اور قومی پرچم لہراتے ہوئے انتخابی حکام پر جمہوری حقوق کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔

سونیا گاندھی نے، جو اب بھی انڈین پارلیمان کے ایوانِ بالا کی رکن ہیں، اخبار ’دی ہندو‘ کو انٹرویو میں کہا ’گذشتہ 12 برسوں کے دوران ہمارے ملک کے سماجی تانے بانے، جمہوریت اور اداروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’اب لوگ بے چین ہونا شروع ہو گئے ہیں اور اس نقصان کو محسوس بھی کر رہے ہیں۔‘

تاہم ان کا کہنا تھا ’میں پُرامید ہوں اور مجھے یقین ہے کہ بانڈیا کے عوام بہتر طرزِ حکمرانی کی واپسی کا خیرمقدم کریں گے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *