پاکستان میں ان دنوں سوشل میڈیا پر ایسی میمز بنائی جا رہی ہیں، جن میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کسی بھی شخص کے موبائل فون تک رسائی حاصل کرکے اس کی نجی تصاویر، ویڈیوز، واٹس ایپ چیٹس اور حتیٰ کہ براؤزنگ ہسٹری بھی دیکھ سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان میمز اور پوسٹس کے باعث بعض صارفین میں یہ سوال بھی زیر بحث ہے کہ آیا تحقیقاتی ادارے واقعی کسی کے موبائل فون میں موجود تمام معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں یا اس حوالے سے پھیلنے والی باتیں محض افواہیں ہیں۔
اس حوالے سے این سی سی آئی اے کراچی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ ادارہ فوجداری تحقیقات اور ڈیجیٹل فارنزک سمیت مختلف طریقوں سے تفتیش کرتا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
انہوں نے کہا: ’ہم سمجھتے ہیں کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کی خدمات استعمال کرنے والے شہریوں کی پرائیویسی کا تحفظ ضروری ہے۔ ہماری زیادہ سے زیادہ کوشش ہوتی ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے اور تمام لوگوں کی سکیورٹی، حفاظت اور ڈیجیٹل پرائیویسی یقینی بنائی جائے۔‘
طارق نواز کے مطابق سوشل میڈیا پر موبائل فونز تک غیر مجاز رسائی یا پرائیویسی کی خلاف ورزی سے متعلق جو تاثر عام ہو رہا ہے، ایسا نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل تحقیقات کے دوران ادارہ بعض مخصوص ٹولز استعمال کرتا ہے۔
واضح رہے کہ طارق نواز کا یہ انٹرویو اس وقت کیا گیا تھا جب وہ این سی سی آئی اے کراچی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھے۔ بعد ازاں وہ دوبارہ محکمہ پولیس میں چلے گئے۔
دوسری جانب آئی ٹی ایکسپرٹ غلام نبی مگسی کے مطابق تکنیکی طور پر کسی موبائل فون میں موجود تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے، تاہم عام طور پر اس کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ موبائل فون یا اس سے منسلک اکاؤنٹ کسی طرح متاثر (Compromise) ہو چکا ہو۔
غلام نبی مگسی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ نقصان دہ ایپلی کیشنز، مشکوک لاگ اِن، بدنیتی پر مبنی پروموشنز یا جاسوسی سافٹ ویئر کے ذریعے موبائل فون میں موجود معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ان کے مطابق بعض جاسوسی سافٹ ویئر خاموشی سے صارف کا ڈیٹا جمع کرکے کسی دوسرے شخص کو بھیج سکتے ہیں، جن میں پیغامات، فائلیں اور لوکیشن سمیت دیگر معلومات شامل ہو سکتی ہیں۔ بعض صورتوں میں ایسے سافٹ ویئرز کے ذریعے کیمرے اور مائیکروفون تک بھی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
غلام نبی مگسی نے بتایا کہ بعض جدید جاسوسی سافٹ ویئر ایسے بھی ہوتے ہیں، جو صارف کی جانب سے کسی لنک پر کلک کیے بغیر موبائل فون میں انسٹال ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بننے والی میمز اور سائبر کرائم کے خلاف کارروائیوں کی خبروں کے بعد نوجوانوں میں بھی موبائل فون کے استعمال اور سوشل میڈیا پر مواد شیئر کرنے کے حوالے سے احتیاط دیکھی جا رہی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی کے نوجوان محمد شعیب نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ پہلے دوستوں کے درمیان ہنسی مذاق کے دوران ایک دوسرے کو مختلف چیزیں بھیجنے اور شیئر کرنے کا معمول تھا، لیکن اب اس حوالے سے نوجوانوں میں بھی خوف پایا جاتا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک دوست کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسے کسی نے اچانک ایک گروپ میں شامل کر دیا جہاں نامناسب اور برہنہ مواد شیئر ہونا شروع ہو گیا، جس کے بعد ان کا اکاؤنٹ بند ہو گیا۔
محمد شعیب کے مطابق ان کا دوست گذشتہ دو سے چار سال سے اس اکاؤنٹ کے ذریعے آمدنی حاصل کر رہا تھا، لیکن اکاؤنٹ بند ہونے کے بعد اس کی کمائی کا سلسلہ بھی رک گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے اور گرفتاریوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد نوجوانوں میں خوف پیدا ہوا ہے اور اب وہ دوستوں کے ساتھ مذاق کرنے یا سوشل میڈیا پر کوئی چیز شیئر کرنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔
محمد شعیب کے بقول: ’سب کو ڈر ہوتا ہے، سب کو اپنی جان کی پڑی ہوتی ہے، اس لیے اب کوئی بھی یہ کام نہیں کرتا۔‘
سوشل میڈیا پر بننے والی میمز اور ان پر ہونے والی بحث نے ڈیجیٹل پرائیویسی کے حوالے سے شہریوں کے سوالات کو نمایاں کیا ہے۔ ایک طرف تحقیقاتی ادارہ ڈیجیٹل تحقیقات کے دوران مخصوص ٹولز کے استعمال اور شہریوں کی پرائیویسی کے تحفظ کی بات کرتا ہے، تو دوسری جانب آئی ٹی ماہرین کے مطابق نقصان دہ سافٹ ویئر اور سائبر حملوں کے ذریعے موبائل فون میں موجود نجی معلومات تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ہر پوسٹ یا میم کو حقیقت سمجھنے کے بجائے اس کی تصدیق کرنا اور موبائل فون کی سکیورٹی سے متعلق درست معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔
