پاکستان نے اتوار سے شروع ہونے والی سہ ملکی سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا ہے جس میں سلمان علی آغا کی سینچری اور فاسٹ بولرز نے اہم کردار ادا کیا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے 37 رنز سے فتح حاصل کی۔
اس سہ ملکی سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ تیسری ٹیم انگلینڈ ہے جو اپنا پہلا میچ 20 اکتوبر یعنی کل پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔
پہلے میچ کی بات کی جائے تو ایک مرتبہ پھر پاکستانی بیٹنگ کو لڑکھڑاتے دیکھا گیا جب صرف 118 کے مجموعی سکور پر چار بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔
مگر پھر کریز پر آئے سلمان علی آغا جو انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے بیچ ہی واپس بھیج دیے گئے تھے اور اپنی بیٹنگ پر کافی تنقید کی زد میں تھے۔
سلمان آغا نے اس میچ میں نہ صرف پاکستانی بیٹنگ کو سنبھالا بلکہ خود پر ہونے والی تنقید کا جواب بھی سینچری سے دیا۔
انہوں نے حسن نواز کے ساتھ مل کر 97 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور 90 گیندوں پر 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس اننگز اور پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان 305 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکا۔
سلمان کی اس اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی سینچری سے زیادہ بات ان کی خوشی منانے کے انداز پر ہو رہی ہے۔
انہوں نے سینچری سکور کرنے کے بعد اپنے گال پر اس انداز میں انگلی رکھی جیسے وہ کچھ حیرانی کا اظہار کر رہے ہوں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میچ کے بعد سلمان علی آغا جب پریس کانفرنس کرنے آئے تو ان سے اسی بارے میں سوال بھی کیا گیا کہ انہوں نے ’مختلف انداز میں سینچری سیلیبریشن کی۔ وہ اس سے کیا اور کس کو پیغام دینا چاہ رہے تھے؟‘
اس پر سلمان آغا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ میں کسی کو کوئی پیغام دوں یا کسی کو غلط ثابت کروں۔ میں اپنی کرکٹ سے پیار کرتا ہوں، مجھے بیٹنگ پسند ہے اور مجھے پاکستان کے لیے کھیلنا پسند ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ صرف ایک سیلیبریشن تھی۔ میرا بیٹا اس طرح ٹی وی دیکھتا ہے تو صرف اس کے لیے تھی۔‘
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا کی سینچری کے علاوہ ایک اور مثبت چیز فاسٹ بولرز کی کارکردگی رہی۔
ایسا طویل عرصے بعد دیکھا کہ میچ میں تمام وکٹیں پاکستانی فاسٹ بولرز نے ہی حاصل کیں اور سرفہرست کپتان شاہین آفریدی رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ان کے علاوہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں لیں۔
