متعدد ائیر لائنز کا ریاض ائیرپورٹ کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان

سعودی حکام نے حوثیوں کے پے در پے حملوں کے بعد پیر کو ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کی معطلی میں توسیع کر دی ہے۔

حالیہ دنوں میں ہوائی اڈے پر حملوں کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد جان سے گئے ہیں، جن میں ہفتے کو ہونے والے حملے میں 13 افراد شامل ہیں۔ یہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں سعودی عرب پر ہونے والا سب سے مہلک حملہ تھا۔ ان حملوں میں سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ’کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنز کی معطلی میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔‘

اتھارٹی کے مطابق یہ توسیع ’تنصیبات کی حفاظت اور ان کی آپریشنل تیاری کی تصدیق کے لیے ضروری کارروائیاں مکمل کرنے‘ کی غرض سے کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے یہ واضح نہیں کیا کہ ہوائی اڈے پر پروازیں کب بحال ہوں گی۔

روئٹرز کے مطابق امریکی ڈیلٹا ایئر لائنز نے پیر کو کہا کہ وہ خطے میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث اٹلانٹا سے ریاض کے لیے اپنی مجوزہ براہ راست پروازوں کو مارچ 2027  تک موخر کر رہی ہے۔

ایک فضائی کمپنی کے لیے خلیجی ممالک کی پروازوں کی نگرانی کرنے والے ایوی ایشن کے ایک سینیئر ذریعے نے بتایا کہ سعودی عرب میں رواں ہفتے کے بقیہ کاروباری دنوں کے دوران بھی پروازیں معطل رہیں گی۔

ان کے مطابق سعودی ایوی ایشن حکام نے پیر کو فضائی کمپنی کو بھیجے گئے پیغامات میں اس بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ بندش کم از کم جمعرات تک جاری رہے گی۔ ہفتے کے اختتام تک کوئی پرواز نہیں ہوگی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہوائی اڈے کے ٹرمینلز تین اور چار کے علاوہ ریڈار اور مواصلاتی آلات کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ رن ویز کا ابھی جائزہ نہیں لیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے بھی پیر کو اعلان کیا کہ وہ ’علاقائی صورت حال میں خلل‘ کے باعث اگلے ہفتے تک ریاض آنے اور وہاں سے جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر رہی ہے۔

کمپنی نے رواں ہفتے سعودی عرب کے شہروں دمام اور جدہ کے لیے بھی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

بحرین کی قومی فضائی کمپنی گلف ایئر نے بھی کہا ہے کہ وہ ہفتے تک ریاض کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر رہی ہے۔

دوسری جانب ریاض میٹرو کے ایک سینیئر عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ حکام نے ہوائی اڈے کو خدمات فراہم کرنے والے تین میٹرو سٹیشنوں پر ٹرانسپورٹ سروسز بھی معطل کر دی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *