انڈین خواتین کرکٹ ٹیم نے اتوار کو دبئی میں ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
فائنل میں انڈیا نے سری لنکا کو شکست دی مگر جب ٹرافی لینے کی باری آئی تو پہلے پریزنٹیشن 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوئی اور اس کا اختتام بھی سری لنکن ٹیم کی جانب سے رنرز اپ ایوارڈز پر ہی ہوا۔
یہ اقدام گذشتہ سال مردوں کے ٹورنامنٹ میں انڈین ٹیم کے اسی طرح کے فیصلے کا تسلسل ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی پاکستان کے وزیر داخلہ بھی ہیں۔ انڈین ٹیم کی جانب سے ٹرافی کی تقریب میں انہیں نظرانداز کرنا دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان خراب سیاسی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
گذشتہ سال انڈیا اور پاکستان کے درمیان مختصر فوجی تنازع بھی ہوا تھا، جو تقریباً مکمل جنگ میں تبدیل ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔
دونوں ممالک باہمی طور پر کرکٹ سیریز نہیں کھیلتے اور صرف آئی سی سی اور اے سی سی کے غیر جانب دار مقامات پر ہونے والے ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترتے ہیں۔
انڈین ٹیم کے کوچ امول مزومدار نے صحافیوں کو بتایا کہ محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ انڈین کرکٹ بورڈ نے کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس فیصلے پر قائم ہیں۔ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہو چکا ہے۔ ہم چیمپیئن ہیں، اور ہمارے لیے یہی کافی ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم متحد ہیں۔ مجھے اس پوری ٹیم کے ہر فرد پر فخر ہے، جس میں سپورٹ سٹاف اور کھلاڑی سب شامل ہیں۔‘
روئٹرز نے اس معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل سے تبصرے کی درخواست کی ہے۔
گذشتہ سال بھی ایسا ہی ہوا تھا جب انڈیا نے ستمبر میں دبئی میں پاکستان کو شکست دے کر مردوں کا ایشیا کپ فائنل جیتنے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اس وقت ٹرافی کی تقریب ایک گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئی اور بالآخر ٹرافی انڈین ٹیم کو دیے جانے سے عین قبل تقریب ختم کر دی گئی۔
انڈیا آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ چیمپیئن
اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں انڈین خواتین ٹیم نے 2024 کی چیمپیئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ جیت لیا۔
یہ انڈیا کا 10 ایڈیشنز میں آٹھواں ایشیا کپ ٹائٹل ہے۔
انڈین کھلاڑی پاکستانی کھلاڑیوں سے میچ سے پہلے یا بعد میں ہاتھ ملانے سے بھی انکار کرتے رہے ہیں۔ یہ پالیسی خواتین ٹیم نے بھی جاری رکھی، جب اس نے رواں ماہ ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی۔
