پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور افغانستان کی کام ایئر کے درمیان انٹرلائن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت کابل سے مشرق وسطیٰ کے لیے فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان زمینی راستے تقریباً ایک سال سے بند ہونے کے باعث دونوں ممالک کے درمیان سفر مسلسل مشکلات کا شکار ہے۔ ایسے میں پی آئی اے اور افغان ایئرلائن کام ایئر کے درمیان انٹرلائن معاہدہ کابل سے مشرق وسطیٰ جانے والے مسافروں کے لیے ایک اہم سہولت بن کر سامنے آیا ہے، جس کے تحت ایک ہی ریزرویشن پر سفر، سامان کی منتقلی اور اسلام آباد میں ایئر سائیڈ ٹرانزٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
معاہدے کے پہلے مرحلے میں کابل سے اسلام آباد کے راستے دمام، سعودی عرب، کا روٹ فعال کر دیا گیا ہے، جس سے افغانستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے کنیکٹنگ پرواز کا سفر مزید آسان ہو جائے گا۔
ایک ہی ریزرویشن پر پورا سفر
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انٹرلائن معاہدے کے تحت مسافروں کو ہر پرواز کے لیے الگ الگ ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور پورا سفر ایک ہی ریزرویشن پر بک کیا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کابل سے بک کیا گیا سامان اسلام آباد میں پرواز تبدیل کرتے وقت دوبارہ چیک اِن نہیں کرانا پڑے گا بلکہ اسے براہ راست اگلی پرواز میں منتقل کر دیا جائے گا۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق مسافر پاکستان کے ایئر سائیڈ ٹرانزٹ میں رہتے ہوئے امیگریشن کے مرحلے سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔
زمینی راستے بند، فضائی سفر میں اضافہ
پاکستان اور افغانستان کے درمیان زمینی راستے گزشتہ تقریباً ایک سال سے بند ہونے کے باعث دونوں ممالک کے درمیان فضائی سفر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
افغانستان کے طلوع نیوز کے مطابق فضائی ٹکٹ بک کرانے کے لیے مسافروں کو 20 روز تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔
پاکستان اور کابل کے درمیان اریانا افغان ایئرلائنز اور کام ایئر کی پروازیں چلتی ہیں۔ اریانا کی پروازیں براہ راست جبکہ کام ایئر کی بعض پروازیں تہران کے راستے کابل پہنچتی ہیں۔
دونوں افغان ایئرلائنز کی دیگر ممالک کے لیے بھی پروازیں چلتی ہیں، جن میں بعض اسلام آباد کے راستے ہوتی ہیں۔ پی آئی اے اور کام ایئر کے درمیان معاہدے سے خصوصاً مشرق وسطیٰ سے کابل جانے والے مسافروں کو سہولت ملنے کی توقع ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
معاہدے میں مزید روٹس شامل ہونے کا امکان
پی آئی اے ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں دمام سے کابل کا روٹ فعال کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں سعودی عرب کے دیگر شہروں کے علاوہ عمرہ اور حج زائرین کے لیے روٹس اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو بھی اس معاہدے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
اس طرح پی آئی اے اور کام ایئر کا انٹرلائن معاہدہ افغانستان سے سعودی عرب اور دیگر مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کنیکٹنگ پروازوں کے عمل کو مزید سہل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
