ایرانی دھمکی اور چارلی کرک کے قتل کے بعد ٹرمپ کے بیٹے گوشہ نشین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے بیرن ٹرمپ مبینہ طور پر ان دنوں بہت کم عوامی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جس کی وجہ ایران کی جانب سے دھمکیوں اور ان کے والد کی جان لینے کی متعدد کوششیں بتائی جا رہی ہیں۔

صورت حال سے واقف ذرائع نے مبینہ طور پر نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ 20 سالہ بیرن ’گھر سے باہر نہیں نکلتے‘ اور انہوں نے گرمیوں کا زیادہ تر وقت خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ نیو جرسی میں واقع ٹرمپ نیشنل گالف کلب بیڈ منسٹر میں گزارا ہے۔

ایک اور ذرائع کے مطابق نوجوان بیرن ’کافی حد تک گوشہ نشین‘ ہو چکے ہیں۔

صدر ٹرمپ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران کئی حملوں کا سامنا کر چکے ہیں، جن میں پنسلوینیا کے شہر بٹلر میں ہونے والی فائرنگ بھی شامل ہے، جس میں ان کے کان سے خون بہنے لگا تھا، جبکہ وائٹ ہاؤس کریسپونڈنٹس ڈنر کے دوران بھی ان پر حملے کی کوشش کی گئی تھی۔

تاہم مبینہ طور پر بیرن ٹرمپ بھی حملوں کے ممکنہ اہداف میں شامل رہے ہیں۔ ’بیرن ٹرمپ کو کہاں قتل کیا جائے‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو، جسے ایران میں موجود ایک شخص سے منسوب کیا گیا، جاری کی گئی، جس میں نوجوان بیرن کے سر کی قیمت ایک کروڑ ڈالر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اسی گروہ نے خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔

میگی ہیبرمین اور جوناتھن سوان کی کتاب ’رجیم چینج‘ کے مطابق بیرن اپنے دوست سمجھے جانے والے قدامت پسند پوڈکاسٹر چارلی کرک کے قتل سے بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق بیرن نے اپنے والد سے کہا: ’جب آپ باہر جاتے ہیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔‘

تبصرے کے لیے رابطہ کرنے پر خاتون اول کے دفتر نے مبینہ طور پر نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ ’حالیہ دھمکیوں کے پیش نظر‘ بیرن کی نجی زندگی سے متعلق ’کسی بھی تفصیل کو عوامی نہیں بنایا جائے گا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صدر جو بائیڈن کے دورِ حکومت میں بیرن ٹرمپ کی سیکرٹ سروس سکیورٹی ختم ہونے والی تھی، تاہم میلانیا ٹرمپ نے اس وقت کے صدر بائیڈن سے ان کی سکیورٹی بڑھانے کی درخواست کی۔ بائیڈن نے اس درخواست کو قبول کر لیا تھا۔ بعد میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد بائیڈن کے بالغ بچوں ہنٹر اور ایشلی بائیڈن کے لیے تعینات سیکرٹ سروس سکیورٹی واپس لے لی۔

نوعمر افراد کے ذہنی صدمے کے علاج میں مہارت رکھنے والی معالج ڈاکٹر ازیتا سیان، جنہوں نے کبھی بیرن کا علاج نہیں کیا، کا کہنا ہے کہ بیرن اپنی حیثیت کے حامل افراد کو درپیش خطرات سے بخوبی آگاہ ہوں گے۔

انہوں نے اخبار کو بتایا: ’بیرن غالباً بہت زیادہ باخبر، سمجھ دار اور حقیقی خطرات کے حوالے سے بہت زیادہ محتاط ہیں۔‘

ان کے بقول: ’وہ اپنی حفاظت کر رہے ہیں اور اپنی دوستیوں اور فیصلوں کو نمایاں کرنے کے بجائے نجی رکھنا پسند کرتے ہیں، جو میرے خیال میں ان کی عمر اور ذہنی نشوونما کے لحاظ سے ایک صحت مند رویہ ہے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *