فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستانی وفد کا دورہ ایران مکمل، محسن نقوی کا ’اہم پیش رفت‘ کا دعویٰ

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران ایرانی صدر، سپریم لیڈر کے نمائندے سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کے بعد مکمل ہو گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے پیر اور منگل کی درمیانی شب جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا یہ دورہ جاری امریکہ – ایران تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور خطے میں پائیدار امن اور مستقل طور پر عدم استحکام کے خاتمے کے لیے راستے تلاش کرنے کے سلسلے میں کیا گیا۔

پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ پیر کی صبح تہران پہنچے تھے جہاں بعد میں انہوں نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم لیڈر کے نمائندے برائے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل محسن رضائی، ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف، ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔

ایرانی سے صدر سے ملاقات کو پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ’انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز‘ قرار دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور میری ایران کے صدر کے ساتھ انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ 

’ہماری گفتگو میں ایران-امریکہ تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور آگے بڑھنے کے راستے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی صدر سے ملاقات میں ’اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات بھی زیرِ بحث آئے، تاکہ اس کے نتیجے میں تنازع کا جامع حل ممکن ہوسکے۔‘

ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے مؤقف اور خدشات کھل کر ہمارے سامنے رکھے اور ہم نے متعلقہ امور پر انتہائی تعمیری انداز میں تبادلۂ خیال کیا۔

ساتھ ہی محسن نقوی نے ’اہم پیش رفت‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں امید ہے کہ یہ رفتار آگے مزید پیش رفت اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ایرنا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ باقر قالیباف سے ملاقات میں خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے بات چیت ہوئی۔

ایرنا کے مطابق ملاقات کے دوران باقر قالیباف نے کہا کہ ایران مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور امریکہ کو چاہیے کہ وہ مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اس دورے کے اختتام پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل اور ایرانی حکام کے درمیان ملاقاتوں میں مزید کشیدگی کو روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے فوری خاتمے کے لیے اقدامات پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں جانب سے خطے میں امن اور تنازعات کے لیے مذاکرات کے ذریعے حل تک پہنچنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ ہوا اور ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *