نو روزہ ہڑتال ختم، گڈز ٹرانسپورٹرز کا آج سے گاڑیاں چلانے کا اعلان

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور حکومتی نمائندوں کے درمیان اتوار کو کراچی میں ہونے والے مذاکرات اور حکومتی وزرا کی جانب سے یقین دہانی کے بعد ٹرانسپورٹ اتحاد نے نو روز سے جاری ہڑتال 45  روز کے لیے موخر کرنے اور آج سے ملک بھر میں گاڑیاں چلانے کا اعلان کردیا۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ انہیں سب سے پہلے پاکستان کا مفاد مقدم ہے، نو روز سے پورا پاکستان کا پہیہ رکا ہوا تھا کیون کہ ٹرانسپورٹرز کو وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مختلف شکایات تھیں۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ٹرانسپورٹرز کا مؤقف سنا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستانی گڈز ٹرانسپورٹرز نے گذشتہ ہفتے ہفتے کے روز حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے فیصلے کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ ٹرانسپورٹرز نے ٹول ٹیکس میں تبدیلی اور ایکسل لوڈ مینجمنٹ سے متعلق موجودہ قواعد پر سختی سے عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

اتوار کو ہونے والا یہ اجلاس حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا تیسرا دور تھا۔

کامیاب مذاکرات کے بعد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز دسمبر میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث اس بار تحریری یقین دہانی چاہتے تھے۔ جنگی صورت حال میں روزانہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کا معاملہ بھی ہڑتال کی بڑی وجہ بنا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے روزانہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ واپس لینے کے لیے 15  دن کا وقت لیا ہے جبکہ بعض ایسے معاملات جن کے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہے، ان پر 15  سے 20 دن میں پیش رفت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ان کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور وفاقی وزیر مواصلات نے اس معاملے پر وزیر خزانہ سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ٹین وہیلر گاڑیوں کے ویٹ کے معاملے پر بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے ٹرک پارکنگ کے لیے زمین کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ایکسل لوڈ کے معاملے پر قانون کے مطابق اوور لوڈنگ کنٹرول کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ مسائل فوری طور پر حل کردیے گئے ہیں جبکہ دیگر معاملات پر حکومت اور ٹرانسپورٹرز کی کمیٹیوں کے درمیان اجلاس جاری رہیں گے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہماری 50 رکنی کمیٹی نے ہڑتال کی کال دی تھی اور مشاورت کے بعد ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال 40  دن کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’ٹرانسپورٹرز آج سے گاڑیاں چلائیں اور امید ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں کیے گئے وعدے پورے کریں گی۔‘

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وعدوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو ٹرانسپورٹرز اپنے آئینی حق کے تحت دوبارہ پُرامن احتجاج ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ دونوں فریقوں نے فراخ دلی سے ایک دوسرے کے مؤقف کو تسلیم کیا اور اس بات پر متفق ہیں کہ قوم کے لیے ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر معمولی صورت حال ہے اور وزیراعظم ملک کی بہتری کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں۔

مذاکرات میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین، سیکریٹری مواصلات اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بھی مذاکرات میں شریک تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *