سعودی ویزا فیس میں فوڈ واؤچر شامل، عمرہ پیکجز مہنگے ہوں گے؟

سعودی عرب نے پاکستان سمیت چار ممالک کے عمرہ زائرین کے لیے عمرہ ویزا نظام میں نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت عمرہ ویزا فیس میں روزانہ 20 سعودی ریال کا ’نسک فوڈ واؤچر‘ شامل ہوگا۔

سعودی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں معیاری، محفوظ اور منظم انداز میں کھانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت عمرہ ویزا کے ساتھ زائرین کو ایک ڈیجیٹل کوڈ جاری کیا جائے گا، جسے نسک (Nusuk) پلیٹ فارم سے منسلک 10 ہزار سے زائد ریسٹورنٹس پر استعمال کیا جا سکے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ واؤچر کی رقم الگ سے وصول نہیں کی جائے گی بلکہ اسے عمرہ ویزا فیس کا حصہ بنایا گیا ہے، جس طرح ویزا نظام میں بعض دیگر لازمی خدمات پہلے سے شامل ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ کے مطابق سعودی حکومت نے معیاری کھانا فراہم کرنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو سرٹیفائی کرکے نسک ایپ کا حصہ بنایا ہے تاکہ زائرین کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے زائرین کو مشورہ دیا کہ وہ وزارت سے منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے عمرہ پیکجز حاصل کریں۔

دوسری جانب ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ اگرچہ فوڈ واؤچر کی فیس الگ سے ادا نہیں کرنا ہوگی، تاہم ویزا فیس میں اس نئی سہولت کی شمولیت کے باعث عمرہ پیکجز کی مجموعی لاگت بڑھنے کا امکان ہے، جس کا اثر براہ راست زائرین کے اخراجات پر پڑ سکتا ہے۔

نسک ایپ سعودی عرب کی سرکاری ڈیجیٹل ایپلی کیشن ہے جو وزارتِ حج و عمرہ کے تحت عمرہ، زیارت اور متعلقہ خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرتی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ پالیسی پاکستان سمیت چار ممالک پر لاگو کی جا رہی ہے، جبکہ مستقبل میں اس کا دائرہ دیگر ممالک تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *