حملے کی خبروں کی تردید کے باوجود کوئٹہ میں ریڈ زون سیل

 حکومت بلوچستان نے صوبے بھر خصوصاً کوئٹہ میں کالعدم مسلح تنظیموں کی جانب سے ممکنہ حملوں کے خطرات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں اور نوٹیفکیشنز کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے، تاہم اس تردید کے باوجود صوبائی دارالحکومت میں ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا ہے۔

گذشتہ چند روز سے بلوچستان کے مختلف سوشل میڈیا گروپس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 7 اگست کو مبینہ طور پر سینکڑوں مسلح افراد مختلف شہروں میں داخل ہو کر اہم مقامات پر حملے کریں گے۔ ان افواہوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پایا گیا، تاہم حکومت نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

دوسری جانب احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کے تحت کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے منگل سے ریڈ زون جانے والے متعدد راستوں کو عارضی طور پر بند کر دیا تاکہ کسی بھی صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت داخلہ بلوچستان کے معاون بابر یوسفزئی نے بدھ کو میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا مبینہ تھریٹ الرٹ یا سکیورٹی نوٹیفکیشن سرکاری دستاویز نہیں بلکہ جعلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔

بابر یوسفزئی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق: ’تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘

ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ جعلی نوٹیفکیشنز اور افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بلوچستان میں اگست کے مہینے میں حالیہ برسوں میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ ماضی میں مختلف کالعدم مسلح تنظیموں کی جانب سے اس عرصے میں حملوں کی کوششیں اور تخریبی سرگرمیاں رپورٹ ہوتی رہی ہیں، جس کے پیش نظر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیتے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *