ریاض ایئر کی پاکستان کے لیے پروازوں کی بکنگ شروع

ریاض ایئر نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اس نے پاکستان کے لیے اپنی افتتاحی پروازوں کی بکنگ کھول دی۔

سعودی فضائی کمپنی اس ماہ کے آخر میں اسلام آباد اور لاہور کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی۔

سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان مملکت کی سب سے بڑی فضائی منڈیوں میں شمار ہوتا ہے۔

توقع ہے نئی پروازیں محنت کشوں، کاروباری افراد، خاندانوں اور مذہبی زائرین کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کریں گی۔

یہ پیش رفت سعودی ویژن 2030 کے تحت ریاض کو ایک بڑے عالمی فضائی مرکز بنانے کے منصوبے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

ریاض ایئر مکمل طور پر سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت اور نئی قومی فضائی کمپنی ہے اور اس کا منصوبہ ہے کہ دہائی کے اختتام تک ریاض کو دنیا بھر کے 100 سے زائد مقامات سے فضائی طور پر منسلک کیا جائے۔

ریاض ایئر نے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد کے لیے 14 اگست سے اور لاہور کے لیے 18 اگست سے شروع ہونے والی پروازوں کی بکنگ اب کھول دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ’یہ بیک وقت آغاز ایسے اہم نئے فضائی روابط قائم کرے گا جو مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان گہرے ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو براہِ راست مزید مضبوط بنائیں گے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایئرلائن نے بتایا کہ وہ بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیاروں کے ذریعے ریاض اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ جبکہ ریاض اور لاہور کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی۔

ریاض ایئر کے مطابق پاکستان کے لیے ان پروازوں کا شیڈول اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ مسافر ریاض کے ذریعے یورپ اور مشرق وسطیٰ کے مختلف مقامات تک آسانی سے آگے سفر کر سکیں۔

اس سے کاروباری اور سیاحتی مقاصد کے لیے سفر کرنے والوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں مقیم بڑی پاکستانی برادری کو بھی سہولت ملے گی۔

سعودی عرب پاکستان کے قریبی اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور پاکستانی کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کے بڑے ذرائع میں بھی شامل ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی سفر خطے کے مصروف ترین فضائی راستوں میں شمار ہوتا ہے۔

توقع ہے کہ ریاض ایئر کی اس مارکیٹ میں آمد سے ان روٹس پر مزید گنجائش پیدا ہوگی جہاں پہلے ہی سعودی اور پاکستانی فضائی کمپنیاں خدمات فراہم کر رہی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *