خیبر: افغان پناہ گزینوں کی گاڑی سیلاب میں بہہ جانے سے تین افراد کی موت

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں ریسکیو حکام کے مطابق شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے میں افغانستان جانے والے پناہ گزینوں کی گاڑی بہہ گئی۔ تین افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

ضلع خیبر کے ریسکیو اہلکار مقصود خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ افغانستان واپس جانے والے پناہ گزینوں کی ویگن تحصیل لنڈی کوتل کی سلطان خیل مارکیٹ کے قریب سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

مقصود خان نے بتایا کہ ’حادثے کے بعد ریسکیو حکام اور مقامی لوگوں کی مدد سے سرچ آپریشن کے بعد ایک خاتون اور ایک مرد کی لاش جبہ خوڑ جب کہ بچے کی لاش پرانگ سنگ کے مقام سے برآمد کر لی گئی۔‘

انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں ایک دوسری حاملہ خاتون بھی سوار تھیں جن کو ڈیلیوری کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ضلع خیبر میں گذشتہ رات سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر سڑکیں بھی بند ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث عوام غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں 19 جولائی سے 25 جولائی تک شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور پہاڑی تودے گرنے سے کا خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ بالائی اور زیریں چترال، سوات، اپر اور لوئر کوہستان سمیت مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ الرٹ رہیں جب کہ ایڈوائزری میں گلیشیئر پھٹنے کی وجہ سے ممکنہ سیلابی صورت حال سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *