امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2025 کے دوران اپنے خاندانی کرپٹو کرنسی کے کاروبار سے تقریباً 1.2 ارب ڈالر آمدن حاصل کی، یہ انکشاف منگل کو جاری ہونے والی مالی دستاویزات میں کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی آفس آف گورنمنٹ ایتھکس کی جانب سے جاری 927 صفحات پر مشتمل دستاویز کے مطابق ٹرمپ کو 2025 میں سٹارٹ اپ ورلڈ لبرٹی فنانشل (WLF) سے وابستگی کے باعث تقریباً 55 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کی بنیاد ستمبر 2024 میں ٹرمپ کے بیٹوں اور ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کے بیٹے نے رکھی تھی۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جنوری 2025 میں ٹرمپ کی حلف برداری سے چند گھنٹے قبل لانچ ہونے والی $TRUMP کرپٹو کرنسی سے متعلق لائسنسنگ معاہدے کے تحت انہیں 63 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رائلٹی کی مد میں ملے۔
فوربز کے مطابق ٹرمپ کی کرپٹو سرگرمیاں ان کی ذاتی دولت میں نمایاں اضافے کی بڑی وجہ بنی ہیں، جو 2024 سے 2026 کے درمیان 2.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
ٹرمپ پر مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں، کیونکہ بطور صدر انہوں نے کرپٹو شعبے کے ضوابط میں نرمی کے کئی اقدامات کیے جبکہ وہ خود بھی اس صنعت میں سرمایہ کاری رکھتے ہیں۔
تاہم وائٹ ہاؤس نے ایسے خدشات کو مسترد کر دیا۔ نائب پریس سیکریٹری اینا کیلی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’نہ صدر اور نہ ہی ان کے خاندان نے کبھی مفادات کے ٹکراؤ میں ملوث ہونے کا ارادہ کیا ہے اور نہ ہی ایسا کریں گے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مالی گوشواروں میں خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کی آمدن بھی شامل ہے۔ دستاویزات کے مطابق انہیں اپنے بارے میں ایمازون کی ایک دستاویزی فلم سے ایک کروڑ ڈالر سے زائد جبکہ اپنی کتاب ’میلانیا‘ سے پانچ لاکھ ڈالر سے زیادہ آمدن ہوئی۔
دستاویزات میں ورلڈ لبرٹی فنانشل کی جانب سے جاری کردہ کرپٹو کرنسی WLFI کا بھی ذکر ہے، جس کی ابتدائی فروخت سے 55 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے تھے۔
تاہم ستمبر 2025 میں ٹریڈنگ شروع ہونے کے بعد اس کی قیمت 46 سینٹ سے کم ہو کر 6 سینٹ رہ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اور ان کے تین بیٹوں کو ایک کمپنی DT Marks Defi کے ذریعے مزید 22.5 ارب WLFI ٹوکنز بھی حاصل ہوئے، جن کی موجودہ مالیت تقریباً 1.3 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹرمپ نے کرپٹو سے وابستہ دیگر کمپنیوں، بشمول کوائن بیس، میں سرمایہ کاری اور ٹرمپ برانڈ مصنوعات کی فروخت سے بھی لاکھوں ڈالر کمائے۔
ان میں موسیقار لی گرین ووڈ کے اشتراک سے فروخت کی جانے والی بائبلز سے 2 لاکھ 8 ہزار ڈالر سے زائد آمدن بھی شامل ہے۔
