مسجد الحرام میں منگل کو ایک سالانہ تقریب کے دوران خانہ کعبہ کو آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا ہے۔
سعودی گزیٹ کے مطابق خانہ کعبہ کی دیواروں کو تولیوں سے صاف کیا جاتا ہے، جبکہ اندرونی دیواروں کو گلاب اور مشک کی خوشبو میں بھگوئے گئے سفید کپڑے سے صاف کیا جاتا ہے۔
اسی طرح آبِ زم زم میں گلاب کا عرق ملا کر فرش پر چھڑکا جاتا ہے، جسے ہاتھوں اور کھجور کے پتوں سے صاف کیا جاتا ہے۔
غسلِ کعبہ مسجد الحرام سے وابستہ قدیم ترین اور مقدس مذہبی روایات میں سے ایک ہے۔
یہ روایت صدیوں پر محیط تاریخ رکھتی ہے اور احترام، عقیدت اور روحانی وابستگی کی ایک منفرد علامت سمجھی جاتی ہے، جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں خانہ کعبہ کے مرکزی مقام کی عکاسی کرتی ہے۔
ہر سال غسلِ کعبہ سے قبل خانہ کعبہ کے دروازے کھولے جاتے ہیں تاکہ اس کی اندرونی دیواروں اور فرش کو دھویا جا سکے۔ یہ نہایت منظم اور باریک بینی سے انجام دیا جانے والا عمل خانہ کعبہ، اس کی تاریخی و تعمیراتی خصوصیات اور اسلامی ورثے کے تحفظ کے لیے کی جانے والی خصوصی دیکھ بھال کا مظہر ہے۔
غسل کا آغاز خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کی تیاری سے ہوتا ہے، جس کے بعد دیواروں، فرش اور ستونوں کو آبِ زم زم، گلاب کے عرق اور اعلیٰ معیار کی خوشبوؤں سے دھویا جاتا ہے۔
بعد ازاں اندرونی حصے کو بہترین بخور اور خوشبودار تیلوں سے معطر کیا جاتا ہے، جو اس سالانہ روحانی تقریب کے لیے کی جانے والی خصوصی تیاریوں کا اظہار ہے۔
خانہ کعبہ کو غسل دیے جانے کے تین مراحل:
پہلا مرحلہ: تیاری
- غسل کے لیے 20 لیٹر آب زم زم
- 80 ملی لیٹر خصوصی عود
دوسری مرحلہ: غسل
- 540 ملی لیٹر طائف کا عرب گلاب
- 11 لیٹر خصوصی خوشبو
- 3 ملی لیٹر مشک
تیسرا مرحلہ: معطر کیا جانا
- 500 ملی لیٹر طائف کا عرق گلاب
- 500 گرام اعلیٰ عود
