پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر ایئر انڈیا کے پائلٹ کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا

انڈین ایئر لائن ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ کو اس وقت ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا جب اس کی دہلی سے شمالی شہر امرتسر جانے والی پرواز مختصر وقت کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گئی۔

سول ایوی ایشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے کے مطابق پائلٹ 22 جون کی رات ایئربس A321 اڑا رہا تھا اور جب امرتسر کے قریب پہنچا تو اسے ہدایت دی گئی کہ وہ لینڈنگ نہ کرے کیونکہ برڈ سٹرائیک کی اطلاع کے بعد رن وے کا معائنہ جاری تھا۔

اس تاخیر کے دوران طیارے نے اپروچ شروع کیا اور غیر ارادی طور پر کچھ دیر کے لیے رات 10:08 بجے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔

ڈی جی سی اے نے کہا ’ریڈار ویکٹرنگ کے دوران جب طیارے نے اپروچ شروع کیا تو یہ مختصر وقت کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔ 

’اس واقعے سے متعلق پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کے ساتھ رابطے رکھا گیا۔ بعد ازاں طیارہ دہلی کی طرف واپس موڑ دیا گیا اور محفوظ طریقے سے لینڈ کر گیا۔‘

ڈی جی سی اے نے مزید کہا کہ واقعے کی اطلاع نہ دینے پر فلائٹ کریو اور امرتسر کے ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی ہے۔

پاکستان نے گذشتہ سال اپریل میں انڈین ایئر لائنز کے لیے اپنی فضائی حدود اس وقت بند کر دی تھی جب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوا جو بعد میں چار روزہ لڑائی تک جا پہنچا۔

ایئر انڈیا نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’22 جون کو دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز AI479 کے عملے نے امرتسر ایئرپورٹ پر گو اراؤنڈ کے دوران پاکستانی فضائی حدود کی معمولی خلاف ورزی کی۔ 

’اس واقعے کی رپورٹ ریگولیٹری اداروں کو کر دی گئی ہے اور اندرونی طور پر اس کی تحقیقات جاری ہیں۔‘

ہندوستان ٹائمز کے مطابق طیارہ تقریباً تین میل پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک اہلکار کے حوالے سے اخبار نے بتایا کہ اس واقعے سے قبل پرواز 6E 5028، جو دوپہر 4:29 پر امرتسر میں لینڈ ہوئی تھی، کو برڈ ہٹ (پرندہ ٹکرانے) کی اطلاع ملی تھی، جس کے باعث آنے والی پانچ پروازوں کو انتظار کی ہدایت دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہلی سے آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز لینڈنگ کے لیے قطار میں چوتھے نمبر پر تھی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امرتسر میں اپروچ سرویلنس سروسز دستیاب نہیں تھیں۔

بعد ازاں طیارے نے ایک اور لینڈنگ کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکی، جس کے بعد عملے نے کم ایندھن کی اطلاع دی اور پرواز کو دہلی موڑ دیا گیا۔

طیارہ رات 11:27 پر محفوظ طریقے سے دہلی میں لینڈ کر گیا۔

کچھ دیر بعد حکام نے بتایا کہ اسی طیارے کو دوبارہ روانہ کیا گیا اور اس نے اپنی امرتسر کی پرواز مکمل کی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *