خیبر میں فرانسیسی خاتون بازیاب، شوہر پر تشدد اور محصور رکھنے کا مقدمہ

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی پولیس نے ایک فرانسیسی خاتون کو بازیاب کرایا ہے جو مبینہ طور پر شوہر کی بدسلوکی کا شکار اور گھر میں محصور تھیں۔

کیپیٹل سٹی پولیس افیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ 18 جون کو پولیس کو اطلاع ملی کہ تحصیل باڑہ کے ایک گھر میں غیر ملکی خاتون کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر مذکورہ گھر پر چھاپہ مار کر 54 سالہ فرانسیسی خاتون کو بازیاب کرانے کے بعد خواتین پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق خاتون نے 2014 میں ایک پاکستانی شہری سے شادی کی تھی اور ان کے چار بچے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون کو مبینہ طور پر شوہر کی بدسلوکی کا سامنا تھا اور انہیں گھر سے باہر جانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ خاتون واپس فرانس جانا چاہتی ہیں، جس کے لیے فرانسیسی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا ہے جبکہ شوہر کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے۔

خاتون نے، جن کے چاروں بچے بھی فرانسیسی شہری ہیں، 18 جون کو باڑہ پولیس سٹیشن میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ 2014 سے اپنے بچوں سمیت انتہائی سخت حالات میں زندگی گزار رہی ہیں۔

مقدمے کے مطابق خاتون نے کہا کہ ان کے شوہر نہ تو ان کا اور بچوں کا مناسب خیال رکھتے تھے اور نہ ہی انہیں آزادانہ زندگی گزارنے کی اجازت تھی۔

خاتون نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر انہیں تشدد کا نشانہ بناتے تھے اور ان کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشان موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا انہیں روزانہ کی بنیاد پر تشدد کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *