جاپان نے 50 سال میں پہلی بار ویزا فیس بڑھا دی

حکام نے بتایا کہ جاپان اگلے مہینے سے غیر ملکی شہریوں کے لیے ویزا فیس میں اضافہ کرے گا، جو تقریباً 50 سال میں پہلا اضافہ ہے۔ 

کابینہ نے جمعے کو اس تبدیلی کی منظوری دی، اور اس کا اطلاق یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد جمع کرائی جانے والی ویزا درخواستوں پر ہوگا۔

فیس کے نئے ڈھانچے کے تحت، سنگل انٹری ویزا کی فیس 3,000 جاپانی ین سے بڑھ کر 15,000 جاپانی ین ہو جائے گی، جب کہ ملٹیپل انٹری ویزا کی فیس 6,000 جاپانی ین سے بڑھ کر 30,000 جاپانی ین ہو جائے گی۔

وزیر خارجہ توشیمتسو موتیگی نے جمعے کو ایک نیوز کانفرنس میں بتایا، ’موجودہ ویزا فیس 1978 میں مقرر کی گئی تھی، اور ہم نے حال ہی میں اس کے بعد سے ہونے والی مہنگائی اور شرح مبادلہ کے اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اس پر نظر ثانی کی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے مختلف عوامل کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے، اور ہمیں توقع نہیں کہ اس کا ملک میں آنے والی سیاحت پر فوری اثر پڑے گا۔‘

فیسوں میں یہ اضافہ گذشتہ ماہ پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کی گئی اس قانون سازی کے بعد کیا گیا ہے جو حکومت کو امیگریشن سے متعلق مختلف چارجز بڑھانے کی اجازت دیتی ہے۔ 

اخبار دا جاپان ٹائمز کے مطابق، حکام کا کہنا ہے کہ اضافی آمدنی سے جاپان میں مقیم غیر ملکیوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے انتظام اور امیگریشن خدمات کو بہتر بنانے سے وابستہ بڑھتے ہوئے اخراجات پورے کرنے میں مدد ملے گی۔

اس وسیع تر ردوبدل کے حصے کے طور پر، رہائشی سٹیٹس میں تبدیلیوں اور ویزے کی توسیع سے متعلق فیسوں کی قانونی حد میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا، جب کہ مستقل رہائش کی درخواستوں کے لیے زیادہ سے زیادہ چارجز بھی بڑھیں گے۔ حکومت نے درخواست کی قسم کے لحاظ سے، رہائشی سٹیٹس میں تبدیلی اور قیام میں توسیع کی فیس بڑھا کر 10000 جاپانی ین اور 70000 جاپانی ین کے درمیان کرنے کی تجویز دی ہے۔

مستقل رہائش کی درخواستوں کے چارجز 10000 جاپانی ین سے بڑھ کر 200000 جاپانی ین ہونے کی توقع ہے۔ نپون کی رپورٹ کے مطابق، حکام کا مقصد یہ تبدیلیاں مارچ 2027 میں مالی سال کے اختتام سے قبل متعارف کرانا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حکام کا کہنا ہے کہ اضافی فنڈز امیگریشن کی کارروائی میں معاونت کریں گے، جاپانی زبان کی تعلیم کے پروگراموں کو وسعت دیں گے اور ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والوں سے نمٹنے کی کوششوں کو مضبوط بنائیں گے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، 2025 کے اختتام تک جاپان میں غیر ملکی رہائشیوں کی آبادی 41 لاکھ 30 ہزار افراد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

حکومت کا استدلال ہے کہ نظر ثانی شدہ فیسیں جاپان کے امیگریشن سے متعلق چارجز کو دیگر ترقی یافتہ معیشتوں کے قریب لے آئیں گی، جہاں ویزا اور رہائش کی درخواستوں کے اخراجات عموماً کافی زیادہ ہوتے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *