پاکستان جنیوا میں امریکہ ایران معاہدے پر دستخط کی میزبانی کرے گا: شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان جمعے کو جنیوا میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا میزبان ہو گا۔

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ جنگ کی تاریک کے بعد امن کا سورج طلوع ہو چکا ہے کیوں کہ ایران اور امریکہ نے تمام محاذوں پر فوری جنگ بندی کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ امن معاہدے پر پہنچنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس معاہدے کی کاوشوں میں قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوغان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے ابھی اس معاہدے کی پیش رفت میں اہم تعاون کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو امن قائم کرانے میں جو عزت ملی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

ان کے بقول یہ صرف دو ممالک کا معاہدہ نہیں بلکہ امن اور مکالمے کی کی فتح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا نے امن کے حوالے سے ایک ’تاریخی سنگِ میل‘ حاصل کر لیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک نئی صبح طلوع ہوئی ہے کیونکہ ’تین ماہ اور 16 دن کی انتھک کوششوں کے بعد امریکہ اور ایران نے فوری اور مستقل طور پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کیا ہے، جس میں لبنان بھی شامل ہے۔‘

انہوں نے پاکستان کے عوام، عالمی برادری اور ایوان کے اراکین کو مبارکباد بھی دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے شکر گزار ہیں ’جن کی رہنمائی ہمیشہ میرے ساتھ رہی۔‘

وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے پورے عمل کے دوران امریکہ اور ایران کی قیادت نے مشکل حالات میں صبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا، ’اس کے نتیجے میں آج پوری دنیا اس عظیم دن کی گواہ بن رہی ہے۔‘

اس سے قبل شہباز شریف نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایکس پر اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ’طویل اور نتیجہ خیز مذاکرات کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا۔ ’معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون بروز جمعہ سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہو گی۔‘

انہوں نے تنازعے کے سفارتی حل کے عزم کا اظہار کرنے پر امریکہ اور ایران کا شکریہ ادا کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر مبارک باد دیتے ہوئے معاہدے کی تصدیق کی۔

’سب کو مبارک ہو!‘ تاہم انہوں نے معاہدے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ٹرمپ نے لکھا کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ’دنیا کے جہازو، اپنے انجن اسٹارٹ کرو۔ تیل کو بہنے دو!‘

تسنیم خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ طویل مذاکراتی عمل میں پاکستان اور قطر کی ثالثی شامل رہی اور گذشتہ روز قطری وفد ایران آیا جہاں تقریباً 15 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک آخری نکات اور مطالبات کو متن میں شامل نہیں کیا گیا، اس وقت تک مفاہمتی یادداشت پر اتفاق نہیں کیا گیا۔ مذاکرات ایک گھنٹے قبل تک جاری رہے۔

ان کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا حتمی متن تیار ہو چکا ہے اور اس پر باضابطہ دستخط جمعے کو سوئٹزرلینڈ میں فریقین کے درمیان ہوں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *