پاکستان کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے جمعے کو بتایا یے کہ بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔
سرفراز احمد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بابر اعظم مکمل فٹ ہیں اور اگلا میچ کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے، جس سے ٹیم کو واضح تقویت ملے گی۔
بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے، جس میں بنگلہ دیش نے 104 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔
پاکستان اب سیریز برابر کرنے کے لیے دوسرے میچ میں میدان میں اترے گا۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم پہلے میچ کی شکست سے مایوس ضرور ہے، لیکن اب توجہ مکمل طور پر اگلے مقابلے پر ہے اور کھلاڑی پرعزم ہیں کہ مضبوط کم بیک کریں گے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کو بھی کھلاڑیوں کی انجریز کا سامنا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شادمان اسلام انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ محمود الحسن کی فٹنس بھی تاحال غیر یقینی ہے۔ ان کی جگہ تنزید حسن تمیم کے ڈیبیو کا امکان ہے۔
دوسرے میچ کے دوران بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم پاکستانی کوچ نے اسے زیادہ اہم مسئلہ قرار نہیں دیا۔
سرفراز احمد کے مطابق: ’موسم ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے۔ اگر ہمیں یہاں کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا تو ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔‘
دوسری طرف بنگلہ دیش کے تجربہ کار کھلاڑی مشفیق الرحیم کے مطابق اس میچ میں موسم اہم کردار ادا کر سکتا ہے، کیونکہ وکٹ میں نمی بھی موجود ہو سکتی ہے۔
مشفیق الرحیم نے بابر اعظم کی واپسی کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں، لیکن انہوں نے یاد دلایا کہ بنگلہ دیش پہلے بھی پاکستان کو اس کی سرزمین پر کلین سوئپ کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا: ’اگر کوئی عالمی معیار کا کھلاڑی ٹیم میں ہو تو یقیناً وہ ان کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے لیکن جب ہم نے پاکستان میں پاکستان کو 0-2 سے شکست دی تھی، تب بھی وہ ٹیم میں موجود تھے۔‘
